03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
ہوسٹنگ،ری سیلر ہوسٹنگ اور غیر لائسنس یافتہ سی پینل کاحکم
88275اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

مفتی صاحب سے سوال یہ ہے کہ میں نے تقریبا ایک ماہ پہلے ایک کمپنی سے "ریسیلر ہوسٹنگ" بمع " سی پینل" خریدی،ری سیلر ہوسٹنگ کا مطلب یہ ہے کہ میں آگے لوگوں کو ہوسٹنگ بیچ سکتا ہوں اور پھر وہ بھی آگے بیچ سکتے ہیں، اس طرح وہ پھر آگے مزید بھی لوگوں کو بیچ سکتے ہیں،اس طرح جتنے بھی آگے جاتے جاؤ ،یہ کاروبار آگے چلتا جائے گا۔پہلی بات تو یہ ہے کہ جب میں ان سے یہ خریدوں گا تو وہ بالکل مجھے جو ڈیجیٹل قبضہ ہوتا ہے، وہ ہمیں دے دیتے ہیں،چونکہ ہوسٹنگ بھی ایک ڈیجیٹل ایسٹ ہے ،لہذا قبضہ ہمیں دے دیا جاتا ہے۔ہوسٹنگ سے مراد یہ ہے کہ اس پر لوگ اپنی ویب سائٹ کو ڈال سکتے ہیں، جس طرح جگہ ہوتی ہے اور اس میں لوگ سامان رکھتے ہیں ، اسی طرح ہوسٹنگ پر لوگ اپنی ویب سائٹ ہوسٹ کر سکتے ہیں۔مگر اب یہاں پر سوال یہ ہے کہ یہ ہوسٹنگ جس کنٹرول پینل سے کنٹرول کی جاتی ہے اور جہاں سے خریدار کو تمام تر سہولیات اور تمام تر فیسلیٹیز کا کنٹرول دیا جاتا ہے تو وہ سی پینل ( cpanel )ہے یا سی پینل کہلاتا ہے۔ یہ کوئی اور کنٹرول پینل بھی ہو سکتا ہے لیکن میری صورت حال میں یہ سی پینل (cpanel )ہے۔ یاد رکھیں کہ یہ سی پینل نہ تو ہوسٹنگ ہے اور نہ ہی ڈومین ہے بلکہ ان دونوں اور مزید خصوصیات اور فیسلٹیز کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک کنٹرول سسٹم ہے۔ مثلاً جس طرح ورڈپریس ( WordPress) اسی سی پینل سے انسٹال کیا جاتا ہے ۔

میں نے جس کمپنی سے یہ ریسیلر ہوسٹنگ لی ہے تو انہوں نے مجھے اس کے ساتھ آفیشل سی پینل نہیں دی بلکہ درج ذیل سی پینل دیا ہے:

یہ سی پینل اس کمپنی کی نہیں ہے جو کمپنی یہ سی پینل آفیشلی دیتی ہے یعنی کہ یہ سی پینل ہو سکتا ہے کہ کریک ہو یا اس کے ساتھ پروگرامرز نے کوئی اور کھیل کھیلا ہو، لیکن اتنی بات صاف ہے کہ یہ سی پینل اس آفیشل کمپنی کے لائسنس کے ساتھ میری کمپنی مجھے نہیں دے رہی ہے۔ 

میں نے سی پینل آفیشل کمپنی سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اس کی اجازت نہیں دیتے کہ کوئی بھی ہماری چیز کو چرائے یا اسے کریک کریں یا ہمارے لائسنس کے بغیر ہمارا سی پینل استعمال کرے اور ہم ان کے خلاف کارروائی کا حق رکھتے ہیں  اور جب میں نے ان کو اپنے سرور کا آئی پی ایڈریس دیا تو سی پینل والوں نے کہا کہ ہم اس سرور کو چیک کرتے ہیں. جب انہوں نے چیک کیا تو ان کے بقول یہ سرور ان کے آفیشل سی پینل کے ساتھ نہیں ہیں۔انہوں نے مجھے یہی مشورہ دیا کہ آپ ان کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیں کیونکہ وہ عنقریب اس سرور کے خلاف کاروائی کریں گے۔"

دوسری بات یہ ہے کہ آج کل پاکستان ، انڈیا یا دیگر ایسے ممالک جو کہ غریب ہیں تو اس میں اکثر یہی کریک یا کوئی اور سی پینل استعمال کیا جاتا ہے (مگر آفیشل کمپنی کا نہیں ہے، آفیشل کمپنی کا لنک نیچے دیا گیا ہیں۔سی پینل کمپنی نے مجھے یہ بھی کہا کہ ہمیں اس سے یہ نقصان ہوتا ہے کہ ہماری سیلز کم ہو جاتی ہیں۔سی پینل آفیشل لائسنس کے ساتھ سو (100) سی پینلز کی قیمت 65 ڈالر ماہانہ ہے جبکہ مجھے جو کمپنی یہ پرووائڈ کرتی ہے تو وہ مجھے ہوسٹنگ سمیت متعدد سی پینلز یا لامحدود سی پینل پانچ سے 20 ڈالر کے درمیان ماہانہ دیتی ہے۔یعنی مجھے اتنی کم قیمت میں نہ صرف سی پینل بلکہ ہوسٹنگ بھی دی جاتی ہے۔ جبکہ آفیشل سی پینل لائسنس کی اصل قیمت مجھے ملنے والی ہوسٹنگ اور سی پینل دونوں کی مجموعی قیمت سے بھی زیادہ ہے ۔یعنی کہ یہ بات تو صاف ہے کہ یہ کمپنی مجھے سی پینل کا آفیشل لائسنس نہیں دے رہی ہےکیونکہ آفیشل سی پینل لائسنس اگر خود 65 ڈالر ماہانہ میں دیتے ہیں تو ہمیں کیسے اتنی کم قیمت پر پھر یہ کمپنی دے  رہی ہے؟

میں نے پانچ سے دس ریسیلر ہوسٹنگ کمپنی ویب سائٹس پر جا کر ان کے سی پینل سے متعلق معلومات لی۔ سب نے مجھے گھمایا پھرایا ،مگر حاصل یہی تھا کہ یہ سی پینل کا آفیشل لائسنس نہیں ہے بلکہ انہوں نے اس کے لیے اپنے خود ساختہ نام دیے ہیں، کوئی کہتا ہے کہ یہ شیئرڈ لائسنس ہے تو کوئی کچھ اور ، لیکن سب یہی مانتے ہیں کہ یہ سی پینل کا آفیشل لائسنس نہیں ہے، باوجود اس کے وہ سی پینل استعمال کر رہے ہیں۔میری ڈومین اور ہوسٹنگ تو صحیح ہے لیکن سی پینل وہی ہے جس کی صورتحال میں نے اوپر بیان کی ہیں۔

اب یہاں پر میرے متعدد سوالات ہیں

(1)ویب ہوسٹنگ کا حکم کیا ہے؟

(2)ری سیلر کے لیے کیا حکم ہے؟

(3)میں نے ان کے ساتھ کاروبار شروع کیا ہے۔ کیا میں ان کے ساتھ یہ کاروبار جاری رکھوں یا جتنا میں نے ان سے خریدا ہے وہ استعمال کرنے کے بعد چھوڑ دوں؟ اگر میں مزید آگے لوگوں کو یہ بیچوں گا تو ظاہر سی بات ہے وہ پھر مجھ پر انحصار کریں گے اور پھر میں یہ کاروبار نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ میں کمپنی اور میرے کلائنٹس کے درمیان ایک واسطہ ہوں اگر میں ہٹ گیا تو ان کا کاروبار اور میرا کاروبار دونوں ختم ہو جائیں گے۔

(4) کیا میں اسے اپنی ذات تک استعمال کر سکتا ہوں اور مزید آگے لوگوں کو نہ بیچوں؟

(5) اگر یہ جائز ہے تو کن شرائط کے ساتھ جائز ہے ؟

(6)سب سے اہم اور آخری سوال کہ جتنا وقت میں نے یہ سی پینل استعمال کیا ہے تو اس کا معاوضہ میں کس کو دوں جبکہ آفیشل سی پینل کمپنی کو شاید ادائیگی کا کوئی طریقہ ہو یعنی اگر اس کا استعمال جائز نہیں تو اس کی تلافی کیسے کروں کیونکہ میں نے اپنی کمپنی سے 50 سی پینل لیے ہوئے تھے لیکن استعمال میں نے بمشکل ایک یا دو ہی کیے ہیں ،وہ بھی ایک مہینے سے کم ؟

Cpanel Official Website Link:

https://cpanel.net/

Cpanel Official Company Link for pricing:

https://cpanel.net/pricing/

Cpanel License Verification Link :

https://verify.cpanel.net/app/verify

            میں نے آپ سے فون پر مسئلہ پوچھا تھا ،مگر آپ نے کہا کہ اس مسئلے کو واٹس ایپ پر تحریرا بھیج دیں۔ مجھے آپ کے جواب کا انتظار رہے گا کیونکہ اس کمپنی کی سروس میں ابھی بھی لے رہا ہوں ،لہذا جلد از جلد مجھے جواب عنایت فرما دیجئے گا تاکہ حرام سے بچا جا سکے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

ویب ہوسٹنگ کے حوالے سے بنیادی اصطلاحات کی معرفت ضروری ہے تاکہ صورت مسئلہ واضح ہوسکے،یعنی سرور(server) ،ہوسٹنگ (hosting) اور ریسیلر ہوسٹنگ(Reseller Hosting) وغیرہ۔سرور اور ہوسٹنگ ،دونوں ویب سائٹ کی آن لائن موجودگی کے لیے ضروری ہیں، لیکن ان کاعمل ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔

سرور(Server)

سرور ایک طاقتور کمپیوٹر ہوتا ہے، جو مخصوص کاموں کو انجام دیتا ہے، جیسے ویب سائٹس کو ذخیرہ کرنا اور انہیں صارفین تک پہنچانا۔ ویب سائٹ ڈویلپر،جب ویب سائٹ کی تمام فائلز (جیسے کہ تصاویر، ویڈیوز، لکھائی وغیرہ) ایک جگہ محفوظ کرتا ہے تو یہ فائلز سرور پر محفوظ ہوتی ہیں۔ جب کوئی صارف ویب سائٹ کا پتہ (domain) اپنے براؤزر میں ڈالتا ہےتو سرور ان فائلز کو منتقل کرکے ویب سائٹ اسے دکھاتا ہے، یعنی صارف کی رسائی اس ویب سائٹ تک یقینی بناتا ہے۔

ہوسٹنگ(Hosting)

ویب ہوسٹنگ ایک سروس ہے، جس کے ذریعے ویب سائٹ کے ڈیٹا اور فائلز کو کسی سرور پر ذخیرہ کرنے کے لیے جگہ کرایہ پر  لی جاتی ہے۔ یہ سروس فراہم کنندہ ،ویب سائٹ کے تمام مواد(content) کو سرور پر محفوظ کرتا ہے تاکہ وہ انٹرنیٹ پر دستیاب ہو سکے۔ ہوسٹنگ کی مختلف اقسام ہوتی ہیں ،جیسے شیئرڈ ہوسٹنگ (shared hosting)، وی پی ایس ہوسٹنگ(Virtual Private Server hosting) اور ڈیڈیکیٹڈ ہوسٹنگ (Dedicated Hosting)، جنہیں ویب سائٹ کی ضروریات کے مطابق منتخب کیا جا سکتا ہے۔

عام الفاظ میں، سرور وہ جگہ ہے جہاں ویب سائٹ کی تمام فائلز محفوظ ہوتی ہیں اور ہوسٹنگ وہ سروس ہے جوسرور تک رسائی فراہم کرتی ہے تاکہ ویب سائٹ دنیا بھر کے صارفین کے لیے قابلِ رسائی ہو۔

ری سیلر ہوسٹنگ (Reseller Hosting)

ری سیلر ہوسٹنگ ایک ایسا ویب ہوسٹنگ پیکج ہوتا ہے ،جسے کوئی شخص یا ادارہ خود خرید کر، آگے دوسرے صارفین کواپنے برانڈ کے تحت بیچتا ہے۔

یعنی ری سیلرخودہوسٹنگ کمپنی نہیں ہوتا، بلکہ کسی ہوسٹنگ کمپنی  سے ایک بڑا ہوسٹنگ پیکیج خریدتا ہے، اور پھر اسے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے آگے اپنے کلائنٹس کو فروخت کرتا ہے۔

ری سیلر ہوسٹنگ کا اختیار ملنے سے ضمنی طور پر چند اختیارات مزید ملتے ہیں،جو ہوسٹنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہیں،ان میں سے ایک سی پینل (cPanel)  بھی ہے؛

سی پینل (cPanel)

cPanelاستعمال میں آسان ایک کنٹرول پینل ہے ،جو ویب ہوسٹنگ اکاؤنٹ کو سنبھالنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کی مدد سے کوئی بھی شخص بغیر کسی خاص تکنیکی مہارت کے اپنی ویب سائٹ کو آسانی سے کنٹرول کر سکتا ہے۔

ہماری معلومات کے مطابق اور جیسا کہ آپ نے سوال میں بھی ذکر کیا ہے کہ یہ ایک لائسنس یافتہ (licensed) سافٹ ویئر ہے، یعنی اسے قانونی طور پر استعمال کرنے کے لیے اس کا لائسنس خریدنا پڑتا ہے۔

اگر کوئی شخص یا کمپنی بغیر لائسنس والا سی پینل (Pirated/modified/Cracked etc.) فراہم کر رہی ہو تو عام طور پر اصل کمپنی کی طرف سے اس کی اجازت نہیں ہوتی،ایسے غیر قانونی سی پینل کے استعمال میں سیکیورٹی کا بھی بڑا خطرہ ہوتا ہے،جس کا نقصان صارف کو اٹھانا پڑتا ہے۔

صورت مسئلہ واضح ہونے کے بعد آپ کے سوالات کے بالترتیب جوابات درج ذیل ہیں؛

(1،2)ایسی ویب سائٹس کے لیے ویب ہوسٹنگ کرنا  یا بطور ری سیلر ہوسٹنگ کام کرنا،جن کا استعمال شرعاً ناجائز ہی ہو،ناجائز ہےاوران کے علاوہ ویب سائٹس کے لیے ویب ہوسٹنگ جائز ہے۔

(3)سوال نمبر ایک اور دو کے  جواب میں ذکر کی گئ تفصیل کے مطابق،بطور ری سیلر ہوسٹنگ آپ خدمات فراہم کرسکتے ہیں،البتہ جہاں تک بات ہے سی پینل کی تو اس حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ اگر مذکورہ سی پینل بنانے والی کمپنی کی جانب سے ان کے پیڈ اور پریمیم ورژنز (جن کا استعمال خریداری کے بعدممکن ہو) کے "موڈیفائڈسی پینلز" بنانے کی اجازت نہ ہو، بلکہ انہیں خرید کر یا باقاعدہ اجازت(License) لے کر استعمال کرنا ضروری ہو، تو ایسی صورت میں ان سی پینل کے "موڈیفائڈ سی پینل" بنانا،انہیں خریدنا اور ان کا استعمال کرناجائز نہیں ہے،جبکہ یہ معلوم بھی ہے کہ اگر بغیر لائسنس کے سی پینلز استعمال کرکے اپنے کلائنٹس کو خدمات فراہم کی تو اس طرح کرنے سے کلائنٹ کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے،لہٰذا اس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

(4،5)جس کمپنی سے مذکورہ سی پینل لیے ہیں، ان کو واپس کرنا(اگر واپسی کی کوئی صورت ممکن ہو)اور ان سے اپنا معاوضہ واپس لینا ضروری ہے،اگر واپسی ممکن نہ رہے تو خود بھی استعمال کرسکتے ہیں،البتہ اصل کمپنی سے اجازت لے کر یا اصل کمپنی کومعاوضہ ادا کرکے،جس قیمت پر چاہیں آگے بھی بیچ سکتے ہیں۔

 (6)ری سیلر ویب ہوسٹنگ کی خدمات فراہم کرنے کا معاوضہ گذشتہ تفصیل کی روشنی میں جائز ہے،خواہ وہ جتنا بھی ہو،البتہ جو معاوضہ سی پینل کی خدمات فراہم کرنے کے عوض لیا ہے،پھر آگےکسی اور کو دیتے ہوئے جتنا نفع ہوا ہے،صرف اس نفع کے بقدر صدقہ کرنا ضروری ہے۔مثلاً آپ نے سی پینل کے عوض سو روپے ادا کیے تھے اور آگے آپ نے ایک سو دس روپے کے عوض سی پینل دیا ہےتو فقط دس روپے صدقہ کرنا ضروری ہے۔

ضروری وضاحت:

"سافٹ ویئرز کے کاپی رائٹ کے قوانین حقوق کی مالیت کے نظریہ پر مبنی ہے اور یہ نظریہ اتفاقی نظریہ نہیں،بلکہ شروع سے معتبر اہل علم کا اس میں اختلاف رہا ہے،چنانچہ ان اہل علم کے ہاں کتابوں کے حق تالیف کو محفوظ کرنے کا بھی شرعا کوئی اعتبار نہیں،حالانکہ سافٹ ویئرز کی بنسبت کتاب خریدنا عام لوگوں کے لیے آسان ہے،جبکہ اس کے بالمقابل سافٹ ویئرز کے کاپی رائٹ کے قوانین، جن کمپنیوں نے بنائے ہیں، وہ ایک ایک سافٹ ویئر کی اتنی زیادہ قیمت مقرر کرتے ہیں کہ انہیں خریدنا ایک عام آدمی کے بس میں نہیں رہتا،اسی طرح بعض ممالک جیسے پاکستان وغیرہ میں عام آدمی ان کو اس لیے بھی خرید نہیں سکتا کہ بسا اوقات ان ممالک میں ایسے سافٹ ویئرز کی خریداری کی سہولت میسر  نہیں ہوتی ، اس لیے ان قوانین کا اعتبار کرنا ایک بڑے طبقے کو علم و فن سے محروم کرنےاور بڑی بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری قائم رکھنے کے مترادف ہے،اس لیے ذاتی استعمال کی حد تک سافٹ ویئرز کے کاپی رائٹ کے قوانین کا شرعا اعتبار نہ ہونا،یہ مصلحتِ عامہ اور حقوق مجردہ کی مالیت متفق علیہ نہ ہونے کا مشترکہ تقاضا ہے"۔

اگر صورتحال ایسی ہو جیسا کہ درج بالا پیراگراف میں ذکر کی گئی  ہے تو ایسی صورت میں ریسیلرز سے سستے سی پینل کے سافٹ وئیر خریدنے ، استعمال کرنے اوران پر کام کرکے پیسے کمانے کی گنجائش معلوم ہوتی ہے، تاہم اگر کوئی شخص انہیں اصل کمپنی سے خرید کر استعمال کرنے کی استطاعت رکھتا ہو تو اس

کے لیے اصل کمپنی سے خرید کر استعمال کرنا زیادہ بہتر ہے۔(مستفاد از تبویب:86162)

حوالہ جات

(فقہ البیوع،ج:۱،ص:۱۸۷،رقم البحث :۷۴[ إن کان احد العاقدین یقصد  بالعقد ارتکاب معصیۃ])

والثالث:بيعُ أشياء ليس لها مصرف إلا في المعصية،فيتمحضُ بيعها وإجارتها وإن لم يصرَّح بها.

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (4/ 189)

وعلى هذا يخرج الاستئجار على المعاصي أنه لا يصح لأنه استئجار على منفعة غير مقدورة الاستيفاء شرعا كاستئجار الإنسان للعب واللهو، وكاستئجار المغنية، والنائحة للغناء، والنوح بخلاف الاستئجار لكتابة الغناء والنوح أنه جائز؛ لأن الممنوع عنه نفس الغناء، والنوح لا كتابتهما.

(فقہ البیوع،ج:۲،ص:۹۶۳،۹۶۴،رقم البحث :۴۲۱[ نفاذ تصرفات المشتری فی المقبوض بیعا فاسدا])

وإنما نفذ الحنفية هذه التصرفات مع كونها غير جائزةللمشترى، لأنه مالك للمبيع، ولو بملك خبيث. فإن باعه إلى ثالث، لا ينقض ذلك البيع، لأنه تعلق به حق العبد وهو المشترى منه، ولكن لا يطيب له ماربح فيه، بل يجب عليه أن يتصدق به.

محمد حمزہ سلیمان

دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی

30۔محرم1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب