03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
ایک بیوی ، تین بیٹوں اور تین بیٹیوں میں وراثت کی تقسیم
86058میراث کے مسائلمناسخہ کے احکام

سوال

ہمارے نانا کا انتقال 11 سال پہلے ہوا۔ ان کے ترکے میں ایک مکان تھا۔ انتقال کے وقت ورثاء میں 3 بیٹے ،3 بیٹیاں،بیوی اور بھائی تھے۔ ان کے دو بیٹے اسی مکان میں رہتے رہے اور اب وہ مکان فروخت ہورہا ہے۔ اس عرصے میں نانی کا انتقال 9 سال پہلے ہوا اور ایک بیٹے کا انتقال 6 ماہ پہلے ہوا ہے۔موجودہ ورثاء میں اب 2 بیٹے،3 بیٹیاں اور ایک بھائی موجود ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

آپ کے مرحوم نانا نے بوقت ِانتقال اپنی ملکیت میں منقولہ وغیر منقولہ مال،جائیداد،سونا ،چاندی،نقدی اور کسی بھی قسم کا چھوٹا بڑا جو کچھ ساز وسامان چھوڑا ہے اور مرحوم  کا  وہ قرض جو انہوں نے کسی سے وصول کرنا تھا، يہ  سب مرحوم کا ترکہ ہے۔اس میں سے سب سے پہلے مرحوم کے کفن و دفن کے متوسط اخراجات نکالے جائیں گے، البتہ اگر کسی نے بطورِ تبرع واحسان یہ اخراجات ادا کر دیے ہوں تو پھر ان اخراجات کو نکالنے کی ضرورت نہیں،  اس کےبعداگرمرحوم کے ذمہ کوئی قرض اور مالی واجبات وغیرہ ہوں تو انہیں ادا کیا جائے،پھراگر مرحوم نے کسی غیر وارث  یا کسی نیک کام کے لیے کوئی جائز وصیت کی ہو تو باقی ترکہ کے ایک تہائی تک اسے پورا کیا جائے، اس کے بعد جو تركہ باقی بچے اس میں سے مرحوم کی بیوی یعنی آپ کی نانی کا 12.50% اور مرحوم کی وفات کے وقت حیات تینوں بیٹوں میں سے ہر ایک کا 19.44%، اور تینوں بیٹیوں میں سے ہر ایک کا ایک کا9.72% حصہ بنا تھا،جبکہ مرحوم کے بھائی کا ترکے میں شرعی طور پر کوئی حصہ نہیں تھا۔

اس کے بعد جب آپ کی نانی کا انتقال ہوا تو انہوں  نے اپنے مرحوم شوہر کی وراثت میں سے ملنے والے 12.50% فیصد حصے سمیت بوقت انتقال جو ترکہ چھوڑا ہو ،اس میں سے مذکورہ بالا تفصیلات کے مطابق ،کفن دفن کے اخراجات ،قرضوں کی ادائیگی اور ایک تہائی ترکے تک وصیت کی تکمیل کے بعد جو کچھ باقی بچا ، اس میں ان کے انتقال وقت حیات تینوں بیٹوں میں سے ہر ایک کا 22.22%، اور تینوں بیٹیوں میں سے ہر ایک کا ایک کا11.11% حصہ بنا۔

حوالہ جات

القرآن الکریم [النساء: 11]

{يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ}

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

25جمادی الثانی 1446ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب