| 86936 | اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائل | دلال اور ایجنٹ کے احکام |
سوال
میں بطور اسسٹنٹ مینیجر کمپنی میں نوکری کرتا ہوں ۔ یہاں کمپنی کےلیے سافٹ ویئر یا اینٹی وائرس کسی وینڈر سے خریدکر دینا ہوتے ہیں۔ پہلےہم باہر کسی وینڈر سے خریدکردیتےتھے، اب میں نےاپنےبھائی کےساتھ کمپنی اسٹارٹ کی ہے ، جس میں ہم یہ سب سروسز(سافٹ ویئر یا اینٹی وائرس) دیتے ہیں۔ کیا ہم جس قیمت پر وینڈر سے اینٹی وائرس لےکرکمپنی کودیتےتھے، ا سی قیمت پراپنی کمپنی سے اس کمپنی(جہاں میں اسسٹنٹ منیجرہوں)کو سیل کر سکتے ہیں؟
تنقیح:سائل کی وضاحت کے مطابق کمپنی کی طرف سےمطلوبہ چیزیں کسی خاص وینڈرسےخریدنےکی پابندی نہیں ہے
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورت مسئولہ میں آپ کی حیثیت وکیل کی ہےاور وکیل کے بارے میں شریعت کا اصول یہ ہے کہ مالی معاملات میں حقوقِ عقد اسی سے متعلق ہوتے ہیں اور ایسے معاملات کے بارے میں فقہائے کرام رحمہم اللہ نے یہ اصول بیان فرمایا ہے کہ ایک شخص عقد کا دونوں جانب سے متولی نہیں بن سکتا، متولی بننے کا مطلب یہ ہے کہ یہ شخص خود ہی فروخت کنندہ یعنی مملک (مالک بنانے والا) اور خریدار متملک (مالک بننےوالا) نہیں بن سکتا اور مذکورہ صورت میں جب آپ اپنی کمپنی کا سامان دوسری کمپنی کے لیے خریدیں گے توآپ کا مملک اور متملک بننا لازم آئے گا، جبکہ یہ شریعت کے اصول کے خلاف ہے،لہذا صورتِ مسئولہ میں آپ کا اپنی کمپنی کا سامان دوسری کمپنی (جہاں آپ اسسٹنٹ منیجرہیں) کو بیچنا جائز نہیں ۔
البتہ اگرمعیار میں فرق نہ ہو اور ریٹ بھی مارکیٹ کے عام ریٹ کے مطابق ہو تو ایسی صورت میں کمپنی کو اطلاع دے کر اس کی اجازت سے اپنی کمپنی کی چیز دوسری کمپنی کو بیچ سکتا ہے اور اس صورت میں دوسری کمپنی کو ہی اصل عاقد یعنی خریدار سمجھا جائے گا.
حوالہ جات
ماخذہ:التبویب،فتویٰ:84528
قال العلامۃ محمد تقي العثماني حفظہ اللہ:يجب لصحة البيع أن يكون البيع بين إثنين بإيجاب من واحد وقبول من الآخر، ولا يجوز أن يكون الواحد يتولى طرفي العقد، فإن وكله أحد ببيع متاعه، لا يجوز له أن يشتريه لنفسه؛ وإن وكله بشراء شيئ، لا يجوز له أن يشتري من نفسه. ولو باع من نفسه في الصورة الأولى، أو اشترى في الصورة الثانية، فإن البيع موقوف على إجازة الموكل. فإن أجاز الموكل، كان قبولاً منها .(فقہ البیوع:(1141/2
جمیل الرحمٰن بن محمد ہاشم
دارالافتاء جامعۃ الرشید،کراچی
26شعبان المعظم1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | جمیل الرحمٰن ولدِ محمد ہاشم | مفتیان | مفتی محمد صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


