| 90051 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
"میرا بیٹا بیرون ملک میں ہے۔ اس کا نکاح کراچی میں ہوا، رخصتی نہیں ہوئی۔ نادرا میں رجسٹریشن وغیرہ کروا لی ہے۔ اچانک اس کی بیوی کا گردہ پچاس فیصد پر کام کرنے لگا ہے۔ بیٹا (جو کہ اب تک ورکنگ ویزے پر ہے) جب پرماننٹ ویزا (Permanent Visa) اپلائی کرتا ہے تو بیوی کا میڈیکل مانگتے ہیں، اور یہ آسٹریلیا کا قانون ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آج شوہر کو پی آر (PR) مل گئی، تو کل کو وہ اپنی بیوی کو بھی بلا سکتا ہے۔ اگر بیوی کو گردے کا مسئلہ (یا کوئی اور مہنگی بیماری) ہے، تو اس کا علاج آسٹریلیا کے مفت ہیلتھ کیئر سسٹم (Medicare) پر لاکھوں ڈالرز کا بوجھ بن سکتا ہے۔ اس بوجھ سے بچنے کے لیے وہ پہلے ہی اہل خانہ کا میڈیکل مانگتے ہیں۔ بیوی کے میڈیکل میں فیل ہونے کی صورت میں ڈر ہے کہ بیٹے کا ویزا بھی کینسل ہو جائے گا۔
نادرا سے میرج اسٹیٹس ہٹانے کا کہتے ہیں تو وہ طلاق (Divorce) کے کاغذات مانگتے ہیں، جبکہ خاوند اور بیوی دونوں طلاق اور خلع پر رضامند نہیں ہیں۔ اب آپ کوئی ایسا راستہ بتائیں کہ نکاح پر کوئی اثر نہ ہو اور کام بھی ہو جائے۔"
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورتِ مسئولہ میں اگر طلاق لکھنے کے متصل بعد آپ کا بیٹا زبانی 'ان شاء اللہ' کہہ دے تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔
اس طرح کرنے سے اگرچہ طلاق سے آپ کا بیٹا بچ جائے گا، لیکن اپنے آپ کو نادرا میں غیر شادی شدہ ثابت کرنے میں جھوٹ اوردھوکے کا پہلو ضرور ہےجو کہ کبیرہ گناہ ہے، لہٰذا جب تک متبادل صورت پر عمل ممکن ہو تو اس پر عمل نہ کیا جائے۔
آپ کے مسئلے کا پہلا اور سب سے محفوظ حل یہ ہے کہ آپ کا بیٹا فی الحال آسٹریلیا کا پرماننٹ ویزا اپلائی کرنے کا ارادہ ملتوی کر دے۔ وہ جس عارضی ورک ویزے پر ابھی آسٹریلیا میں کام کر رہا ہے، اسی پر کام جاری رکھے یا اسے ہی ایکسٹینڈ (Extend) کروائے۔ عارضی ورک ویزوں میں عام طور پر صرف اسی شخص کا میڈیکل مانگا جاتا ہے جو ویزا اپلائی کر رہا ہو۔ وہ تب تک انتظار کرے جب تک اس کی بیوی کا علاج پاکستان میں مکمل نہ ہو جائے اور وہ میڈیکلی فٹ نہ ہو جائے۔
دوسرا حل آپ کے مسئلے کا یہ ہے کہ معلومات کے مطابق آسٹریلیا کے کچھ مخصوص ویزوں میں ایک رعایت ہوتی ہے جسے "Health Waiver" کہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر بیوی میڈیکل میں فیل بھی ہو جائے، تو بیٹا آسٹریلیا میں کسی انتہائی قابل امیگریشن وکیل (MARA Agent) کے ذریعے حکومت کو یہ یقین دہانی کروا سکتا ہے کہ بیوی کے گردے کے علاج کا سارا خرچ وہ خود اپنی جیب سے اٹھائے گا اور آسٹریلیا کی حکومت پر بوجھ نہیں ڈالے گا۔ اگر حکومت مان جائے تو ویزا لگ سکتا ہے۔ اگرچہ یہ ایک مہنگا، مشکل اور لمبا قانونی عمل ضرورہے۔
ایک اور حل، جس میں جھوٹ بھی لازم نہیں آئے گا اور بیوی بھی بچ جائے گی، یہ ہے کہ شوہر ایک طلاق دے دے۔ چونکہ رخصتی نہیں ہوئی، لہٰذا غیر مدخولہ ہونے کی وجہ سے وہ طلاق بائن بن جائے گی۔ پھر اس کے پیپر بنوا کر نادرا میں دکھا کر اسٹیٹس تبدیل کروالے، اس کے بعد ویزے کا پراسس مکمل کرکے اس کےبعد دوبارہ نیا نکاح کر لے۔
نیا نکاح کرنا بہت آسان ہے، اس کے لیے بھی یہ طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے کہ زوجین میں سے کوئی ایک دوسرے کو اپنے نکاح کا وکیل بنا دے، اور وہ دو گواہوں کی موجودگی میں مہر مقرر کر کے اپنے ساتھ اس کا نکاح کر دے۔ اس طرح جھوٹ سے بھی بچت ہو جائے گی،اور طلاق تین نہ ہونے کی وجہ سے حلالہ کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی، اور بیوی بھی محفوظ رہے گی۔
حوالہ جات
الدر المختارو حاشیہ ابن عابدین:
"فلو تلفظ بالطلاق وكتب الاستثناء موصولا أو عكس أو أزال الاستثناء بعد الكتابة لم يقع عمادية.
قوله أو عكس) أي كتب الطلاق وتلفظ بالاستثناء (قوله أو أزال الاستثناء إلخ) أشار به إلى قسم رابع، وهو ما إذا كتبهما معا فإنه يصح أيضا وإن أزال الاستثناء بعد الكتابة فافهم."(کتاب الطلاق،باب التعلیق،ج3،ص368،ط؛سعید)
وفى الشامية:
وإن ادعى تعليق الطلاق بالشرط وادعت الارسال فالقول له شامی (4/526)
الفتاوى الهندية (1 / 378):
"و إذا كتب الطلاق واستثنى بلسانه أو طلق بلسانه واستثنى بالكتابة هل يصح؟ لا رواية لهذه المسألة، وينبغي أن يصح، كذا في الظهيرية."
صحیح مسلم: (99/1، ط: دار احیاء التراث العربی)
عن أبي هريرة: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: من حمل علينا السلاح فليس منا، ومن غشنا فليس منا
رد المحتار: (427/6، ط: دار الفکر)
أن عين الكذب حرام قال: وهو الحق قال تعالى - {قتل الخراصون} [الذاريات: ١٠)
فی الدر المختار(9/525) :
الکذب مباح لا حياء حقه ودفع الظلم عن نفسه المراد التعريض لان عين الکذب حرام قال: وهو الحق قال تعالي (قتل الخراصون) الکل من المجتبي.
الھداية: (197/1)
وإذا أذنت المرأة للرجل أن يزوجها من نفسه فعقد بحضرة شاهدين جاز.
وفی الھندیة:
"إذا طلق الرجل امرأته ثلاثا قبل الدخول بها وقعن عليها فإن فرق الطلاق بانت بالأولى ولم تقع الثانية والثالثة وذلك مثل أن يقول أنت طالق طالق طالق۔"
(کتاب الطلاق،الفصل الرابع فی الطلاق قبل الدخول:ج،1:ص،373:ط،رشیدیہ)
وفی العالمگیریة:
"إذا كان الطلاق بائنا دون الثلاث فله أن يتزوجها في العدة وبعد انقضائها۔"(کتاب الطلاق، الباب السادس فی الرجعۃ،فصل فیما تحل بہ المطلقۃ:ج،1:ص،472:ط،رشیدیہ)
سیدحکیم شاہ عفی عنہ
دارالافتاء جامعۃ الرشید
27/10/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | سید حکیم شاہ | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


