| 90072 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
سائل کے والد حیات ہیں، جبکہ والدہ کا انتقال ہو چکا ہے۔ سائل کے کل دو بھائی ہیں۔ والد صاحب کا ایک مکان ہے جو دو منزلوں پر مشتمل ہے۔
- گراؤنڈ فلور: اس کی تعمیر 2010ء میں ہوئی، جس میں 2 کمرے، کچن اور 2 واش رومز مع دکانات شامل ہیں۔
- فرسٹ فلور: اس کی مکمل تعمیر سائل نے 2014-15ء میں اپنے خالص حلال سرمائے سے کروائی ہے، جس میں والد یا بھائی کی کوئی مالی شرکت نہیں تھی۔ اس پر سائل کے تقریباً 10 لاکھ روپے لاگت آئے۔ اس منزل پر 4 کمرے، کچن اور 2 واش رومز موجود ہیں۔
موجودہ صورتحال اور تنازعہ: سائل کا چھوٹا بھائی فروری 2018ء سے فرسٹ فلور کے ایک کمرے میں رہائش پذیر تھا، اور اگست 2024ء میں شادی کے بعد سے اب وہ دوسرا کمرہ بھی استعمال کر رہا ہے۔ سائل کے پاس بھی فرسٹ فلور کے محض 2 کمرے ہیں، جبکہ سائل کے دو بیٹے (عمر 7 اور 6 سال) اب بڑے ہو رہے ہیں اور ان کے لیے علیحدہ کمرے کی ضرورت ہے۔
درپیش مسائل:
- بے پردگی: مشترکہ رہائش اور ایک ہی داخلی راستہ ہونے کی وجہ سے دونوں خاندانوں کے درمیان سخت بے پردگی ہوتی ہے۔ خواتین کو گھریلو کام کاج اور کپڑے دھونے وغیرہ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
- پرائیویسی کا فقدان: بھائی کے سسرالی رشتہ داروں (سالے وغیرہ) کی آمد و رفت سے سائل کی فیملی کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہے۔
- حقِ ملکیت و استعمال: سائل نے اپنی رقم سے بالائی منزل تعمیر کی تھی، اب سائل کا مطالبہ یہ ہے کہ چونکہ نیچے والا پورشن (گراؤنڈ فلور) والد صاحب کی ملکیت ہے، لہٰذا چھوٹا بھائی وہاں منتقل ہو جائے اور سائل کو اپنی تعمیر کردہ بالائی منزل (فرسٹ فلور) مکمل واگزار کر دی جائے، نیز داخلی راستہ بھی الگ کر لیا جائے تاکہ پردے کا شرعی حکم پورا ہو سکے۔
بھائی کا مؤقف: چھوٹا بھائی نیچے منتقل ہونے سے انکاری ہے اور مطالبہ کر رہا ہے کہ مکان فروخت کر کے حصہ تقسیم کیا جائے، جبکہ والد صاحب حیات ہیں اور سائل فی الحال مکان فروخت کرنے کے حق میں نہیں کیونکہ قیمت مناسب نہیں لگ رہی اور سائل کے پاس متبادل رہائش کے وسائل نہیں ہیں۔
اب درج ذیل باتوں میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے کہ:
١۔ کیا والد کی زندگی میں چھوٹا بھائی سائل کی ذاتی رقم سے تعمیر کردہ پورشن پر زبردستی قابض رہ سکتا ہے جبکہ سائل کو اپنی فیملی کے لیے اس کی ضرورت ہے؟
۲۔ کیا والد کی زندگی میں چھوٹا بھائی وراثت کی تقسیم یا مکان فروخت کرنے پر مجبور کر سکتا ہے؟
۳۔بے پردگی کے ان سنگین حالات میں شرعی اعتبار سے والد اور بھائی پر کیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
(1) تعمیر کردہ پورشن پر قبضے کی شرعی حیثیت:اگر سائل نے مکان کی بالائی منزل (فرسٹ فلور) اپنے والد کی اجازت سے، اپنی ذاتی رقم سے اور اپنی ہی ملکیت کی نیت سے تعمیر کی تھی، تو شرعاً اس تعمیر (ملبے) کا مالک سائل ہی شمار ہوگا۔ جب سائل کو اپنی بڑھتی ہوئی ضرورت اور فیملی کے پردے کے لیے اس پورے پورشن کی ضرورت ہے، تو چھوٹے بھائی کے لیے اس پر زبردستی قابض رہنا شرعاً جائز نہیں ہے۔ بھائی کا یہ عمل "غصب" کے زمرے میں آتا ہے۔ والد صاحب چونکہ زمین کے مالک اور گھر کے سربراہ ہیں، ان پر لازم ہے کہ وہ سائل کے حق کی حفاظت کریں اور چھوٹے بھائی کو وہاں سے خالی کر کے نیچے والے پورشن میں منتقل ہونے کا حکم دیں۔
(2)زندگی میں تقسیمِ وراثت یا فروخت کا مطالبہ:میراث موت کے بعد تقسیم ہوتی ہے،لہذاجب تک والد صاحب حیات ہیں، وہ اپنی تمام جائیداد کے تنہا مالک ہیں۔ اولاد میں سے کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ والد کو جائیداد تقسیم کرنے، حصہ دینے یا مکان فروخت کرنے پر مجبور کرے۔ چھوٹے بھائی کا مکان بیچ کر حصہ مانگنا شرعاً باطل اور والد کی ملکیت میں مداخلت کے مترادف ہے۔ جب تک والد اپنی مرضی سے کچھ تقسیم نہ کرنا چاہیں، بھائی مطالبہ نہیں کرسکتا ۔
(3)بے پردگی اور شرعی ذمہ داری:اسلام میں غیر محرم (خصوصاً دیور اور بھابھی) کے درمیان پردہ فرضِ عین ہے۔ حدیثِ مبارکہ میں دیور کو "موت" سے تعبیر کیا گیا ہے، جس کا مقصد اس فتنے کی سنگینی کو واضح کرنا ہے۔
والد پر کوچاہیے کہ وہ اپنی ولایت اور ملکیت کا استعمال کرتے ہوئے گھر میں ایسا انتظام کریں جس سے عورتوں کا پردہ متاثر نہ ہو۔ اگر ممکن ہو تو داخلی راستہ الگ کر دیں یا رہائش مکمل جدا کر دیں تاکہ گناہ کا راستہ روکا جا سکے۔چھوٹے بھائی پر لازم ہے کہ وہ اپنے بڑے بھائی کی فیملی کی پرائیویسی کا لحاظ رکھے اور اپنے سسرالی رشتہ داروں کی بے جا آمد و رفت سے بھائی کو ایذا نہ پہنچائے۔ کسی مسلمان کو ایذا دینا اور بے پردگی کا ماحول بنانا سخت گناہ ہے۔
خلاصہ جواب یہ ہے کہ سائل کا مطالبہ (کہ بھائی نیچے منتقل ہو جائے اور راستہ الگ کر لیا جائے) شرعی اور اخلاقی طور پر درست ہے۔ چھوٹے بھائی کو چاہیے کہ وہ ضد چھوڑ کر والد کے حکم کی تعمیل کرے اور سائل کے ذاتی سرمائے سے بنی ہوئی منزل کو خالی کرے۔
حوالہ جات
تنقیح الحامدیہ( ج۲ص۸۸ کتاب العاریة )۔
سئل فی رجل بنی بمالہ لنفسہ قصرا فی دار ابیہ باذنہ ثم مات ابوہ عنہ وعن ورثہ غیرہ فھل یکون القصر لبانیہ ویکون کالمستعیر (الجواب)نعم کما صرح بذلک فی حاشیہ الاشباہ عند قولہ من بنی فی ارض غیرہ بامرہ فہو لمالکھا ومسئلة العمارة کثیر ذکرھا فی الفصول العمادیة ،و الفصوولین ،وغیرھا وعبارة االمحشی بعد قولہ ویکون کا لمستعیر فیکلف قلعھا متی شاء .
رد المحتار:(6/ 758)
وأركانه: ثلاثة وارث ومورث وموروث. وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود
تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي (4/ 196)
ثم اعلم أن للإنسان أن يتصرف في ملكه ما شاء من التصرفات ما لم يضر بغيره ضررا ظاهرا
قااللہ تعالی
{ يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِأَزْوَاجِكَ وَبَنَاتِكَ وَنِسَاءِ الْمُؤْمِنِينَ يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِنْ جَلَابِيبِهِنَّ ذَلِكَ أَدْنَى أَنْ يُعْرَفْنَ فَلَا يُؤْذَيْنَ وَكَانَ اللَّهُ غَفُورًا رَحِيمًا } [الأحزاب: 59]
سنن ابی داؤد: (61/4، ط: المکتبۃ العصریۃ)
عن أم سلمة، قالت: " لما نزلت: {يدنين عليهن من جلابيبهن} [الأحزاب: ٥٩]، خرج نساء الأنصار كأن على رءوسهن الغربان من الأكسية "
عن عروة بن الزبير، عن عائشة رضي الله عنها، أنها قالت: " يرحم الله نساء المهاجرات الأول، لما أنزل الله: {وليضربن بخمرهن على جيوبهن} [النور: ٣١]، شققن أكنف - قال ابن صالح: أكثف - مروطهن، فاختمرن بها "
صحیح البخاری: (5/2، ط: دار طوق النجاة)
أن عبد الله بن عمر، يقول: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «كلكم راع، وكلكم مسئول عن رعيته، الإمام راع ومسئول عن رعيته، والرجل راع في أهله وهو مسئول عن رعيته، والمرأة راعية في بيت زوجها ومسئولة عن رعيتها، والخادم راع في مال سيده ومسئول عن رعيته»
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
29/10/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


