| 89060 | متفرق مسائل | متفرق مسائل |
سوال
جب بھی میں حدیث پڑھتا ہوں تو اپنے دوستوں کو بھی بتاتا ہوں۔ مگر میرے ساتھ ہر بار ایک مسئلہ ہو جاتا ہے، جیسے میں نے اپنے دوستوں کو یہ حدیث بتائی کہ “اچھی بات کہو یا چپ رہو”، تو اس کے بعد میں خود ہی بُری باتیں کرنے لگ گیا۔ دوسری بار میں نے نیک بات کہی کہ “نماز پڑھو”، پھر میری خود ایک دو نمازیں قضا ہو گئیں۔ ایسا بہت بار ہوا ہے کہ جب میں کسی کو اچھی بات بتاتا ہوں تو مجھے اُس کا اُلٹا اثر ہوتا ہے۔ اب میرا سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
جب کوئی بندہ نیکی کی بات کرتا ہے،تو شیطان اسے روکنے کے لیےاس کے دل میں مختلف وسوسے ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔وہ چاہتا ہے کہ آپ نیکی کی بات سے مایوس ہوجائیں۔اس لیے جب آپ کسی کو اچھی بات بتاتےہیں ،تو وہ فوراً آپ کو کسی گناہ میں الجھانےکی کوشش کرتاہے تاکہ آپ شرمندہ اور مایوس ہو کر آئندہ کسی کو اچھی بات کی طرف دعوت نہ دو۔
نیز کبھی کبھی اللہ تعالی اپنے بندے کو آزماتاہے، کہ جس بات کی نصیحت وہ دوسروں کو کررہاہے، کیا خود اس پر قائم رہتاہے؟آپ کو نیک کاموں کی دعوت ترک نہیں کرنی چاہیےنرمی اوراصلاح کی نیت کے ساتھ امربالمعروف جاری رکھیں ۔اگر خود سے کوئی غلطی ہوجائےتو مایوس نہ ہوں ۔فوراً توبہ کریں اور ثابت قدمی کےساتھ دوبارہ کوشش کریں۔مفتی محمد شفیع رحمۃ اللہ علیہ معارف القرآن میں امر بالمعروف کی تشریح میں بیان کرتےہوئےفرماتےہیں :کہ "اچھا عمل کرنا الگ نیکی ہےاور اس اچھے عمل کی تبلیغ دوسری مستقل نیکی ہےاور ظاہر ہے کہ ایک نیکی کو چھوڑنے سے یہ ضروری نہیں کی دوسری نیکی بھی چھوڑ دی جائے۔جیسے ایک شخص اگر نماز نہیں پڑھتا تو اس کے لیے یہ لازم نہیں کہ دوسروں کو نماز پڑھنے کےلیےبھی نہ کہے"۔معارف القرآن :(1/218)
حوالہ جات
المعجم الأوسط للطبراني: (6/ 365)
عن أنس بن مالك قال: قلنا: يا رسول الله، لا نأمر بالمعروف حتى نعمل به، ولا ننهى عن المنكر حتى نجتنبه كله؟ فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «بل مروا بالمعروف، وإن لم تعملوا به كله، وانهوا عن المنكر، وإن لم تجتنبوه كله.
أحكام القرآن للجصاص ط العلمية: (3/ 51)
{ خذ العفو وأمر بالمعروف وأعرض عن الجاهلين،وإما ينزغنك من الشيطان نزغ فاستعذ بالله إنه سميع عليم} قيل في نزغ الشيطان إنه الإغواء بالوسوسة.
رشيدخان
دارالافتاءجامعۃ الرشیدکراچی
24/جمادی الاولی 1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | رشید خان بن جلات خان | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


