| 92682 | جائز و ناجائزامور کا بیان | کھیل،گانے اور تصویر کےاحکام |
سوال
آج کل سوشل میڈیا پر ولاگرز / ماڈلز ہوتی ہیں جن سے پیسے دے کر کام کروایا جاتا ہے، وہ پردے کا خیال نہیں رکھتیں۔
-(الف) کیا ایسی خواتین سے اس طرح برانڈ کی تشہیر کا کام کروانا جائز ہے، چاہے وہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پر لگائیں، ہمارے پلیٹ فارم پر نہ لگائیں؟
-(ب) کیا ان کی بنائی ہوئی ویڈیوز اور تصاویر کو ہم اپنے آفیشل پلیٹ فارم (پیج، ویب سائٹ) پر استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں؟
برائے مہربانی ان امور میں ہماری شرعی رہنمائی فرمادیں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ایسی ولاگرز یا پیڈ ماڈلز جو پیسے لے کر ملبوسات کی تشہیر کرتی ہیں اور پردے کا خیال نہیں رکھتیں، ان کے ذریعے سے اپنے ملبوسات کی تشہیر کروانا ناجائز ہے؛ کیونکہ ان سے یہ کام لینا دراصل بے پردگی کا باعث ہے اور یہ "تعاون علی المعصية" (گناہ کے کام پر معاونت) ہے۔ اس عمل کے ذریعے بے پردگی اور بےحیائی کو فروغ ملے گا۔
لہٰذا ،ایسے تشہیر کروانا ناجائز ہے، چاہے وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو زلگائیں یا آپ ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر اپنے پیج یا ویب سائٹ پر استعمال کریں، دونوں صورتوں میں ناجائز ہے۔
البتہ اس کے متبادل کے طور پر ایسا کیا جا سکتا ہے کہ ملبوسات کی تصاویرکو ہینگرز پر لٹکا کراپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر دکھایا جائے ،یا ایسی مصنوعی انسانی ساخت کی ڈمی جس کے انسانی چہرے اور خد و خال نمایاں نہ ہوں، اس کی تصویر لے کروہ ماڈلز خواتین اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگا کر تشہیر کریں ۔
حوالہ جات
سورۃ المائدۃ اٰیۃ رقم:(2)
ولاتعاونوا علی الإثم والعدوان.
بدائع الصنائع:(4/189)
وعلى هذا يخرج الاستئجار على المعاصي أنه لا يصح لأنه استئجار على منفعة غير مقدورة الاستيفاء شرعا كاستئجار الإنسان للعب واللهو، وكاستئجار المغنية، والنائحة للغناء، والنوح بخلاف الاستئجار لكتابة الغناء والنوح أنه جائز؛ لأن الممنوع عنه نفس الغناء، والنوح لا كتابتهما.
البحرالرائق شرح کنزالدقائق:(8/23)
قال رحمه الله (ولا يجوز على الغناء والنوح والملاهي) ؛ لأن المعصية لا يتصور استحقاقها بالعقد فلا يجب عليه الأجرة من غير أن يستحق عليه؛ لأن المبادلة لا تكون إلا عند الاستحقاق وإن أعطاه الأجر وقبضه لا يحل له ويجب عليه رده على صاحبه.
محمد ابراہیم قریشی بن عبدالرزاق
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
11/جمادی الاولی /1448ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد ابرہیم قریشی بن عبد الرزاق | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


