03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مشارکہ کار فنانسنگ کا حکم
88734شرکت کے مسائلشرکت متناقصہ کا بیان

سوال

کیا مشارکہ کار فنانسنگ جائز ہے‍‍؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

کار فنانسنگ میں مشارکہ فنانسنگ کامطلب شرکت متناقصہ کی بنیاد پر فنانسنگ لیناہے ،  جس کاطریق کار  یہ ہے کہ  کسٹمر اور بنک مل کر گاڑی  خرید  تے ہیں پھر بنک  اپناحصہ کسٹمر کو  کرایہ پر دیتاہے اور اس کو کئی  یونٹس میں تقسیم کرتاہے ،جس کو کسٹمر قسطوں میں خرید تاہے۔ جیسے جیسے کسٹمر کا حصہ بڑھتا جاتاہے کرایہ کم ہوتا رہتاہے ، پھر جب سب یونٹس   کی خریداری ختم ہوجاتی ہے  تو گاڑی مکمل طورپر  کرایہ دار  کی ملکیت میں آجاتی ہے اور کرایہ کا عقد ختم ہوجاتاہے۔

ذکرکردہ صورت سے معلوم ہوا کہ  یہاں  تین عقود(contracts) منعقد ہوتے ہیں:  سب سے پہلے شرکت ، اس کے بعد اجارہ،  آخر میں بیع۔

پس اگر تینوں عقود  کا انعقاد علیحدہ علیحدہ  طور پر کیا جائے اور ایک کو دوسرے کے ساتھ مشروط نہ کیاجائے، نیز ان تینوں عقود کے صحیح ہونے کی  باقی تمام شرائط موجود ہوں  تو کار فنانسنگ میں  شرکت  متناقصہ جائز ہے ۔

اسلامی بنکوں میں ان شرائط کے پورے کرنے کا اہتمام ہوتا ہے ؛ لہذا ان سے مشارکہ فنانسنگ کی بنیاد پر گاڑی  لینا درست ہے ۔ تاہم عقد کے وقت بنک کے عملے سے تمام تفصیلات اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے تاکہ دلی اطمینان ہو اور دوران ادائیگی یا ڈیفالٹ ہونے کی صورت میں ممکنہ نتائج سامنے رہیں اور کسی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حوالہ جات

الدر المختار مع  رد المحتار(4/ 299) ، كتاب الشركة

قال الحصكفي رحمه الله : شركة ملك: (وهي أن يملك متعدد )اثنان فأكثر (عينا) أو حفظا كثوب هبه الريح في دارهما فإنهما شريكان في الحفظ قهستاني (أو دينا) على ما هو الحق.

الدرالمختار  مع ردالمحتار:(9/65)، باب الإجارة الفاسدة، دارالكتب العلمية

قال الحصكفي رحمه الله : وتفسد -الإجارة- بالشيوع إلا إذا آجر من شريكه.

رد المحتار مع الدر المختار:( 6/468)، كتاب الشركة ،دارالكتب العلمية

قال العلامة ابن عابدين الشامي  رحمه الله تعالى : لوباع أحد الشركين في البناء حصته لأجنبي لايجوز ولشريكه جاز.

محمد امداد اللہ بن مفتی شہید اللہ

دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی

22/ربیع الآخر / 1447 ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

امداد الله بن مفتی شہيد الله

مفتیان

شہبازعلی صاحب / فیصل احمد صاحب