| 84839 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
”کیا فرماتے ہیں علماء کرام ڈالرز کی خرید و فروخت اس کاروبار کےبارے میں، جوکہ ایک کمپنی کی ”کوکوائن / “KuCoin نامی ایپ کے ذریعے کیا جاتا ہے، اس کے لیے سب سے پہلےمخصوص رقم (تقریبا57000 پاکستانی روپے یا 200ڈالر)کمپنی کے پاس سیکورٹی ڈپازٹ (security deposit) کے طور پر جمع کیے جاتے ہیں، جس پر کمپنی آپ کو سوداگر (merchant)بنادیتی ہے، جبکہ کمپنی کے پاس سیکورٹی ڈپازٹ کی یہ رقم محفوظ رہتی ہے، وہ اسے استعمال میں نہیں لاتی، بلکہ جب بھی آپ یہ کاروبار چھوڑنا چاہتے ہیں توکچھ وقت دے کر اس کے بعد کمپنی آپ کو یہ رقم (روپے یا ڈالر) واپس کر دیتی ہے،باقی سیکورٹی ڈپاذٹ کے علاوہ آپ کے اکاؤنٹ میں جتنی زیادہ رقم ہو گی تو آپ اتنا زیادہ کاروبار کرسکیں گے۔
اس کاروبار کا طریقہ یہ ہے کہ اس ایپ پر ڈالر فروخت کرنے کا آڈر لگایا جاتا ہے، مثلا کوئی دوسواسی روپے فی ڈالر کےحساب سے ڈالرز فروخت کرنےکی آفر لگاتا ہے، تو جولوگ یہ ایپ استعمال کرتے ہیں سب کوایپ پر یہ آفرنظر آتی ہے،اگر ان میں سے کوئی خریدناچاہتا ہے تو وہ اس آڈر کو اپنی مطلوبہ مقدار تک قبول کرتا ہے،اورفریقین کا یہ سارا معاملہ کمپنی کی نگرانی میں ہی مکمل ہوتا ہے،چنانچہ جیسے ہی آپ اپنی مطلوبہ مقدار کے مطابق ڈالرز قبول کرتے ہیں تو فروخت کنندہ کے اکاؤنٹ سے اتنے ڈالر کمپنی کےذریعے خریدار کےاکاؤنٹ میں جانے ہوتے ہیں،مگر جب تک بیچنے والاکمپنی کو خریدار کے مطلوبہ رقم یعنی ڈالر یا روپےاس کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کی اطلاع نہیں کرتا تو کمپنی خریدارکویہ ڈالر نہیں بھیجتی۔
اسی طرح اگر خریدارآرڈر قبول کرنے کے بعد بلاوجہ رقم بھیجنے میں تاخیر کرے تو کمپنی اسے پیغام بھیجتی ہے کہ اپنے فروخت کنندہ کو رقم بھیجو،ورنہ آپ کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا جائے گا،چونکہ خریدار کی رقم کمپنی کے پاس سیکورٹی ڈپازٹ میں رکھی ہوتی ہے،اور اسے دوسرے لوگوں سے بھی لین دین کے لیے ڈالرز کی ضرورت ہوتی ہے،اس لیے وہ جلد رقم بھیج دیتا ہے،اس کے بعد وہ ان ڈالرز کو آگے فروخت کرنے کے لیے آرڈر پر لگاتا ہے،جس میں وہ فی ڈالر کا ریٹ کم یا زیادہ کر سکتا ہے،اور مذکورہ طریقے سے اس کا آرڈر قبول ہونے پر کمپنی کی نگرانی میں یہ معاملہ مکمل ہوتا ہے،اس طرح سے اس کاروبارمیں کوئی دھوکہ یا فراڈ نہیں ہو سکتا ، کیونکہ کمپنی اس کاروبار کی ذمہ دار ہوتی ہے۔کیا اس طریقے سےڈالر ز کی خریدو فروخت جائز ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورتِ مسئولہ کے مطابق ”کوکوائن / “KuCoin نامی ایپ کے ذریعے ڈالرزکی خریدوفروخت کی دو صورتیں ہو سکتی ہیں،ہر ایک کی وضاحت اور حکم ذیل میں ملاحظہ ہو:
1-ڈالرز کی خریدو فروخت پاکستانی کرنسی کے بدلے میں ہو۔
2-ڈالرز کی خریدو فروخت ڈالرز ہی کے بدلے میں ہو۔
پہلی صورت کہ ڈالرز کی خریدو فروخت پاکستانی کرنسی کے بدلے میں ہوتو چونکہ یہ بیع صرف (سونے چاندی کی خرید و فروخت) نہیں،نہ ہی قدر اورجنس کےایک ہونے کی علت پائی جاتی ہے،اس لیے ان دونوں کرنسیوں کا مالیت و قیمت میں برابر ہونا ضروری نہیں،لہٰذا یہ معاملہ سود نہیں ہوگا،البتہ سرکاری سطح پر چونکہ دونوں کرنسیوں کے نرخ مقرر ہیں، اور جو کام معصیت اور گناہ نہ ہو،اس میں حکومتی قوانین کی پاسداری واجب ہے،لہٰذا اس صورت میں سرکاری نرخ سے کمی بیشی کے ساتھ خریدوفروخت کی جائےتو ملکی قوانین کی مخالفت کی وجہ سے یہ معاملہ ناجائز ہے، جبکہ نرخ اور قیمت میں برابری کے ساتھ ہوتو اس میں کم از کم ایک طرف کی کرنسی پر معاملہ کرتے وقت ہی قبضہ کا پایا جانا ضروری ہے،اس لیےاگر قبضہ کی شرط پائی جائے(جس کی صورت یہ ہے کہ خریدار آفر قبول کرتے وقت ہی ڈالرز کی رقم فروخت کنندہ کے اکاؤنٹ میں بھیج دے) تو یہ معاملہ جائز ہے،ورنہ ناجائز ہے۔
دوسری صورت کہ ڈالرز کی خرید وفروخت ڈالرز ہی کے بدلے میں ہوتو اس صورت میں بھی اگرچہ یہ بیع صرف نہیں ، مگر ایک ملک کی کرنسی چونکہ آپس میں قطعی طور پر برابر ہوتی ہے،اس لیے اگراس میں کسی ایک جانب سے کمی یا اضافہ پایا جائے تو یہ اضافہ بلا عوض ہونے کی وجہ سے سود بن جاتا ہے،نیز کرنسی کی جنس ایک ہونے کی وجہ سے دونوں طرف سے معاملہ کے وقت کرنسی پر قبضہ بھی ضروری ہے،لہٰذا س صورت میں کرنسی کی مقدار میں دونوں جانب سے برابری نہ ہونے اور معاملہ کے وقت دونوں طرف کی کرنسی پر قبضہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ سودی بن جاتاہے۔
نیز واضح رہےکہ مذکورہ بالا حکم بٹ کوائن اور اس جیسی دیگر کرپٹوکرنسیوں کی خریدو فروخت کے بجائےصرف ڈالرزکی ڈالرزیا پاکستانی کرنسی کےبدلے میں خریدوفروخت کے بارے میں ہے،جبکہ یہ ”کوکوائن / “KuCoin نامی ایپ، ویب سائٹ” “https://www. KuCoin.com کے مطابق دنیا کےزیادہ تر مشہور کرپٹو کرنسی ایکسچینج پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے،جوبِٹ کوائن) Bitcoin (اور دیگر سینکڑوں کرپٹو کرنسیوں کےکاروبار کو آسان بناتا ہے۔ان کاروبار میں فیوچر ٹریڈنگ جیسے ناجائز ،اور مارجن ٹریڈنگ جیسے عام طور پرسودی عنصر پر مشتمل معاملات بھی شامل ہیں، نیز بٹ کوائن اور کرپٹوکرنسی لیگل ٹینڈر نہیں ہیں،اس لیے یہ ایپ بھی کاروبار کے لیے کوئی
معتبر اور قابلِ اعتماد ذریعہ معلوم نہیں ہوتی،لہٰذا اس کاروبار کے بجائے کوئی دوسرا جائز اور مناسب کاروبار اختیار کیا جائے۔
حوالہ جات
أحكام القرآن للجصاص ط العلمية (2/ 264):
قال الله تعالى: {يا أيها الذين آمنوا أطيعوا الله وأطيعوا الرسول وأولي الأمر منكم} ...ثم عطف
عليه الأمر بطاعة أولي الأمر وهم ولاة الأمر الذين يحكمون عليهم ما داموا عدولا مرضيين.
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار:5/ 171):
(وعلته) أي علة تحريم الزيادة (القدر)المعهود بكيل أو وزن (مع الجنس فإن وجدا حرم الفضل) أي الزيادة (والنساء) بالمد التأخير فلم يجز بيع قفيز بر بقفيز منه متساويا وأحدهما نساء (وإن عدما) بكسر الدال من باب علم ابن مالك (حلا) كهروي بمرويين لعدم العلة فبقي على أصل الإباحة (وإن وجد أحدهما) أي القدر وحده أو الجنس (حل الفضل وحرم النساء) ولو مع التساوي، حتى لو باع عبدا بعبد إلى أجل لم يجز لوجود الجنسية.
فقہ البیوع(1/428):
ربما یقع تسلیم النقود عن طریق التحویل المصرفی(Bank Transfer) ،وذالک: بان یکون لزید رصید فی حسابہ الجاری (Current Account)لدی بنک(ا)،ولعمرو رصید فی حسابہ الجاری (Current Account)لدی بنک(ب)،فیامر زید بنک(ا) ان یحول مبلغا الی رصید عمرو فی بنک(ب)،فحینما یدخل المبلغ فی رصید عمرو فی بنک (ب)، یعتبر عمرو قابضا لتلک النقود.
https://www. KuCoin.com:
As one of the world's most popular crypto exchange platforms, KuCoin makes it easy to buy and sell Bitcoin and hundreds of other cryptocurrencies. KuCoin offers a variety of trading and investment options that allow you to buy and sell crypto with as little as $1. With products like zero-fee conversion, spot trading, margin trading, and futures trading. With KuCoin, you can exchange between fiat and cryptocurrencies without restrictions, making trading your assets easier than ever.
محمدعبدالمجیدبن مریدحسین
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
3/ربیع الاول/1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمدعبدالمجید بن مرید حسین | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


