03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
کمیشن ایجنٹ کا فروخت کنندہ اور خریدار دونوں سے اجرت لینے کا شرعی حکم
91010اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلدلال اور ایجنٹ کے احکام

سوال

کیافرماتے ہیں علماءکرام و مفتی صاحبان  اس مسئلہ کے بارے میں کہ خرید و فروخت یا جائیداد کی اجرت (کمیشن) لینا کیسا ہے؟

ایک اسٹیٹ ایجنسی خرید ار اور فروخت کنندہ  کے درمیان سودا کرواتی ہے، اور خریدار اور فروخت کنندہ   دونوں سے اپنی  طے کردہ مزدوری (کمیشن) وصول کرتی ہے، جس پر دونوں فریق پہلے سے رضامند ہوتے ہیں۔ آیا دونوں فریقوں سے اجرت لینا شرعاً درست ہے یا نہیں؟

اس کام کو انجام دینے کے لیے درمیان میں ایک ایجنٹ کا کردار کچھ اس طرح ہوتا ہے: فروخت کنندہ اپنی جائیداد فروخت کرنے کے لیے ایجنٹ کے دفتر میں آ کر اس کی مطلوبہ قیمت (ڈیمانڈ) درج کروا دیتا ہے، جائیداد کی مکمل نشاندہی کرتا ہے، اور بعض اوقات جائیداد کے کاغذات کی نقول بھی دفتر میں جمع کروا دیتا ہے۔ اسی طرح کوئی خریدار اپنی گنجائش، بجٹ اور پسند کے مطابق جائیداد کی مطلوبہ تفصیلات ایجنٹ کے پاس درج کروا دیتا ہے۔

پھر  ایجنٹ خریدار کو فروخت کے لیے دستیاب مناسب جائیدادیں دکھاتا ہے اور ان کا معائنہ کرواتا ہے۔ اگر خریدار کو کوئی جائیداد پسند آ جائے تو وہ اپنی طرف سے قیمت کی پیشکش (آفر) کرتا ہے۔ اگر فروخت کنندہ اس پیشکش کو قبول کر لے تو ایجنٹ خریدار سے بیعانہ وصول کرکے فروخت کنندہ کے حوالے کر دیتا ہے، اور دونوں فریقوں کی باہمی رضامندی سے گواہوں کی موجودگی میں تحریری معاہدہ بھی تیار کروا دیتا ہے۔

بعد ازاں جب مکمل رقم ادا کر دی جاتی ہے تو متعلقہ سرکاری ادارے کے ذریعے جائیداد خریدار کے نام منتقل (Transfer) کروا دی جاتی ہے۔ اس تمام عمل میں ایجنٹ دونوں فریقوں کے لیے قانونی کارروائی، لین دین کی تکمیل، دستاویزات کی تیاری، اور جائیداد کی منتقلی سے متعلق تمام ضروری امور انجام دیتا ہے۔اس خدمت کے عوض ایجنٹ اپنی طے شدہ اجرت وصول کرتا ہے، جو عموماً جائیداد کی طے شدہ قیمت کا ایک فیصد ہوتی ہے۔ یہ اجرت خریدار سے بھی ایک فیصد اور فروخت کنندہ سے بھی ایک فیصد وصول کی جاتی ہے، اور یہ شرح پہلے سے دونوں فریقوں کی رضامندی سے طے ہوتی ہے۔

کیا  شریعتِ مطہرہ کی رو سے مذکورہ صورت میں ایجنٹ کا خریدار اور فروخت کنندہ، دونوں فریقوں سے طے شدہ اجرت (کمیشن) وصول کرنا جائز ہے یا نہیں؟ قرآن و سنت کی روشنی میں  جواب عنایت فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

صورتِ مسئولہ میں یہ بات واضح نہیں کہ کمیشن ایجنٹ صرف دلال (بروکر) ہے اور اصل خرید و فروخت کا عقد خریدار اور فروخت کنندہ خود کرتے ہیں، یا کمیشن ایجنٹ فروخت کنندہ یا خریدار کا وکیل بن کر ان کی طرف سے عقد کرتا ہے۔

واضح رہے کہ دلال (کمیشن ایجنٹ) کے کام کی عموماً دو صورتیں رائج ہیں، سائل ان میں سے اپنی صورت کے مطابق شرعی حکم ملاحظہ فرما لے:

1۔صورت مسئولہ میں  اگر کمیشن ایجنٹ فروخت کنندہ  کا وکیل بن کر اس کی طرف سے فروخت کا حتمی معاملہ  انجام دیتا ہو، تو وہ صرف فروخت کنندہ  سے اجرت (کمیشن) وصول کر سکتا ہے ؛کیونکہ  کمیشن ایجنٹ اس کا وکیل ہے، البتہ خریدار  سے کمیشن وصول کرنا شرعاً جائز نہیں۔

2۔ لیکن اگر کمیشن ایجنٹ کے دفتر میں فروخت کنندہ اپنی جائیداد کی تفصیلات اور مطلوبہ قیمت درج کرواتا ہو اور خریدار بھی اپنی ضرورت کے مطابق جائیداد کی تفصیلات درج کرواتا ہو، پھر کمیشن ایجنٹ دونوں کے درمیان رابطہ قائم کروائے ، جائیداد کا معائنہ ، قیمت پر بات چیت  کروائے، بیعانہ، معاہدہ اور ٹرانسفر وغیرہ کی کارروائی میں تعاون کرے، جبکہ اصل خریدو فروخت کا حتمی معاملہ خریدار اور فروخت کنندہ خود کرتے ہوں ، تو ایسی صورت میں کمیشن ایجنٹ محض دلال (بروکر) ہے، وکیل نہیں۔لہٰذا  دوسری  صورت کے مطابق  ،کمیشن ایجنٹ کے لیے دونوں فریقوں سے طے شدہ کمیشن وصول کرنا شرعاً جائز ہے

(العقود الدرية في تنقيح الفتاوى الحامدية :1 / 247)

سئل في دلال سعى بين البائع والمشتري ،وباع المالك المبيع بنفسه والعرف أن الدلالة على البائع فهل تكون على البائع؟

(الجواب) : نعم.وفي فوائد صاحب المحيط:الدلال إذا باع العين بنفسه، ثم أراد أن يأخذ من المشتري الدلالة ليس له ذلك؛ لأنه هو العاقد حقيقة، وتجب على البائع الدلالة؛ لأنه فعل بأمر البائع هكذا أجاب. ثم قال: ولو سعى الدلال بينهما،وباع المالك بنفسه يضاف إلى العرف .إن كانت الدلالة على البائع فعليه، وإن كانت على المشتري فعليه، وإن كانت عليهما فعليهما.

حوالہ جات

(العقود الدرية في تنقيح الفتاوى الحامدية :1 / 247)

سئل في دلال سعى بين البائع والمشتري ،وباع المالك المبيع بنفسه والعرف أن الدلالة على البائع فهل تكون على البائع؟

(الجواب) : نعم.وفي فوائد صاحب المحيط:الدلال إذا باع العين بنفسه، ثم أراد أن يأخذ من المشتري الدلالة ليس له ذلك؛ لأنه هو العاقد حقيقة، وتجب على البائع الدلالة؛ لأنه فعل بأمر البائع هكذا أجاب. ثم قال: ولو سعى الدلال بينهما،وباع المالك بنفسه يضاف إلى العرف .إن كانت الدلالة على البائع فعليه، وإن كانت على المشتري فعليه، وإن كانت عليهما فعليهما.

 فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

20/محرم الحرام/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب