| 90149 | طلاق کے احکام | صریح طلاق کابیان |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
میں محمد فہد پاریکھ ولد محمد امتیاز پاریکھ مسلم بالغ ناظم آباد کا رہائشی ہوں۔ کل میرے اور میری بیگم کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی جو کہ بہت شدید حد تک بڑھ گئی اور میں غصے میں گھر سے باہر چلا گیا۔ باہر جانے کے بعد مجھے گھر سے میری ساس صاحبہ کی کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے مجھے بددعائیں دی، بہت برا بھلا کہا اور میری کم سن معصوم بیٹی کے بارے میں بھی کچھ نامناسب الفاظ استعمال کیے جس سے میرا غصہ مزید بڑھ گیا اور میر پریشانی کے عالم میں میں نے شراب نوشی کی اور پھر اس کے بعد رات بھر میں نے کافی مرتبہ اپنی بیگم کو کال ملائی جس پر مجھے پتہ چلا کہ میں ہر طرف سے بلاک ہوں۔ پھر صبح سویرے فجر کے وقت میں نے اپنے سسر کے نمبر پر دو عدد میسج بھیجے جو کہ ذریعہ واٹس ایپ وائس (voice) میسج تھے جسے دوسری طرف سنا گیا مگر کوئی جواب نہ آیا اور پھر تیسرے میسج میں مجھ سے وہ غلطی سرزد ہوئی جو کہ نہیں ہونی چاہئے تھی اور میں نے ایک دفعہ کہا کہ میں اپنی بیگم کو طلاق دے رہا ہوں اور پھر اسکے بعد میں نے اگلے میسج میں یہ بھی کہا کہ شریعت کے مطابق مزید ۲ دفعہ بعد میں آکر بول دونگا۔ جس پر مجھے بے حد ندامت ہے کہ میں نے یہ سب غلط کر دیا ہے۔ اب مجھے آنجناب سے اس تمام مسئلے پر شریعت اسلام کے مطابق فتویٰ بھی درکار ہے اور رہنمائی بھی فرما دیں اب میرے لیے شریعت اسلام میں کیا حکم ہے۔ رابطہ نمبر ذیل ہے آپ کی رہنمائی کا منتظر ہوں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
پریشانی اور غصے کی حالت میں بھی شراب پینا شرعاً حرام اور گناہِ کبیرہ ہے، اس لیے اس پر سچے دل سے توبہ و استغفار کرنا لازم ہے۔
نشے کی حالت میں دی گئی طلاق بھی شرعاً واقع ہو جاتی ہے؛ لہذا آپ کے الفاظ کہ "میں اپنی بیگم کو طلاق دے رہا ہوں" سے ایک طلاقِ رجعی واقع ہو گئی ہے، جبکہ بعد میں آپ کا یہ کہنا کہ "مزید ۲ دفعہ بعد میں آکر بولوں گا" محض آئندہ کے ارادے یا وعدے پر مشتمل ہے، اس سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی، لہٰذامذکورہ صورت صرف ایک ہی طلاق ہوئی ہے، اور چونکہ یہ طلاقِ رجعی ہے اس لیے عدت کے اندر اندر آپ کو رجوع کا حق حاصل ہے، رجوع یا تو صراحت کے ساتھ (مثلاً یہ کہنا کہ میں نے رجوع کر لیا) یا بیوی سے ازدواجی تعلق قائم کرنے سے ہو جائے گا، اور اگر عدت گزر گئی تو پھر نیا نکاح کرنا ضروری ہوگا۔
حوالہ جات
وفی الھندیة:
طلاق السكران واقع إذا سكر من الخمر أو النبيذ. وهو مذهب أصحابنا رحمهم الله تعالى كذا في المحيط) جلد1، کتاب الطلاق، الباب الاول، فصل فیمن یقع طلاقہ و فیمن لا یقع طلاقہ، ص: 353، ط: مکتبہ رشیدیہ(
وفی الشامیة:
وبه ظهر أن المختار قولهما في جميع الأبواب فافهم. وبين في التحرير حكمه أنه إن كان سكره بطريق محرم لا يبطل تكليفه فتلزمه الأحكام وتصح عبارته من الطلاق والعتاق، والبيع والإقرار، وتزويج الصغار من كفء، والإقراض والاستقراض لأن العقل قائم، وإنما عرض فوات فهم الخطاب بمعصيته، فبقي في حق الإثم ووجوب القضاء(فتاوی شامی، جلد3، کتاب الطلاق، مطلب فی تعریف السکران و حکمہ، ص: 239، ط: ایچ ایم سعید)
فتاوی ہندیہ:
"و هو كأنت طالق و مطلقة و طلقتك و تقع واحدة رجعية و إن نوى الأكثر أو الإبانة أو لم ينو شيئًا، كذا في الكنز(كتاب الطلاق، ج:1، ص:354، ط:مکتبہ رشيديه)
وفی الشامیة:
"(قوله:وما بمعناها من الصريح ) أي مثل ما سيذكره من نحو كوني طالقًا و اطلقي ويا مطلقة بالتشديد، و كذا المضارع إذا غلب في الحال مثل أطلقك، كما في البحر."(الدرالمختار و الرد المحتار،كتاب الطلاق، باب صريح الطلاق، 248/3، ط: سعيد)
وفی الھندیة:
"وإذا طلق الرجل امرأته تطليقةً رجعيةً أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض."(الباب السادس فيما تحل به المطلقة وما يتصل به ج:1، ص: 470، ط: ماجديه)
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
08/11/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


