03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
شرکت متناقصہ میں غیر سودی بینک کا اثاثے پر قبضے دینے سے پہلے گزرے ہوئے عرصے کا کرایہ وصول کرنے کا حکم
84803اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

میرے والد صاحب کو ایئرفورس کی گھر اسکیم کے تحت گھر خریدنے کے لیے تین قسطوں میں رقم ادا کرنی تھی۔گھر کا قبضہ مکمل اقساط و دیگر تمام متعلقہ اخراجات کی ادائیگی کے بعد ملتا ہے۔ ہم نے بینک الحبیب کے اسلامک بینک سے اپنے گھر کی قسط ادا کرنے کے لیے تقریبا 48 لاکھ کی رقم وصول کی تھی ۔ آخری قسط اور اخراجات ابھی تک اد انہیں کیے اور نہ ہی گھر کا حتمی قبضہ ملا ہے۔ جبکہ بینک سے وصول کردہ رقم 48 لاکھ سے بڑھ کر وہ اب kibor لگ کر 64 لاکھ تک ہو گئی ہے۔ گھر کی ملکیت ابھی تک ہماری نہیں ہے اور نہ ہی ہم نےا س سے نفع اٹھایا ہے ۔ یہ جو اضافی 16 لاکھ ہیں ان کا شرعی حکم کیا ہے؟

تنقیح:بینک نے ابھی تک یہ رقم وصول نہیں کی ،البتہ اپنے حساب کتاب میں نفع کی مقدار 16 لاکھ تک پہنچادی ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

ہماری معلومات کے مطابق بینک الحبیب اسلامک کی مذکورہ سرمایہ کاری شرکت متناقصہ کے معاہدے کے تحت ہوتی ہے جس میں بینک اور گاہک باہم مل کر گھر خریدتے ہیں اور اس کے بعد جب قبضہ حاصل ہوجائے تو بینک اپنا حصہ گاہک کو کرائے پر دیتا ہے، ساتھ ہی اپنے حصے کو مختلف چھوٹے حصوں(یونٹس) میں تقسیم کرکےگاہک کو فروخت کرتا رہتا ہے۔کرایہ اور حصے کی قیمت ماہانہ اقساط کے گوشوارے میں بیان کردی جاتی ہے۔

قبضہ حاصل ہونے سے پہلے جتنے دن گزرے ہوں بینک ان کا کرایہ اپنے حساب میں شمار تو کرتا ہے،لیکن وصول نہیں کرتا اور نہ ہی اسے اپنی آمدن کا حصہ بناتا ہے،البتہ قبضہ ملنے کے بعد وہ اتنے عرصے کی رقم کو کرائے کا حصہ بناکر بطور کرایہ وصول کرتا ہے اور اسے اپنی آمدن کا حصہ بنالیتا ہے،چونکہ گاہک اور بینک کے درمیان یہ بات پہلے سے طے شدہ ہوتی ہے کہ بینک کی سرمایہ کاری جتنے عرصے لگی رہے گی بینک اس پر KIBOR کے مطابق اپنا کرایہ بناکر نفع لے گا۔ قبضہ ملنے کے بعد اسی اصول کے مطابق بنے ہوئے کرائے کے گوشوارے( Rental schedule) پر گاہک دستخط کرکے اسے قبول کرتا ہے اور شرعی اصول یہ ہے کہ مالک مکان اور کرائے دار کرائے کی کسی بھی مقدار کو باہم رضامندی سے طے کرسکتے ہیں،لہذا صورت مسئولہ میں گھر کا قبضہ ملنے کے بعد اگر بینک الحبیب اسلامک اتنے عرصے کے شمار کردہ نفع کو کرائے پر دیے گئے اپنے حصے کے کرائے کے طور پر باہم رضامندی سے وصول کرے تو یہ شرعا درست ہوگا۔

حوالہ جات

. درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (1/ 468)

(المادة 431) يسوغ للشريكين أن يؤجرا مالهما المشترك لآخر معا.

أي يجوز للشريكين، أو الشركاء أن يؤجروا مالهم من أجنبي بعقد واحد، أو أن يؤجر أحد الشركاء حصته من شركائه الآخرين معا.

درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (1/ 124)

(المادة 153) الثمن المسمى هو الثمن الذي يسميه ويعينه العاقدان وقت البيع بالتراضي سواء كان مطابقا للقيمة الحقيقية أو ناقصا عنها أو زائدا عليها.

وعلى ذلك كما أن الثمن المسمى قد يكون بقيمة المبيع الحقيقية يكون أيضا أزيد من القيمة الحقيقية أو أنقص.

درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (1/ 521)

ما صلح لأن يكون ثمنا للمبيع يصلح لأن يكون بدل إجارة.

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

26 صفر المظفر 1446ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب