| 88475 | وکیل بنانے کے احکام | متفرّق مسائل |
سوال
یہاں سوات میں سیلاب آیا تھا تو ان سیلاب زدگان کے نام پر ایک قاری صاحب نے چندہ کیا۔ چندے میں لوگوں نےپیسے اور سامان یعنی بسترے اور برتن وغیرہ دیئے تھے ۔ان قاری صاحب کی رضا مندی سےایک تیسرے شخص نے بسترے اور اور کچھ سامان کو اپنے مدرسے میں رکھ دیا ،لوگوں کونہیں دیا اور ایک بندے کو جس کے متعلق مدرسہ کے مہتمم کو علم ہے کہ یہ چور ہے پھر بھی اسے چندے کے لئے مقرر کیا ہے۔ ان کے متعلق وضاحت کریں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
امدادی سامان جن متاثرین اور مستحقین کے لیے دیا گیا ہے ان ہی میں تقسیم کرنا لازم ہے ۔امدادی سامان کو تقسیم نہ کرنا یا سامان دینے والوں کی اجازت کے بغیر مستحق متاثرین کے علاوہ کسی اور کو استعمال کے لیےدینا درست نہیں،البتہ کسی معقول وجہ سے مثلا محفوظ مقام دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کسی دوسرے کی جگہ پر یا کسی دوسرے کے پاس بطورِحفاظت رکھوانا جائز ہے،بالخصوص جبکہ سامان دینے والوں کے پیش نظر یہ نہ ہو کہ جس نمائندے نے آگے پہنچانے کے لیے سامان وصول کیا ہے وہ خودہی اس کی حفاظت کرے ،کوئی دوسرا اس کی حفاظت نہ کرے ،بلکہ ان کا مقصد صرف اتنا ہوکہ کسی طرح سامان بحفاظت مستحقین تک پہنچ جائے۔
کسی ایسے شخص کو چندے کی ر قوم وصول کرنے کے لیے مقرر کرنا درست نہیں جس کے متعلق پہلے سےمعلوم ہوکہ وہ امانت دار نہیں ہے اورخیانت کرسکتا ہے۔
حوالہ جات
الموسوعة الفقهية الكويتية (12/ 236)
اتفق الفقهاء: على أن الوكيل أمين، لا ضمان عليه فيما تلف في يده بغير تفريط ولا تعد، لأنه نائب عن المالك في اليد والتصرف، فكان الهلاك في يده كالهلاك في يد المالك، فأصبح كالمودع.ولأن الوكالة عقد إرفاق ومعونة، والضمان مناف لذلك ومنفر عنه. أما إذا تعدى الوكيل فإنه يكون ضامنا.
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (3/ 561(
)المال الذي قبضه الوكيل بالبيع والشراء وإيفاء الدين واستيفائه وقبض العين من جهة الوكالة في حكم الوديعة في يده فإذا تلف بلا تعد ولا تقصير لا يلزم الضمان والمال الذي في يد الرسول من جهة الرسالة أيضا في حكم الوديعة …(. ..أما إذا تلف بالتعدي أو التقصير فيكون ضامنا
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام (2/ 277(
لا يجوز حفظ الوديعة بواسطة شخص غير أمين وإن كان في عيال المستودع.
أحوال ثلاثة في الأمين: الحاصل في الأمين ثلاثة أحوال:
المستودع الذي أودعت عنده الوديعة: (1) إما أن يعلم أنه شخص أمين. (2) أو أنه لا يعلم حاله ألبتة. (3) أو يعلم أنه غير أمين.
وله أن يودعه في الصورة الأولى وليس له أن يودعه في الصورة الثالثة.وأما في الصورة الثانية له أن يودعه أيضا وبناء عليه لا يلزم الضمان على المستودع(الطحطاوي وتكملة رد المحتار)
شیرعلی
دارالافتاء جامعۃ الرشید
3ربیع الثانی1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | شیرعلی بن محمد یوسف | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


