03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
احرام کی حالت میں پیشاب کے قطرے آنے کی وجہ سے انڈروئیر پہننا
87948حج کے احکام ومسائلاحرام اور اس کے ممنوعات کا بیان

سوال

 ایک شخص کو گزشتہ چھ سال سے پیشاب کے بعد تقریباً آدھے یا ایک گھنٹے کے اندر تین سے چار قطرے آتے ہیں، اس کے بعد مزید نہیں آتے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کوئی بیماری نہیں، البتہ شادی کی ضرورت بتائی گئی ہے، لیکن مالی مجبوری کے باعث شادی ممکن نہیں۔

عام حالات میں وہ شخص انڈرویئر پہن کر اس میں ٹشو پیپر رکھتا ہے تاکہ قطرے کپڑوں کو ناپاک نہ کریں۔

اب وہ عمرے کے سفر پر جا رہا ہے،اب سوال یہ کیا وہ حالتِ احرام میں انڈرویئر پہن سکتا ہے؟ کیونکہ اگر نہ پہنے تو قطرے احرام کو ناپاک کر سکتے ہیں، شریعت اس صورت میں کیا حکم دیتی ہے؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ مرد کے لیے حالتِ احرام میں سلا ہوا کپڑا استعمال کرنا شرعاً ممنوع ہے، لہٰذا احرام کی حالت میں انڈرویئر پہننا جائز نہیں۔اگر مذکورہ شخص کو پیشاب کے قطرے مسلسل نہ آتے ہوں، بلکہ اچھی طرح استنجا اور قضائے حاجت کے بعد وضو کر لینے سے قطرے رک جاتے ہوں، تو اسے چاہیے کہ نماز یا طواف سے پہلے اچھی طرح اطمینان کر کے وضو کرے اور احرام کی حالت میں رہے۔

البتہ اگر قطرے مسلسل آتے ہوں یا کسی بھی وقت اچانک آ جاتے ہوں، تو عذرکی وجہ سے وہ شخص بغیر سلا ہوا لنگوٹ یا کوئی بغیر سلا ہوا کپڑا باندھ سکتا ہےاور اس کے اندر ٹشو رکھ لے تاکہ قطرے احرام کے کپڑے تک نہ پہنچیں۔

اگر ٹشو پر قطرے لگیں تو اس سے احرام ناپاک نہیں ہوگا، اور ٹشو کو نکال کر وضو کر کے نماز یا طواف کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر قطرے براہِ راست احرام کے کپڑے پر لگ جائیں تو اس جگہ کو دھونا ضروری ہوگا۔

حوالہ جات

«بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع» (2/ 183):

«فالمحرم لا يلبس ‌المخيط ‌جملة، ولا قميصا ولا قباء، ولا جبة، ولا سراويل، ولا عمامة، ولا قلنسوة، ولا يلبس خفين»

مہیم وقاص

دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی

11/ محرم الحرام /1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

مہیم وقاص بن حافظ عبد العزیز

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب