85214 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
دراز کو ائن جو دراز ایپ پر ہوتے ہیں، ان کے بارے میں مجھے زیادہ معلومات تو نہیں ہیں، لیکن اس کے لیے ہر روز آپ کو یہ ایپ کھولنا ہوتا ہے اور وہ کوائن لینے ہوتے ہیں ،تقریبا ایک دن میں 700 کو ائن ملتے ہیں ،پھراس ایپ پر جو بھی خریدیں اس پر چند روپے کی بچت ملتی ہے۔ اگر10000 کوائن جمع ہو جائیں تو اس پر تقریبا 100 روپے کی بچت ہوتی ہے ۔ضروری نہیں کہ اگر100 روپے کے برابر پوائنٹس ہوں تو ہر آیٹم پر 100 کی ہی بچت ہو، کسی پر کم بھی ہوسکتی ہے۔ کیا ان کوائن کو استعمال کرنا جائز ہے ؟
اضافہ از مجیب:
1۔دراز کے مطابق کوائنز سسٹم ایک انعامی پروگرام ہے، جو کسٹمرز کی وفاداری بڑھانے کے لیے اور خرید اری کو ریوارڈفل(rewardful) بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
2۔ان کوائنز کے ذریعے ڈسکاونٹ واؤچر حاصل کیےجا سکتے ہیں ، جن کے بدلے کوئی بھی چیز ڈسکاونٹ کے ساتھ خریدی جاسکتی ہے۔البتہ ڈسکاونٹ کی حدیں مختلف ہوتی ہیں، کم قیمت والی چیز پر کم ،زیادہ قیمت والی چیز پر زیادہ ڈسکاونٹ ملتا ہے۔
3۔دراز اسے ڈیجٹل کرنسی کہتا ہے، جس میں 50 کوائنز کی ویلیو 1روپے کے برابر قرار دی گئی ہے۔یعنی 50 کوائنز پر1 روپے کا ڈسکاونٹ ملے گا۔
4۔ ایپ میں کوائنز سیکشن میں ایک مینیو ہوتا ہے ،جہاں سے وصول ( (collect پر کلک کرتے ہیں ۔ اس کلک کرنے سے صرف کوائنز وصول ہوتے ہیں ، جیسے پیکج لگاتے ہوئے ،بٹن پے کلک کیا جائے۔کوئی اشتہار وغیرہ نہیں چلتا ،البتہ کوائنز کی وجہ سے کسٹمرز مستقل دراز سے مربوط رہتے ہیں، اور دراز ایپ بار بار کھولنے سے ممکن ہے کمپنی کی ریٹنگ بھی بڑھے ۔ لیکن محض کھولنے سے کوائن وصول نہیں ہوتے جب تک وصول پر کلک نہ کیا جائے۔اسی طرح مختلف چیزوں کی خریداری پر بھی کوائنز ملتے ہیں ۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
یہ کوائنز ایک ریوارڈ سسٹم ہے ، جس کا مقصد کسٹمرز کی وفاداری کو بڑھانا اور نئے کسٹمرز کو تلاش کرنا ہے۔ یہ بظاہر کمپنی کی طرف سے ہبہ ہے اور کسٹمر کا وصول (collect) پر کلک کرنا قبول یا قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔ یہ موجودہ دور کی مارکیٹنگ کے حساب سے اٹھایا جانے والا قدم ہے، جس کے مطابق کسٹمر کو زیادہ سے زیادہ منسلک((engageرکھا جاتا ہے۔،دراز daraz))ان کوائنز والے واؤچر کے علاوہ بھی کئی قسم کے ڈسکاونٹ واؤچر جاری کرتا ہے ،دراز واؤچر کی وجہ سے لوگ خریداری کی طرف متوجہ ہوتےہیں ، اور کمپنی کی آمدن بڑھتی ہے۔ یہ کوائنز وصول کرنے یا ان سے خریداری کرنے میں کوئی حرج معلوم نہیں ہوتا۔
حوالہ جات
درر الحكام شرح غرر الأحكام (2/ 217):
"شرع في الهبة التي هي تمليك عين بلا عوض فقال (هي) لغة تبرع وتفضل بما ينتفع الموهوب له مطلقا قال الله تعالى {فهب لي من لدنك وليا} [مريم: 5] وقال الله تعالى {يهب لمن يشاء إناثا ويهب لمن يشاء الذكور} [الشورى: 49] وشرعا (تمليك عين بلا عوض) أي بلا شرط عوض.
تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق (5/ 76):
الهبة تمليك عين بلا عوض .
محمد سعد ذاكر
دارالافتاء جامعہ الرشید،کراچی
26/ربیع الثانی /1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد سعد ذاکر بن ذاکر حسین | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |