03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
اسپیس ایکس(SpaceX)یا اسٹار لنک(Starlink)کمپنی میں سرمایہ کاری کاحکم
89071شرکت کے مسائلشرکت سے متعلق متفرق مسائل

سوال

ایک کمپنی SpaceX ہے، جس کا ایک منصوبہ Starlink کے نام سے ہے۔

اس منصوبے کی تفصیل یہ ہے کہ:

کمپنی سیٹلائٹس (Satellites) خلا میں لانچ کرتی ہے،سرمایہ کاروں کو کہا جاتا ہے کہ وہ ایک سیٹلائٹ میں سرمایہ کاری (Investment) کریں۔  

جب سیٹلائٹ خلا میں کامیابی سے پہنچ جاتی ہے اور مدار (Orbit) میں گردش شروع کرتی ہے تو وہ انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے۔

اس کے بدلے سرمایہ کار کو روزانہ کی بنیاد پر 3.12% سے 6.13% تک نفع (منافع) دیا جاتا ہے، جو انٹرنیٹ کے استعمال کے حساب سے بتایا جاتا ہے۔

روزانہ آمدنی  Fix نہیں ہوتی بلکہ "Flexible  income" رہتی ہےـ

ویسے تو سیٹلائٹ کبھی پھٹا نہیں جب سے میں سرمایا کاری کر رہا ہوں کیوں کہ کمپنی سبھی  کنڈیشنز کا خیال رکھتی ہے۔ پھر بھی اگر سیٹلائٹ لانچ کے دوران یا بعد میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے پھٹ جائے تو کمپنی نیا سیٹلائٹ لاؤنچ کرتی ہے اور  ہم  نئے سیٹلائٹ میں  سرمایہ منتقل کر سکتے ہیں اور سرمایا  (Capital) محفوظ رہتا ہے اور اس کو ہم نئے سیٹلائٹ میں استعمال کر سکتے ہیں ۔

سیٹلائٹ اپنی مقرر  وقت تک گردش کرتا ہے  اور پھر اس کی مدت ختم ہو جائے تو آمدنی رک جاتی ہے اور کمپنی اس سیٹلائٹ کی جگہ نیا سیٹلائٹ لاؤنچ کرتی ہے اور اگرسرمایہ کار  نئے سیٹلائٹ میں سرمایاکاری کرنا چاہتا ہے تو کر سکتا ہے اور  اگر  نہیں کرنا چاہتا تو  پچھلے سیٹلائٹ سے اصل سرمایہ بمعہ منافع واپس نکال سکتا  ہے ۔

اگر سیٹلائٹ دورانِ گردش خراب ہو جائے  یا اس کی  کام کرنے کی مدت پوری ہو جائے  تو روزانہ آمدنی بند ہو جاتی ہے اور سرمایا کار  سرمایہ بمعہ نفع واپس نکال سکتا  ہے۔

کیا اس قسم کی سرمایہ کاری (Investment) شرعی طور پر جائز اور حلال ہے یا نہیں؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

اسپیس ایکس(SpaceX)یا اسٹار لنک(Starlink)کمپنی کے حوالے سے درج ذیل معلومات انٹرنیٹ پر موجود دستیاب ذرائع سے حاصل ہوئی ہیں؛

اسپیس ایکس (SpaceX) جو کہ ایلون مسک کی قائم کردہ ایک نجی خلائی ٹیکنالوجی کمپنی ہے، اس کی ذیلی کمپنی اسٹارلنک (Starlink) عوامی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب نہیں ہے۔

اس کے حصص (shares) کسی بھی عوامی اسٹاک ایکسچینج پر خرید و فروخت کے لیے فہرست بند(listed) نہیں کیے گئے، اور کمپنی نے تاحال عوامی پیشکش (Initial Public Offering – IPO) کے کوئی سرکاری منصوبے کا اعلان نہیں کیا، اگرچہ ایلون مسک گفتگو کے دوران مستقبل میں اس براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس کے ممکنہ آئی پی او کے حوالے سے اشارہ دے چکے ہیں۔

البتہ سرمایہ کار بالواسطہ طور پر سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، یعنی اسپیس ایکس کے حصص نجی سرمایہ کاری (private placement) کے ذریعے حاصل کر کےسرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

یہ طریقہ ان پبلک کمپنیوں میں سرمایہ کاری پر مشتمل ہوتا ہے جو اسپیس ایکس کی بڑی سرمایہ کار (major investors) ہیں،یا ان فنڈز میں سرمایہ کاری کرنے پر جو اسٹارلنک کے حصص تک ابتدائی رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

اسٹارلنک (Starlink) میں سرمایہ کاری کے طریقے

جو سرمایہ کار اسٹارلنک کے مالی مستقبل میں شمولیت چاہتے ہیں، انہیں یہ بالواسطہ طریقے سے کرنا ہوگا،چونکہ اسٹارلنک ایک نجی ملکیت رکھنے والی کمپنی (Privately Held Company) اسپیس ایکس (SpaceX)کی ذیلی کمپنی ہے،اس لیے براہِ راست سرمایہ کاری کا موقع دستیاب نہیں۔

البتہ سرمایہ کار چند متبادل ذرائع کے ذریعے بالواسطہ طور پر اس سیٹلائٹ کمیونیکیشن کمپنی میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں:

 1. اسپیس ایکس میں ملکیت حاصل کرنا

اسٹارلنک کا جزوی مالک بننے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اسپیس ایکس کے حصص (shares) حاصل کیے جائیں۔کچھ آن لائن پرائیویٹ ایکویٹی ایکسچینجز (Private Equity Exchanges) سرمایہ کاروں کو اسپیس ایکس کے حصص رکھنے والے ملازمین، وینچر انویسٹرز اور دیگر حصص مالکان سے جوڑتی ہیں۔تاہم ان ایکسچینجز میں صرف مستند یا منظور شدہ سرمایہ کار (Accredited Investors) ہی حصہ لے سکتے ہیں۔جن کی تعریف امریکی مالیاتی اداروں کے تحت یہ ہے کہ "ان کے پاس کم از کم 10 لاکھ امریکی ڈالر کی خالص مالیت (Net Worth) ہو،یا ان کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد ہو"۔

 2. اسٹارلنک میں سرمایہ کاری کرنے والی عوامی کمپنیوں کے حصص خریدنا

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایسی عوامی کمپنیوں کے حصص خریدے جائیں جو خود اسٹارلنک یا اسپیس ایکس میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ان میں بینک آف امریکہ (Bank of America) اور الفابیٹ (Alphabet) (جو گوگل کی پیرنٹ کمپنی ہے) شامل ہیں۔

 3. عوامی سرمایہ کاری فنڈز کے ذریعے سرمایہ کاری

کچھ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) مستقبل میں اسٹارلنک کے حصص تک ابتدائی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ان میں سے ایک مثال Ark Space Exploration ETF ہے، جو خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری فنڈ ہے،اور ممکن ہے کہ یہ اسٹارلنک کے عوامی ہونے سے پہلے ہی اس کے حصص حاصل کر لے۔

 4. ٹیسلا کے ذریعے بالواسطہ سرمایہ کاری

ایلون مسک کی سب سے بڑی کمپنی ٹیسلا (Tesla) میں سرمایہ کاری بھی اسٹارلنک کے ممکنہ حصص تک پہنچنے کا راستہ بن سکتی ہے۔ایلون مسک نے کہا ہے کہ مستقبل میں اگر اسٹارلنک عوامی سطح پر پیش کی گئی تو ٹیسلا کے موجودہ شیئر ہولڈرز کو ترجیحی حق حاصل ہوگا کہ وہ ابتدائی مرحلے میں اسٹارلنک کے حصص خرید سکیں۔

شرعی حکم

اگر واقعہ یہی ہے کہ اس کمپنی میں سرمایہ کاری کی کوئی صورت فی الحال نہیں ہے تو پھر سوال میں مذکور تفصیل بظاہر کوئی پونزی اسکیم وغیرہ معلوم ہوتی ہے،لہٰذا اس سے اجتناب کیا جائے۔

                        البتہ اگر مستند ذرائع سے تحقیق کے بعد یہ بات یقینی طور پر معلوم ہوجائے کہ اسٹار لنک کمپنی میں سرمایہ کاری براہ راست ممکن ہے اور اس کا طریقہ کار وہی ہے جو سوال میں لکھا ہوا ہے تو ایسی صورت میں جواب کی تفصیل درج ذیل ہے؛

سوال میں مذکور صورت میں کئی شرعی خرابیاں ہیں،مثلاً صرف سیٹلائٹ میں شرکت،شرکت ملک ہے تو شرکاء میں سے ہر شریک کا ملکیتی تناسب معلوم ہوناضروری ہے،جو بظاہر معلوم نہیں ہوتا،اسی طرح بالفرض اگر ملکیتی تناسب معلوم ہو تو شرعاً نفع کا حقدار ملکیتی تناسب کے بقدر ہر شریک ہوگا،جبکہ اس کا اہتمام بھی نہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر 3.12% سے 6.13% تک نفع (منافع) دیا جاتا ہے، جس کا ملکیتی تناسب کے بقدر ہونا کوئی ضروری نہیں،نیز سیٹلائٹ خراب یا ضائع ہونے کی صورت میں مکمل سرمایہ کی واپسی کی شرط بھی غیر شرعی ہے،خلاصہ یہ کہ سوال میں مذکور طریقہ کار کے مطابق مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے میں متعدد شرعی خرابیاں ہیں،لہٰذا مذکورہ کمپنی میں انویسٹمنٹ کرنا جائز نہیں ہے۔

ضروری وضاحت: نفع کی یومیہ شرح جو سوال میں مذکور ہے، اس کے مطابق بھی غالب گمان یہی ہے کہ یہ پونزی اسکیم ہے،کیوں کہ اتنا زیادہ نفع عام حالات میں ممکن نہیں۔

حوالہ جات

مجلة الأحكام العدلية (ص: 206)

(المادة 1073) تقسيم حاصلات الأموال المشتركة في شركة الملك بين أصحابهم بنسبة حصصهم. فلذلك إذا شرط لأحد الشركاء حصة أكثر من حصته من لبن الحيوان المشترك أو نتاجه لا يصح.

محمد حمزہ سلیمان

دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی

24.جمادی الاولیٰ1447ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب