| 88187 | میراث کے مسائل | میراث کے متفرق مسائل |
سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ سسر نے اپنے گھر میں سے1/5 حصہ بہو کوہبہ کر دیا ،لیکن زندگی میں اس ہبہ کی حدود مقرر کر کےعلیحدہ نہیں کیا، اب وہ فوت ہو گئے ہیں، کیا فقہ حنفی کے اصول کے مطابق یہ ہبہ تام ہوا یا نہیں؟
20 مرلہ میں 16 مرلے سے 1/5 حصہ لکھ ديا اور ساتھ یہ بھی لکھا کہ اس کا حصہ گیٹ کے ساتھ والا ہو گا،کیا اس ہبہ میں گیٹ شامل ہوگا؟
تنقیح:مکمل جگہ بیس مرلے ہے،سسر نے 16 مرلے میں سے پانچواں حصہ دیا ہے اور یہ تو لکھا ہے کہ گیٹ کے ساتھ والا حصہ ہوگا،لیکن زندگی میں اس کی حدبندی کرکے وہ جگہ بہو کے قبضے میں نہیں دی۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
زندگی میں اپنی جائیداد میں سے اولاد کو کچھ دینا ہبہ کہلاتا ہے اور شرعا ہبہ کی درستگی اور تکمیل کے لئے ہبہ کی جانے والی چیز کو باقاعدہ تقسیم کرکے اس کے حوالے کرنا ضروری جسے چیز ہبہ کی جارہی ہے،بشرطیکہ وہ تقسیم کے قابل ہو،اس کے بغیر ہبہ مکمل نہیں ہوتا۔
چونکہ مذکورہ صورت میں سسر نے اپنے گھر کا جو حصہ بہو کو ہبہ کیا مرتے دم تک اسے تقسیم کرکے اس کے حوالے نہیں کیا،اس لئے یہ ہبہ مکمل نہیں ہوا اور گھر کا یہ حصہ بھی مرحوم کے ترکہ (وہ سونا،چاندی،نقدی،جائیداد یا ان کے علاوہ کوئی بھی چھوٹی بڑی چیز جو وفات کے وقت ان کی ملکیت میں تھی) میں شامل ہوکر ورثا میں تقسیم ہوگا۔
حوالہ جات
"الدر المختار " (5/ 688):
"(و) شرائط صحتها (في الموهوب أن يكون مقبوضا غير مشاع مميزا غير مشغول) كما سيتضح".
"الفتاوى الهندية "(4/ 376):
"وتصح في محوز ،مفرغ عن أملاك الواهب وحقوقه ومشاع لا يقسم ولا يبقى منتفعا به بعد القسمة من جنس الانتفاع الذي كان قبل القسمة كالبيت الصغير والحمام الصغير ولا تصح في مشاع يقسم ويبقى منتفعا به قبل القسمة وبعدها، هكذا في الكافي. ويشترط أن يكون الموهوب مقسوما ومفرزا وقت القبض لا وقت الهبة بدليل أنه لو وهب له نصف الدار شائعا ولم يسلم حتى وهب النصف الآخر وسلم الكل تجوز، كذا في الظهيرية.
ولو وهب نصف الدار لرجل وسلم ثم وهب النصف الباقي وسلم لا تجوز وكلتاهما فاسدتان، هكذا في النهاية. ولا يتم حكم الهبة إلا مقبوضة ويستوي فيه الأجنبي والولد إذا كان بالغا، هكذا في المحيط".
محمد طارق
دارالافتاءجامعۃالرشید
25/محرم1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد طارق غرفی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


