| 92664 | جائز و ناجائزامور کا بیان | غیبت،جھوٹ اور خیانت کابیان |
سوال
عام طور پر بعض لوگ اپنے گھروں میں کھانے پینے کی اشیاء تیار کرکے فروخت کرتے ہیں، حالانکہ گھریلو گیس کا ٹیرف کمرشل گیس کے ٹیرف سے مختلف ہوتا ہے۔ کیا گھریلو گیس کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شرعاً اور قانوناً درست ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورت مسئولہ میں گھریلو گیس کا کنکشن ایک معاہدے کے تحت فراہم کیا جاتا ہے، جس میں یہ شرط ہوتی ہے کہ گیس گھریلو ضروریات کے لیے استعمال کی جائے گی۔ لہذا اگر کوئی شخص اسی گھریلو کنکشن پر کھانے پینے کی اشیاء یا دوسری مصنوعات تیار کرکے فروخت کرتا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے ادارے نے کمرشل کنکشن یا کمرشل ٹیرف مقرر کیا ہوا ہو، تو ایسا کرنا شرعا جائز نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ معاہدے میں طے شدہ شرائط کی پابندی کرنا ضروری ہے۔ گھریلو کنکشن کو تجارتی کام کے لیے استعمال کرنا معاہدے کی خلاف ورزی اور ادارے کے مقرر کردہ نرخوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے مترادف ہے۔ خاص طور پر جب گھریلو اور کمرشل استعمال کے لیے الگ الگ نرخ مقرر کیے گئے ہوں، تو گھریلو نرخ پر باقاعدہ تجارتی استعمال کرنا درست نہیں ہوگا۔
البتہ یہ حکم اس صورت میں ہے جب گیس کا استعمال کسی معتد بہ اور باقاعدہ کاروباری سرگرمی کے لیے ہو۔ اگر کبھی کبھار اتفاقا یا معمولی طور پر گھر میں کوئی چیز تیار کرکے فروخت کی جائے اور اس کے لیے گیس کا استعمال مستقل کاروباری مقصد کے طور پر نہ ہو، تو اس معمولی اور کبھی کبھار کے استعمال کو کمرشل استعمال قرار نہیں دیا جائے گا، لہذا اس میں حرج نہیں۔
لہذا جو شخص گھر سے باقاعدہ کاروبار کرتا ہے اور اس کے لیے گیس استعمال ہوتی ہے، اسے چاہیے کہ متعلقہ ادارے سے کمرشل کنکشن حاصل کرے یا اپنے موجودہ کنکشن کو کمرشل ٹیرف میں تبدیل کروائے، اور اسی کے مطابق گیس کے واجبات ادا کرے۔
حوالہ جات
عابداللہ بن لاجبرخان
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
06/ربیع الثانی /8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عابد اللّہ بن لاجبر خان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


