سوال:کیا وقوف کا مطلب مراقبہ کے مفہوم میں لیا جا سکتا ہے؟
جواب:مراقبہ کا شرعی مفہوم یہ ہے کہ انسان وقتاً فوقتاً آخرت کی ہولناکیوں،جنت کی نعمتوں وغیرہ کو سوچ کر، نیز کائنات میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کے نمونوں میں غور وفکر کر کے، اللہ تعالیٰ کے احسانات کو سوچ کر اپنے اعمال کی اصلاح کی فکر کرے، چنانچہ اس قسم کے غور وفکر( جس کے لیے شریعت نے کوئی وقت اور جگہ خاص نہیں کی )کو مراقبہ کہتے ہیں اور اس شرعی مراقبہ کا حکم قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے کئی مقامات پر دیا ہے۔ اہل اللہ آسانی اور دلجمعی پیدا کرنے کے لیے خود بھی اور اپنے مریدین کو بھی اس قسم کے تفکر و تدبر کے لیے کم از کم دن میں ایک بار کسی فرصت اور خلوت کے وقت میں پابندی سے کچھ وقت نکالنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
میدانِ عرفات میں جو سنت عمل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے وہ کثرت ِ دعا وذکر ہے۔(إعلاء السنن: ۱۰/ ۱۱۳۔۱۱۵، إدارة القرآن) لہٰذا وقوفِ عرفہ کا مفہوم مذکورہ بالا قسم کے شرعی مراقبہ کے معنی میں واضح نہیں اور نہ وقوفِ عرفہ میں اس کے بطورِ خاص مستحب ہونے کی کوئی دلیل ہے۔
سوال:کیا پیدل منیٰ جانے میں کوئی افضلیت ہے ؟
جواب :حج کے تمام ارکان کا پیدل سفر کر کے ادا کرنا افضل ہے بشرطیکہ بہت زیادہ مشقت اور تکلیف کا اندیشہ نہ ہو۔(إعلاء السنن:۱۰/ ۴۸۵، إدارة القرآن ونحوہ فی ردالمحتار: ۲/ ۴۶۱)
سوال:حجرِ اَسود کے استقبال کے وقت کیا عورتیں بھی مردوں کی طرح کانوں تک ہاتھ اٹھائیںگی یا صرف سینہ تک ہاتھ اٹھائیں گی؟
جواب :خواتین نماز کی طرح کندھوں تک ہاتھ اٹھائیں گی۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۹۳، الہندیة: ۱/ ۲۲۵)
سوال : کیا نفلی طواف دوسرے کی طرف سے کر سکتے ہیں؟ اگر کر سکتے ہیں تو اس کی نیت کس طرح کریں گے؟نیز کیا اس کا ثواب کرنے والے کو بھی پورا ملے گا؟
جواب:دل میں یہ نیت ہو کہ ’’یا اللہ !میں طواف تیری رضا کے لیے کر رہا ہوں، تاکہ اس کا ثواب فلاں کو ملے۔‘‘طواف کرنے والے کو بھی پورا پورا ثواب ملتا ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۹۵)
سوال : خواتین اگر رش کی وجہ سے روضہ ٔ اقدس پردور سے سلام و درود پڑھ لیں تو جائز ہے؟یا قریب ہی جانا ضروری ہے؟
جواب: رش میں گھسنا خواتین کے لیے جائز نہیں،(ردالمحتار: ۲/ ۵۲۸) ہجوم میں گھسے بغیر روضہ اطہر کے قریب جانا ممکن نہ ہو تو دور سے درود وسلام پر اکتفاء کریں۔
سوال : منیٰ اور عرفات میں مکمل نماز ہو گی یا قصر پڑھنی ہے، جبکہ مکہ شریف میں 15 دن سے زیادہ ٹھہر نا پڑتا ہے؟
جواب : جو حاجی 8/ذی الحجہ سے 15 دن قبل مکہ پہنچ گئے ہوں وہ مقیم ہیں، اس لئے وہ پوری نماز پڑھیں گے۔
سوال : مسجد ِ خیف اور مسجد ِ نمرہ میں با جماعت نماز قصر ہو تی ہے یا مکمل؟
جواب: چونکہ عموماً یہاں کے ائمہ مکہ یا کسی قریب کے علاقے سے آئے ہوتے ہیں اور حنفی مسلک کے مطابق مقیم ہوتے ہیں، مسافر نہیں ہوتے اس لیے ان پر ظہر، عصر اور عشاء کی نمازیں پوری پوری پڑھنا لازم ہوتا ہے مگر وہ اپنے مسلک کے مطابق قصر پڑھاتے ہیں، اس لئے ان کے پیچھے نماز پڑھنے سے نماز نہیں ہوتی، لہٰذا حنفی مسلک سے تعلق رکھنے والوں کو ان کے پیچھے نماز نہیں پڑھنی چاہیے بلکہ اپنے خیمے میںظہرکی نماز ظہر کے وقت اور عصر کی نماز عصر کے وقت پڑھنی چاہیے۔(الفتاویٰ التاتارخانیة: ۲/ ۴۵۴، إدارة القرآن، ونحوہ فی غنیة الناسک: ۱۵۰، إدارة القرآن)
سوال : عمرہ کیلئے جب حرم میں داخل ہوں تو تحیة المسجد پڑھیں یا سب سے پہلے طواف کریں؟
جواب : طواف کریں،مسجد الحرام کا تحیہ طواف ہی ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۹۲، وغنیة الناسک: صـ ۹۹، إدارة القرآن)
سوال : حجِ تمتع کا اِحرام کہاں سے باندھیں گے۔یعنی عمرہ کے بعد۸/ذی الحجہ کو؟
جواب : اگر قیام مدینہ میں ہو تو اپنی قیام گاہ سے یا بئر علی(میقاتِ مدینہ) سے، اگر قیام مکہ میں ہوتو مکہ میں جہاں سے چاہیں اِحرام باندھیں۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۷۴، ۴۷۸)
سوال : رمی میں اگر پتھر دائرے کے باہر گریں تو کیا دوبارہ مارنا ہوں گے۔
جواب : جی ہاں۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۱۳)
سوال : جو شخص عام طور پر بائیں ہاتھ سے لکھنے اور پتھر پھینکنے کا عادی ہو تو کیا بائیں ہاتھ سے رمی کی جا سکتی ہے ؟
جواب : رمی کا واجب عمل اداء ہوجائے گا مگر خلافِ سنت ہے۔2(ردالمحتار: ۲/ ۵۱۳، غنیة الناسک صـ ۱۸۲، إدارة القرآن)وہاں زور لگانے کی ضرورت نہیں، بس کنکری پھینکنا واجب ہے۔
سوال : کیا حج کے دوران میں نکاح کر سکتا ہوں؟جناب میری تمنا ہے کہ میرا نکاح عرفات کے میدان میں ادا کیا جائے یا مسجد ِ نبوی میں روضۂ اطہر کے بالکل پاس؟
جواب: حالت ِ اِحرام میں حنفیہ کے نزدیک اگر چہ نکاح جائز ہے(بدائع الصنائع: ۲/ ۶۱۳، دار إحیاء التراث العربی) مگر دوسرے ائمہ کرام کے مذہب کی رعایت (خروج عن الاختلاف)کے لیے بہتر ہے(ردالمحتار: ۱/ ۱۴۷) کہ عرفات میں نکاح نہ کیا جائے، لہٰذا مسجد ِ نبوی (علی صاحبہا الصلوة والسلام) میں نکاح پڑھوالیں۔
سوال: سعی یا طواف کو درمیان میں کسی عذر سے یا بلا عذر چھوڑنے کا کیا حکم ہے؟ پھر اس کو مکمل کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ اس سے دم لازم ہوتا ہے یا نہیں؟
جواب: اگر چہ دم لازم نہیں ہوتا، مگر بلا عذر یہ درمیان میں چھوڑنا مکروہ ہے،(ردالمحتار: ۲/ ۴۹۷) کسی عذر(مثلاً جماعت یا وضو کے لیے) سے ایساکیا تو مکروہ بھی نہیں، مگر جب دوبارہ طواف یا سعی شروع کرے تو جو چکر چھوڑا تھا اس چکر کوشروع کرے جہاں سے چھوڑا تھا۔اگر طواف سعی دونوں بالکل ابتداء سے دوبارہ کرے تو زیادہ بہتر ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۹۷)
سوال: جانور کی قربانی میں معیار کیا ہے ؟ عمر ہے یا دو دانت نکلنا؟
جواب: اصل معیار عمر ہے،عمر پوری ہو تو قربانی جائز ہے،(ردالمحتار: ۶/ ۳۲۲) خواہ دانت نہ نکلے ہوں۔
سوال: اسلامی مہینے کی تاریخ غروبِ آفتاب کے بعد بدل جاتی ہے، اس حساب سے پہلی رمی اگر 10 ذی الحجہ کو غروبِ آفتاب کے بعد کی جائے تو یہ تو درحقیقت11 ذی الحجہ کو ہوئی، 10 /ذی الحجہ کی رمی تو رہ گئی۔اسی طرح اگر دوسرے دن یعنی 11/ذی الحجہ کو غروبِ آفتاب کے بعد رمی کی تو یہ تو 12تاریخ کی رمی ہوئی، 11ذی الحجہ کی رَمی تو رہ گئی؟
جواب: رمی کے ایام میں شریعت نے رات کو گزشتہ دن کے تابع بنایا ہے، لہٰذا پہلے اور دوسرے دن غروبِ آفتاب کے بعد کی جانے والی رمی کو بالترتیب 10 اور 11 ذی الحجہ کی رمی ہی سمجھا جائے گا، البتہ تیسرے دن کی رمی غروب آفتاب سے قبل کرنا ضروری ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۵۲)
سوال: کیا طواف زیارت سے قبل رمی، قربانی اور حلق میںترتیب قائم رکھنا ضروری ہے؟
جواب: جی ہاں! طواف زیارت سے پہلے ان تینوں میں ترتیب الواجب ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۷۰)
سوال: موزے اور دستانے پہننا اِحرام میں صرف مردوں کے لیے ممنوع ہے یا خواتین کے لیے بھی؟پائوں کی اُبھری ہوئی ہڈی نہ چھپانے کا حکم بھی مردوں و خواتین دونوں کے لیے ہے یا صرف مردوں کے لیے ؟
جواب: دستانے،موزے اور بند جوتے صرف مردوں کے لیے ممنوع ہیں۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۹۰)
سوال: حجِ قِران میں چونکہ حاجی اِحرام کی حالت میں ہوں گے تو عمرہ ادا کرنے کے بعد حلق یا قصر کا کیا کریں کیونکہ اِحرام میں بال کا ٹنا وغیرہ ممنوع ہے؟
جواب: حجِ قِران میں عمرہ کے بعد حلق یا قصر نہ کیا جائے حج کرنے کے بعد کیا جائے۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۳۲)
سوال: ایک شخص جس کی استطاعت نہیں ہے وہ کسی صاحب ِ خیر کی وساطت سے حج کر لیتا ہے، پھر کبھی وہ صاحب ِاستطاعت ہو جاتا ہے اور اس پر حج فرض ہو جاتا ہے تو کیا
سوال :۔دوبارہ حج کرنا لازمی ہے؟
جواب: اگر مطلق حج یا فرض حج کی نیت کی ہو تو اعادہ نہیں، نفل حج کی نیت کی ہو تو دوبارہ حج کرنا لازم ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۴۶۰)
سوال: کیا کنکریوں کا کوئی حجم بھی طے ہے یا کسی بھی سائز کی ماری جا سکتی ہیں؟
جواب: چنے کے دانے یا کھجور کی گٹھلی کے برابر ہوں، زیادہ بڑی کنکریاں مناسب نہیں۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۱۳)
سوال: کیا کنکریاں کسی خاص مقام سے لینی ہیں یا اختیار ہے؟
جواب: اختیار ہے، جہاں سے چاہیں لے لیں،البتہ مزدلفہ سے لے لینا بہتر ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۱۵)
سوال: طوافِ زیارت کے لیے اِحرام میں ہونا لازم ہے؟
جواب: نہیں، البتہ اِحرام کی یہ پابندی کہ بیوی سے ہمبستری نہیں کی جا سکتی، برقرار رہتی ہے۔(ردالمحتار: ۲/ ۵۱۸)
سوال: برائے مہربانی ہیٹ والے حجاب سے سجدہ کرنے کا طریقہ سمجھا دیں؟
جواب: خواتین اس بات کا اہتمام رکھیں کہ نماز اپنی قیام گاہ پر پڑھیں تاکہ نماز کے وقت اس ’’ہیٹ‘‘ کے استعمال کی ضرورت پیش نہ آئے،خواتین کے لیے قیام گاہ ہی میں نماز پڑھنا افضل بھی ہے۔(المشکوة: صـ۹۶) جب یہ ممکن نہ ہو تو سجدے میں جاتے وقت ایک ہاتھ سے کم سے کم حرکت کے ذریعے ہیٹ کا شیڈ پیچھے کر کے لٹکے ہوئے حجاب کو سر کی طرف ڈال دیا کریں۔
سوال: عازمِ حج حدودِ حرم میں ایسے وقت پہنچا کہ 30 کا چاند ہونے پر مقیم اور 29 کا چاند ہونے پر مسافر رہتا ہے، ایسی حالت ِ غیر یقینی میں نیت ِ اقامت کے مسائل کیا ہوں گے؟
جواب: جب تک غیر یقینی صورتحال ہو یعنی مکمل پندرہ دن ٹھہرنا یقینی نہ ہو، مسافر، مسافر ہی رہے گا۔(ردالمحتار: ۲/ ۱۲۵)
سوال: کیا خواتین کے لیے بھی مسجد ِ نبوی میں 40 نمازیں پوری کرنا ضروری ہیں یا صرف خواتین کسی وقت میں روضۂ اقدس پر جا کر سلام عرض کر کے واپس آجائیں؟
جواب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابیات کو مسجد ِ نبوی میں اپنی اقتداء میں جماعت سے نماز کے بجائے گھر میں نماز کی ترغیب دی،(المشکوة: صـ۹۶) جس سے ثابت ہوا کہ مسجد ِ نبوی میں با جماعت نماز کی فضیلت خواتین کے لیے نہیں، لہٰذا روضہ ٔ اقدس پر سلام عرض کر کے واپس اپنی قیام گاہ پر پہنچ کر نماز پڑھیں۔
سوال: عورتوں کو بال کتنی مقدار میں اور کس طرح کاٹنے چاہئیں؟ کیا چٹیا سے کاٹ لینا صحیح ہے؟
جواب: کم از کم چوتھائی سر کے بال انگلی کے پورے کے برابر کاٹنا واجب ہے۔بہتر یہ ہے کہ بال ایک پورے سے تھوڑے زیادہ کاٹے جائیں تاکہ ہر بال کا ایک پورے کے بقدر کٹنا یقینی ہو جائے۔ سارے بالوں کو جمع کر کے چٹیا سے بھی کاٹ سکتی ہیں۔ (رد المحتار: ۲/ ۵۱۵)
سوال: تکبیرِ تشریق کب سے لے کر کب تک اور کیسے پڑھنی چاہیے اور کس دن شروع کرنی چاہیے؟
جواب: یوم ِ عرفہ (9/ذی الحجہ) کی فجر سے لے کر 13/ذی الحجہ کی عصر تک ہر فرض نماز کے بعد ایک مرتبہ تکبیر پڑھنا واجب ہے۔ مرد معتدل آواز کے ساتھ پڑھیں اور خواتین آہستہ۔ (ردالمحتار: ۲/ ۱۷۹)
سوال :جس نے حج نہیں کیا وہ حج بدل کر سکتا ہے؟
سوال : میرے والد محترم وفات پا چکے ہیں،والدہ محترمہ حیات ہیں، والد صاحب اپنی زندگی میں حج نہ کر سکے،اب اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے والدہ صاحبہ حج کے لیے تیار ہیں اور بحیثیت محرم بندہ کا اپنی والدہ محترمہ کے ساتھ جانے کاارادہ ہے۔ حج کے فارم جمع کرا دیے ہیں۔میں نے اس سے قبل حج نہیں کیا ہے، کیامیں یہ حج والد صاحب کی طرف سے کر سکتا ہوں ؟ اور کیا یہ حج والد صاحب کے لیے حج بدل ہو گا؟ میں نے سنا ہے کہ جس نے پہلے حج نہ کیا ہو وہ کسی کے لیے حج بدل نہیں کر سکتا۔ براہِ کرم اس بارے میں حکم شرعی پر مطلع فرمائیں۔ رب ذوالجلال آپ کو دین و دنیا میں اجرِ عظیم عطا فرمائیں۔
جواب: اگر آپ پر حج فرض نہیں اور آ پ کے آنے جانے کے تمام تراخراجات آپ خود یا آپ کے والد کے کوئی وارث یا عزیز اس وجہ سے اٹھارہے ہیں کہ آپ اپنے والد صاحب کی طرف سے حج ادا کریں تو آپ کا ان کی طرف سے حج بدل کرنا جائز ہے(ردالمحتار: ۲/ ۵۹۹) اور اگرآپ کے ذمہ خود حج فرض ہے تو حج بدل کے لیے جانا مکروہ تحریمی اور ناجائز ہے،(رد المحتار: ۲/ ۶۰۳)
کیونکہ آپ کے ذمہ لازم ہے کہ اپنا ہی حج فرض ادا کریں۔ا ور آئندہ کسی سال میں والد مرحوم کی طرف سے حج بدل ادا کریں اور اس وقت حج بدل کی شرائط اور تفصیل معلوم کر لی جائے۔
مفتی محمد
رئیس دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی


