03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
میت کمیٹی کے طریقہ کار کاحکم
88457جائز و ناجائزامور کا بیانجائز و ناجائز کے متفرق مسائل

سوال

السلام علیکم ورحمہ اللہ و برکاته!

ہمارا تعلق ایک متوسط برادری سے ہے۔ سب کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اور آپس کے باہمی مشورے سے ہم نے ایک کمیٹی بنام ”ینگ گجر ویلفیئر “بنائی ہے۔ جس کا کام میت کی تجہیز و تکفین اور اس موقع پر ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی و تعاون کرنا ہے۔ اس کمیٹی کے لیے ہم نے چند ایک اصول و ضوابط طے کیے ہیں، تاکہ ہم ان کی روشنی میں کمیٹی کے نظم کو چلا سکیں۔ اس بابت آپ مفتیان کرام سے یہ معلوم کرنا ہے کہ قرآن وسنہ کی روشنی میں ان اصول وضوابط کی کیا اہمیت ہے اور اگر ان اصول وضوابط میں کچھ ترمیم یا اضافہ کرنا ہے تو وہ اضافہ یا ترامیم کیا ہوں گی؟اصول و ضوابط درج ذیل ہیں:

1 ۔ باہمی مشاورت اور رضامندی سے ماہانہ فنڈ 300 روپے مختص کیا گیا ہے اور یہ فنڈ وقف کی نیت سے ادا کیا جائے گا۔

2۔ فوتگی کی صورت میں میت کے لواحقین اور مہمانوں کے لیے تین دن کھانے کا انتظام کمیٹی کے ذمہ ہو گا۔ جس میں ناشتہ ، دن کا کھانا اور رات کا کھانا شامل ہے۔

3 فوتگی کے پہلے اور تیسرے دن چکن بریانی کمیٹی کی طرف سے میت کے لواحقین کو دی جائے گی جو کہ لواحقین اور ان کے مہمانوں کے لیے ہو گی۔

4۔ اگر کوئی ممبر لگاتار تین ماہ تک فنڈ جمع نہیں کروائے گا تو اس کی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔

5۔ کمیٹی کا فنڈ وقف ہے اور تمام ممبران نے اس شرط پر سائن کیے ہوئے ہیں۔ اس کے باجود بھی اگر کوئی بندہ کمیٹی سے نکلتا ہے اور فنڈ کی واپسی کا مطالبہ کرتا ہے تو اس کو جمع کروائی ہوئی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

شریعت کے لحاظ سے فوتگی کے موقع پر اہلِ میت کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اہل

میت کے لیے کھانے وغیرہ کا انتظام کریں،لیکن چونکہ آج کل لوگ اس میں غفلت برتتے ہیں،اس لیے لوگوں کو سہولت کے لیے اس کا باقاعدہ نظم بنانا پڑتا ہے،تاکہ ایسے موقع پر پریشانی سے بچا جاسکے،لہذا اس مقصد کے لیے کمیٹی بنانے کی گنجائش ہے، آپ کی قائم کردہ کمیٹی کی بنیاد درست ہے،البتہ کچھ باتیں قابل توجہ ہیں،ان کو تبدیل کرنےاور پورے طریقہ کار کو شریعت کے مطابق کرنے کےلیے  تفصیل ذکر کی جارہی ہے:

1.    شروع میں چند لوگ مل کر کچھ رقم  جمع کرکےاپنی رضامندی سے ایک وقف قائم کریں، جس کی آخری جہت فقراء ومساکین ہوں، یعنی یہ طے کیا جائے کہ اگر کبھی یہ وقف ختم کرنا پڑا تو اس میں موجود رقم فقراء ومساکین پر خرچ کی جائے گی۔ ( يہ یاد رہے کہ جتنی رقم سے شروع میں وقف قائم کیا جائے گا اتنی رقم وقف میں باقی رکھنا ضروری ہو گا، اس کے علاوہ بطورفنڈ دی جانے والی رقم خرچ کی جاسکے گی)

2.     اس وقف کی شرائط میں یہ بھی لکھا جائے کہ جو شخص اس وقف کو ماہانہ اتنا چندہ دےگا تو اس وقف کی پہلی ترجیح یہ ہوگی کہ اس کے گھر میں فوتگی کی صورت میں اس کے ساتھ حسبِ استطاعت تعاون کیا جائے گا، نیز یہ تعاون چندہ کی رقم کی کمی بیشی کے ساتھ مربوط نہیں ہو گا، بلکہ وقف کے منتظمین متاثرہ گھرانے کی مالی حیثیت اورمہمانوں کی تعداد وغیرہ کا لحاظ رکھتے ہوئے تعاون کی مقدار کا فیصلہ کریں گے۔

3.    چندہ  دہندگان  کو قانونی طور پر اور نقدی کی صورت میں اس تعاون کے مطالبے کا حق حاصل نہیں ہو گا۔

4.    وقف میں یہ شرط بھی رکھی جائے کہ وقتاً فوقتاً یہ وقف دیگر غرباء (جو اس وقف کو چندہ نہیں دیتے) کے افراد کے فوت ہونے پر بھی حسبِ استطاعت ایک معتد بہ اور خاطرخواہ مقدار میں خرچ كرے گا۔

5.    چندہ دینے پر کسی شخص کو مجبور نہ کیا جائے اور نہ خاندان کے ان لوگوں کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا جائے جو اس وقف کو چندہ نہ دینا چاہتے ہوں، بلکہ حسبِ صوابديد اپنی خوشی سے جو شخص  چاہے اس وقف کو چندہ دینے والوں میں شامل ہو،البتہ وقف کی مصلحت کے لیے چندے کی کم از کم حد مقرر کرکے صاحبِ استطاعت لوگوں کو اتنا چندہ دینے کی ترغیب دی جاسکتی ہے۔

6.    وقف كا ممبر بننے كے ليے حقيقی اخراجات کے علاوہ کسی قسم کی کوئی رقم وصول نہ کی جائے، نیز اگر کوئی ممبر غریب اور وہ وسعت نہ ہونے کی وجہ سے کبھی طے شدہ رقم سے کم دے تو اس کی بھی گنجائش رکھی جائے۔

7.    امیر اور غریب سب پر برابر رقم خرچ کی جائے، نیزعام حالات میں ایک دن سے زیادہ کھانے کا اہتمام نہ کیا جائے،البتہ اگر باہر کے مہمان زیادہ ہوں اور دور سے آئے ہوں تو ایک دن سے زیادہ بھی کھانے وغیرہ کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔

8.    فقہائے کرام رحمہم اللہ نے اہلِ میت کے رشتہ داروں اور پڑوسیو ں كےليے اہلِ میت  كو  عام حالات میں صرف ایک دن اور ایک رات  کاکھانا کھلانا مستحب قرار دیاہے، کیونکہ اس دن اہل میت تجہیز و تکفین میں مشغول ہوتے ہیں، بلاضرورت دوسرے اور تیسرے دن کھانے کا انتظام شریعت سے ثابت نہیں،البتہ اگر رشتہ دار دوردراز سے آئے ہوں اور دوسرے یا تیسرے دن بھی ضرورت ہو تو بقدرِ ضرورت اس کی گنجائش ہوگی۔

مذکورہ بالا شرائط کے ساتھ وقف قائم ہونے کے بعد چندہ دینے والے افرادکے گھر میں فوتگی  ہونےپر وقف کی انتظامیہ کو وقف کے طے شدہ  اصول وضوابط کے مطابق  اہلِ میت کے ساتھ تعاون کرنے کی اجازت ہو گی،نیز ایسی صورت میں اس وقف میں جمع شدہ رقم  پر زکوۃ بھی لازم نہیں ہوگی اور ممبر شپ ختم کرنے والے یا فوت ہونے والےشخص کی جمع کی گئی رقم واپس کرنا بھی ضروری نہ ہو گا،کیونکہ ان کی دی گئی رقم ان کی ملکیت سے نکل کر وقف فنڈ کی ملکیت بن جائے گی۔

حوالہ جات

" سنن الترمذي "(2/ 314):

 عن عبدﷲبن جعفر قال: لما جاء نعي جعفر، قال النبي صلى ﷲ عليه وسلم: اصنعوا لأهل جعفر طعاما، فإنه قد جاءهم ما يشغلهم. هذا حديث حسن".

قال الملا علی القارئ رحمہ اللہ :" والمعنى جاءهم ما يمنعهم من الحزن عن تهيئة الطعام لأنفسهم فيحصل لهم الضرر وهم لا يشعرون قال الطيبي دل على أنه يستحب للأقارب والجيران تهيئة طعام لأهل الميت اه والمراد طعام يشبعهم يومهم وليلتهم فإن الغالب أن الحزن الشاغل عن تناول الطعام لا يستمر أكثر من يوم وقيل يحمل لهم طعام إلى ثلاثة أيام مدة التعزية ثم إذا صنع لهم ما ذكر سن أن يلح عليهم في الأكل لئلا يضعفوا بتركه استحياء أو لفرط جزع".

"رد المحتار"(2/ 239):

" (قوله وباتخاذ طعام لهم) قال في الفتح ويستحب لجيران أهل الميت والأقرباء الأباعد تهيئة طعام لهم يشبعهم يومهم وليلتهم، لقوله - صلى ﷲ عليه وسلم - «اصنعوا لآل جعفر طعاما فقد جاءهم ما يشغلهم» حسنه الترمذي وصححه الحاكم ولأنه بر ومعروف، ويلح عليهم في

الأكل؛لأن الحزن يمنعهم من ذلك فيضعفون. اهـ".

"السنن الكبرى للبيهقي "(6/ 166):

عن علي بن زيد، عن أبي حرة الرقاشي، عن عمه، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: " لا يحل مال امرئ مسلم إلا بطيب نفس منه ".

"رد المحتار" (4/ 363):

وقال المصنف في المنح: ولما جرى التعامل في زماننا في البلاد الرومية وغيرها في وقف الدراهم والدنانير دخلت تحت قول محمد المفتى به في وقف كل منقول فيه تعامل كما لا يخفى؛ فلا يحتاج على هذا إلى تخصيص القول بجواز وقفها بمذهب الإمام زفر من رواية الأنصاري والله تعالى أعلم، وقد أفتى مولانا صاحب البحر بجواز وقفها ولم يحك خلافا. اهـ.

"بدائع الصنائع " (2/ 9):

"وأما الشرائط التي ترجع إلى المال فمنها: الملك فلا تجب الزكاة في سوائم الوقف والخيل المسبلة لعدم الملك وهذا؛ لأن في الزكاة تمليكا والتمليك في غير الملك لا يتصور. ولا تجب الزكاة في المال الذي استولى عليه العدو وأحرزوه بدراهم عندنا؛ لأنهم ملكوها بالإحراز عندنا فزال ملك المسلم عنها"

سید نوید اللہ

دارالافتاء،جامعۃ الرشید

03/ ربیع الاول 1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

سید نوید اللہ

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب