| 89961 | نکاح کا بیان | حرمت مصاہرت کے احکام |
سوال
میں نے اپنی ماں اور بہن کو شہوت کے ساتھ چھوا ہے جبکہ وہ دونوں نیند کی حالت میں تھیں ،تو کیا اس سے حرمت مصاہرت ثابت ہوگی؟ اور کیا اس سے میرے والدین کا نکاح ٹوٹ جائے گا ؟ اور بہن کے رشتے پر کیا اثر پڑے گا؟ اور کیا کیا مسائل پیدا ہوئے ہیں ؟ کیا میرے اس بڑے گناہ کبیرہ کی بخشش ہوجائے گی یا نہیں ؟ کیا میری بخشش کی امید ہے یا نہیں؟
تنقیح:سائل سے اس کے بارے میں مزید بھی معلوم کیا گیا ہے جس کی روشنی میں جواب دیا جا رہا ہے ۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
اگر کوئی اپنی والدہ کو شہوت کے ساتھ بلا حائل(یعنی درمیان میں کپڑانہ ہو) چھوئےتو اس سے حرمتِ مصاہرت ثابت ہو جاتی ہے، آپ نے بھی اگر بلا حائل اپنی والدہ کو شہوت کے ساتھ چھوا ہے اور والدہ بھی اس بات کو مان رہی ہیں،نیز والد بھی اس کی تصدیق کر رہے ہیں تو آپ کی والدہ اپنے شوہر یعنی آپ کے والد پر ہمیشہ کے لیے حرام ہو چکی ہے، تاہم بہن کے رشتے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
آپ کا یہ عمل انتہائی قبیح گھناؤنا اور شرمناک ہے جو نہ صرف شریعت بلکہ انسانی فطرت اور اخلاقی اصولوں کے بھی منافی ہے۔ اس کی مذمت کے لیے سخت سے سخت الفاظ بھی ناکافی ہیں، لہٰذا آپ پر لازم ہے کہ اپنے اس قبیح فعل پر سچے دل سے توبہ و استغفار کریں، آئندہ کے لیے ایسی تمام حرکات اور ان کے اسباب سے ہمیشہ کے لیے مکمل اجتناب کریں اور اپنی اصلاح و تزکیۂ نفس کی سنجیدہ کوشش کریں، توبہ کے بعد اللہ تعالیٰ کی رحمت سے قوی امید ہے کہ اللہ آپ کی توبہ قبول فرما لے گا اور آپ کے گناہوں کو معاف فرما دے گا۔
حوالہ جات
الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية (1/ 274):
وكما تثبت هذه الحرمة بالوطء تثبت بالمس والتقبيل والنظر إلى الفرج بشهوة.
الموسوعة الفقهية الكويتية (35/ 334):
وذهب الحنفية إلى ثبوت حرمة المصاهرة باللمس والتقبيل والنظر إلى الفرج بشهوة كما تثبت بالوطء.
تفسير الرازي = مفاتيح الغيب أو التفسير الكبير (27/ 464):
قال تعالى: إن الله يغفر الذنوب جميعا وهذا يقتضي كونه غافرا لجميع الذنوب الصادرة عن المؤمنين...فمعنى قوله إن الله يغفر الذنوب جميعا أي بالتوبة والإنابة.
الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية (1/ 274):
المحرمات بالصهرية… (والرابعة) نساء الآباء والأجداد من جهة الأب أو الأم وإن علوا فهؤلاء محرمات على التأبيد نكاحا ووطئا.
محمد طلحہ فلک شیر
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
09/شعبان المعظم 1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد طلحہ ولد فلک شیر | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


