| 87277 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
بٹ کوائن کی شکل میں ایک MBP کے نام سے کوائن لاؤنچ ہوا ہے جسے خرید کر My staking پر ہولڈ کرنا ہے،مطلب یہ ہے اس کو اپنے پاس روک کر رکھنا ہے اور جب قیمت زیادہ ہو تو اس کو بیچ دے لیکن کمپنی مجبور نہیں کرتی اس کو روکنے پر،لہٰذااگر آپ بیچنا چاہتے ہیں تو بیچ سکتے ہیں،اگرآپ روک کر رکھتے ہیں تو مختلف بونس ملتے ہیں کوائن کی شکل میں اور اس پر وہ نفع بھی دیتے ہیں،کبھی5 فیصد اور کبھی 6 فیصد مختلف اعتبار سے اور ہر چار ماہ بعد وہ آپ کی انویسٹمنٹ کا 25 فیصد واپس بھی کریں گے اور اس پر 3 فیصد کٹوتی بھی کرتے ہیں اور جس وقت آپ کی ہولڈ کرنے کی مدت پوری ہوگی تو کمپنی آپ کو ڈبل کو ائن دے گی۔اب سوال یہ ہے کہ یہ ہمارے لئے جائز ہے کہ نہیں؟اور کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ ہر طرح سے اسلامی اعتبار سے جائز ہے،اس میں کسی بھی اعتبار سے دھو کہ،فراڈ اور سود نہیں ہے ۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے دارالافتاء جامعۃ الرشید کی آفیشل ویب سائٹ Almuftionline.com پر موجود فتوی نمبر 81020 بعنوان "بائنانس(Binance) اور کرپٹو ٹریڈنگ کا حکم"اورفتوی نمبر 84734 بعنوان "کرپٹو کی ٹریڈنگ کے ذریعے پیسے کمانے کا حکم" ملاحظہ فرمائیں۔
رہی بات سوال میں مذکور اسٹیکنگ کی صورت کی اور اس پر نفع حاصل کرنے کی،یہ صورت بھی بوجوہ جائز نہیں،اور اس کے ذریعے نفع حاصل کرنا بھی جائز نہیں،کیوں کہ بظاہر یہ انویسٹمنٹ حاصل کرنے اور اس پر کمانے کی ایک جدید صورت ہے،جس میں ایک کوائن لانچ کرکے لوگوں کو دیا جاتا ہے اور اس کے عوض ان سے رائج کرنسی لی جاتی ہے،پھر اسے مختلف بینکوں میں رکھواکر اس پر سود حاصل کیا جاتا ہےاور اس سود میں سے کوائن ہولڈکرنے والوں کو بونس وغیرہ کے نام پر کچھ دیا جاتا ہے اور بقیہ سود کوائن لاؤنچ کرنے والی کمپنی رکھ لیتی ہے،کمائی کا یہ طریقہ کار شرعاً درست نہیں ہے۔
بہر حال! اگر کوائن لاؤنچ کرنے والی کمپنی کے کمانے اور تقسیم کا طریقہ کار مذکورہ طریقے سے مختلف ہو تب بھی کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سےفتوے (فتوی نمبر 81020 بعنوان "بائنانس(Binance) اور کرپٹو ٹریڈنگ کا حکم"اورفتوی نمبر 84734 بعنوان "کرپٹو کی ٹریڈنگ کے ذریعے پیسے کمانے کا حکم" ) میں درج کی گئی تفصیلات کے مطابق فی الحال کرپٹو کے لین دین سے اجتناب لازم ہے۔
حوالہ جات
محمد حمزہ سلیمان
دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی
23.شوال1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


