| 88620 | تقسیم جائیداد کے مسائل | متفرّق مسائل |
سوال
میرا نام شگفتہ کفیل ہے اور میری عمر 57 سال ہے۔ میرے شوہر کا نام کفیل الرحمٰن تھا، جن کا انتقال2 شوال المکرم ۱۴۴۶ھ بمطابق یکم اپریل 2025 کو ہوگیا۔
میرے شوہر نے اپنی زندگی میں45 گز کا ہاف پورشن (کوارٹر) لیاقت آباد نمبر 7 میں 28فروری 2017 کو خریدا تھا، جس کی ملکیت میں ہم دونوں میاں بیوی کے نام شامل ہیں۔ اس مکان کی قیمت کی ادائیگی میرے شوہر نے کی تھی۔ ہم دونوں اپنی بیٹی کے ساتھ اسی مکان میں رہائش پذیر تھے اور میں اب بھی اسی مکان میں رہتی ہوں۔ مکان کی دستاویزات مکمل طور پر موجود ہیں جن میں فروخت کرنے والے اور خریدنے والے دونوں کی تفصیلات درج ہیں۔
ہماری ایک ہی بیٹی ہے، جس کی شادی جنوری2025 میں ہوچکی ہے۔ میرے شوہر کے والدین ان سے کافی عرصہ پہلے وفات پا چکے تھے۔ اب ان کے چار بھائی اور ایک بہن زندہ ہیں۔
میری آپ سے گزارش ہے کہ شریعت کے مطابق اس مکان اور وراثت کی تقسیم کیسے ہوگی، براہِ کرم وضاحت فرمائیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ ہر وہ مال جو بوقت انتقال مرحوم کفیل الرحمٰن کی ملکیت میں ہو خواہ جائیداد منقولہ جیسے نقدی اور پیسے وغیرہ ہو یا غیر منقولہ جیسے زمین اور پلاٹ وغیرہ ہو اس کو ترکہ شمار کیا جاتا ہے، ترکہ سے تین قسم کے حقوق متعلق ہوتے ہیں۔ جن کو ذکر کی گئی ترتیب کے مطابق ادا کرنا ضروری ہے۔
۱۔ سب سے پہلے مرحوم کے کفن دفن پرہونے والے جائز ومتوسط اخراجات ترکہ سے نکالے جاتے ہیں، البتہ اگر کسی وارث نے بخوشی یہ اخراجات برداشت کرلئے ہوں تو ترکہ سے نکالنے کی ضرورت نہیں ہے۔
۲۔ اس کے بعد باقی مال سے مرحوم پر کسی کا قرض ہو وہ ادا کیا جاتا ہے خواہ قرضوں کی ادائیگی میں سارا مال لگ جائے۔
۳۔ اس کے بعد اگر مرحوم نے کسی غیروارث کے حق میں جائز وصیت کی ہو تو باقی مال کے تہائی تک اس کو نافذ کیا جاتا ہے۔
لہذا صورت مسئولہ میں جب مرحوم کفیل الرحمن کے انتقال کے وقت اس کے ورثاء میں ایک بیوی اور ایک بیٹی چاربھائی اورایک بہن ہیں تومذکورہ بالا تین حقوق کے بعد کل ترکہ میں سے آدھا حصہ بیٹی کو اور آٹھواں حصہ بیوہ کو اور باقی حصہ میں بہن اوربھائی عصبہ بن جاتے ہیں،یعنی دو حصے ہر بھائی کو اور ایک حصہ بہن کو دیا جائے گا ۔تقسیم میراث کے لیے درج ذیل نقشہ ملاحظہ ہو :
|
نمبر شمار |
ورثاء |
عددی حصہ |
فیصدی حصہ |
|
1 |
بیوی |
5.625 گز |
12.5% |
|
2 |
بیٹی |
22.5 گز |
50% |
|
3 |
بھائی |
3.75 گز |
8.33% |
|
4 |
بھائی |
3.75 گز |
8.33% |
|
5 |
بھائی |
3.75 گز |
8.33% |
|
6 |
بھائی |
3.75 گز |
8.33% |
|
7 |
بہن |
1.875 گز |
4.17% |
حوالہ جات
......
محمدابراہیم عبدالقادر
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
11/ربیع الثانی /1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد ابراہیم بن عبدالقادر | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


