| 90761 | طلاق کے احکام | طلاق کے متفرق مسائل |
سوال
میں نے ایک غلط کام کیا، جس پر میرے بھائی نے مجھے دھمکی دی کہ میں والد صاحب کو بتاؤں گا۔ میں نے اس سے کہا: "اگر میں نے یہ کام دوبارہ کیا تو مجھ پر میری پہلی بیوی طلاق ہوگی" پھر میں نے وہ کام دوبارہ کر لیا۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ میں فی الحال غیر شادی شدہ ہوں، لیکن جب میں پہلا نکاح کروں گا تو کیا اس پر طلاق واقع ہو جائے گی یا نہیں؟ اور اگر واقع ہوتی ہے تو کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟ نیز کیا اس طلاق سے بچنے کا کوئی شرعی حیلہ موجود ہے؟
تنقیح: سائل سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ جملے "مجھ پر میری پہلی بیوی کو طلاق ہو گی" سے ان کی مراد بیوی ہی تھی ۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
طلاق کی تعلیق درست ہونے کے لیے ضروری ہے کہ معلق کرنے والا شخص یا تو شادی شدہ ہو اور اپنی بیوی کی طلاق کو معلق کرے، یا پھر غیر شادی شدہ ہونے کی صورت میں نکاح کی طرف نسبت کر کے طلاق کو معلق کرے۔ صورتِ مذکورہ میں چونکہ سائل کی نیت یہ تھی کہ وہ جس عورت سے شادی کرے گا اسے طلاق ہو جائے، اس لیے اس میں نکاح کی طرف نسبت حکماً موجود ہونے کی وجہ سے تعلیق درست ہے۔ لہذا، نکاح کرنے کے بعد بیوی پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہو جائے گی، جس کے بعد شوہر عدت کے دوران رجوع کر سکتا ہے۔
حوالہ جات
وفي الهندية (1/419):
لو قال: كلُّ امرأةٍ لي طالقٌ إن فعلتُ كذا، وليست له امرأةٌ، ونوى امرأةً يتزوجها بعد ذلك، صحَّ، كما إذا قال: كلُّ امرأةٍ تكون لي. وإلى هذا ذهب شمسُ الإسلام محمودٌ رحمه الله تعالى. وقال نجمُ الدين رحمه الله تعالى: لا يصح. وقال السيد الإمام رحمه الله تعالى: بالقول الأول نأخذ. كذا في أصول الاستروشني
الدر المختار مع رد المحتار(3/ 344):
(شرطه الملك) حقيقة كقوله لقنه: إن فعلت كذا فأنت حر أو حكما، ولو حكما (كقوله لمنكوحته) أو معتدته (إن ذهبت فأنت طالق) (، أو الإضافة إليه) أي الملك الحقيقي عاما أو خاصا، كإن ملكت عبدا أو إن ملكتك لمعين فكذا أو الحكمي كذلك (كإن) نكحت امرأة أو إن (نكحتك فأنت طالق).
الهندية(1/547):
إذا أضاف الطلاق إلى النكاح وقع عقيب النكاح، وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا، ولا تصح إضافة الطلاق إلا أن يكون الحالف مالكا أو يضيفه إلى ملك.
وفي البحر الرائق شرح كنز الدقائق (5/4):
باب التعليق: إنما يصح في الملك كقوله لمنكوحته: إن زرت فأنت طالق، أو مضافا إليه كأنكحتك فأنت طالق، فيقع بعده، فلو قال لأجنبية: إن زرت فأنت طالق، فنكحها فزارت لم تطلق
احسان اللہ گل محمد
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
6 /1/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | احسان ولد گل محمد | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


