| 81609 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | کئی لوگوں کو مشترکہ طور پرکوئی چیز ہبہ کرنے کا بیان |
سوال
فضل الرحمن، فرید پیراں اور عبد اللہ کے درمیان ایک اراضی مشترکہ وراثت میں چلی آرہی ہے، یہ اراضی ابھی تک تقسیم نہیں ہوئی اور نہ ہی ہر ایک کے حصے کی حد بندی کی گئی ہے، ان میں سے ایک بھائی فضل الرحمن نے اپنا حصہ مشاع طور پر اپنے بیٹے محمد شیریں کے نام پر ہبہ کا انتقال کر دیا، مگر موقع پر حد برآری کر کے بمعہ قبضہ وتصرف واختیار کے مالکانہ حقوق کے حوالہ نہیں کیا۔ الغرض یہ ہبہ قواعد شرعیہ کے بغیر ہوا، اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ مشاع طور پر ہبہ مکمل ہوا یا نہیں؟ کیونکہ اب فضل الرحمن وفات پا چکا ہے تو کیا یہ حصہ اس کے ورثاء کے درمیان تقسیم ہو گی؟
وضاحت: سائل نے بتایا کہ یہ وراثتی زمین سو کنال ہے اور قابلِ تقسیم ہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
سوال میں ذکر کی گئی تفصیل کے مطابق چونکہ یہ زمین قابلِ تقسیم تھی اور قابلِ تقسیم چیز کے ہبہ کے شرعاً درست ہونے کے لیے باقاعدہ تقسیم کر کے قبضہ دینا ضروری ہے، جبکہ سائل کے بقول موہوب لہ کو یہ زمین تقسیم کر کے باقاعدہ قبضہ نہیں دیا گیا، بلکہ مشاع طور پر ہی زمین ہبہ کی گئی ہے۔ لہذا شرعی اعتبار سے فضل الرحمنٰ کی طرف سے محمد شیریں کے نام ہبہ کا انتقال درست نہیں ہوا، بلکہ یہ زمین فضل الرحمن کی زندگی میں بدستور ان کی ملکیت میں رہی اور اب ان کی وفات کے بعد ان کے ورثاء کے درمیان ان کے شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہو گی۔
حوالہ جات
الهداية في شرح بداية المبتدي (3/ 223) دار احياء التراث العربي – بيروت:
قال: "ولا تجوز الهبة فيما يقسم إلا محوزة مقسومة، وهبة المشاع فيما لا يقسم جائزة" وقال الشافعي: تجوز في الوجهين؛ لأنه عقد تمليك فيصح في المشاع وغيره كالبيع بأنواعه، وهذا؛ لأن المشاع قابل لحكمه، وهو الملك فيكون محلا له، وكونه تبرعا لا يبطله الشيوع كالقرض والوصية. ولنا أن القبض منصوص عليه في الهبة فيشترط كماله والمشاع لا يقبله
إلا بضم غيره إليه، وذلك غير موهوب، ولأن في تجويزه إلزامه شيئا لم يلتزمه وهو مؤنة القسمة.
بداية المبتدي (ص: 184) مكتبة ومطبعة محمد علي صبح – القاهرة:
ولا تجوز الهبة فيما يقسم إلا محوزة مقسومة وهبة المشاع فيما لا يقسم جائزة ولو وهب من شريكه لا يجوز ومن وهب شقصا مشاعا فالهبة فاسدة فإن قسمه وسلمه.
محمد نعمان خالد
دارالافتاء جامعة الرشیدکراتشی
13/ربیع الثانی 1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد نعمان خالد | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


