| 85218 | خرید و فروخت کے احکام | بیع صرف سونے چاندی اور کرنسی نوٹوں کی خریدوفروخت کا بیان |
سوال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مولانا صاحب آپ سے ایک کام کے بارے میں پوچھنا ہے، یہ ایک امریکن کمپنی ہے جو یہ کام کر رہی ہے ہمارے ارد گرد کئی خاندان یہ کام کر رہے ہیں اور ہم بھی یہ کام کرنا چاہتے ہیں ،برائے مہربانی فرما کر اس کام کے بارے میں ہمیں بتایا جائے کہ یہ کام جائز ہے یا ناجائز ہے؟ آپ سے پہلے ہم نے لاہور سے کسی عالم صاحب سے پوچھا تھا اور انہوں نے اس کام کو جائز قرار دیا ہے، میں اس کی ویب سائٹ آپ کو بھیج رہا ہوں، اس کے بارے میں ہمیں آگا کر دیں؟ بہت شکریہ ،السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ sctcex.com
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
SCTCEX ایکسچینج ایک کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین مختلف ڈیجیٹل کرنسیوں کی خرید و فروخت اور تبادلہ کر سکتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم لوگوں کو کرپٹو مارکیٹ میں تجارت کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس میں بٹ کوائن، ایتھریئم(Ethereum) اور دیگر ڈیجیٹل اثاثے شامل ہیں۔
عام طور پر SCTCEXجیسے پلیٹ فارمز کا کام کرپٹو کرنسی کے تاجروں کو ایک محفوظ ماحول میں خرید و فروخت کے آرڈرز لگانے، اپنی سرمایہ کاری کی نگرانی کرنے اور ڈیجیٹل اثاثے محفوظ رکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم صارفین کو کرپٹو مارکیٹ سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتا ہے تاکہ وہ بہتر تجارتی فیصلے کر سکیں۔
لیکن کرپٹو کرنسی اور دوسری ڈیجیٹل کرنسیوں کی ہمارے ملک میں کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، اس لیے بحالتِ موجودہ فراڈ اور قانونی بے ضابطگیوں کے پیشِ نظر اس کے لین دین سے احتراز لازم ہے۔
حوالہ جات
قال العلامۃ الحصکفي رحمہ اللہ:(ويشترط) عدم التأجيل والخيار (التماثل)أي التساوي وزنا (والتقابض) بالبراجم لا بالتخلية (قبل الافتراق) وهو شرط بقائه صحيحا على الصحيح (إن اتحد جنسا وإن) وصلية (اختلفا جودةوصياغة). (رد المحتار :5/ 257)
قال العلامۃ ابن نجیم رحمہ اللہ :وأما شرائط المعقود عليه :أن يكون موجودا ،مالا متقوما، مملوكا في نفسه ،وأن يكون ملك البائع فيما يبيعه لنفسه، وأن يكون مقدور التسليم، فلم ينعقد بيع المعدوم وما له خطر العدم.
(البحر الرائق :5/ 279)
احسان اللہ
دار الافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
25/ ربیع الثانی1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | احسان اللہ بن سحرگل | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


