| 91422 | غصب اورضمان”Liability” کے مسائل | متفرّق مسائل |
سوال
اگر کچھ بھائی اپنی بہن کو اس کا شرعی حقِ وراثت (میراث) ادا نہیں کرتے اور جان بوجھ کر اس کے حصے پر قبضہ کیے رکھتے ہیں، پھر اسی مال کو اپنی ذاتی ضروریات پر خرچ کرتے ہیں، مثلاً کھانے پینے، لباس، رہائش اور دیگر اخراجات میں استعمال کرتے ہیں ، تو شریعت میں اس کا کیا حکم ہے؟
1۔کیا بہن کا حق دبانے اور اس کے حصے کا مال استعمال کرنے کی وجہ سے وہ گناہ گار ہوں گے؟
2۔اور اسی طرح اگر یہی مال حج، عمرہ، قربانی اور دیگر عبادات میں استعمال کیا جائے، تو شریعت میں اس کا کیا حکم ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
1۔ واضح رہے کہ کسی کی ملکیت کو اس کی اجازت کے بغیر زبردستی لے لینا غصب ہے، اور وراثت میں بہن کا شرعی حصہ اس کی قطعی ملکیت ہے، جسے دبانا ظلم ہے۔
ایسے بھائی جو جان بوجھ کر بہن کا حق غصب کرتے ہیں، وہ گناہِ کبیرہ کے مرتکب ہیں ۔ بہن کو اس کاشرعی حصہ دینا لازم ہے ۔لہذا جب تک بھائی بہن کا حصہ واپس نہیں کرتے یا وہ اسے معاف نہ کر دے، اس مال سے حاصل ہونے والا کوئی بھی نفع یا اسے اپنی ضروریات (کھانے پینے وغیرہ) میں استعمال کرنا ان کے لیے حلال نہیں ہے۔
اسی طرح بھائیوں کااپنی بہن کا حقِ وراثت غصب کر کے اس مال سے حج، عمرہ، قربانی یا دیگر عبادات اداکرنا بھی شرعاً جائز نہیں ہے ۔
2۔البتہ اگر اسی مال سے حج ،عمرہ یاقربانی ادا کر لی جائے تو فرض یا واجب ذمہ سے ساقط ہو جائے گا، لیکن ایسے شخص کو اس عبادت کا ثواب حاصل نہیں ہوگا؛ کیونکہ اس نے عبادت کے لیے حرام مال استعمال کیا ہے۔
لہٰذا ایسے شخص پر لازم ہے کہ وہ غصب شدہ میراث اس کے اصل مالک(بہن) کو واپس کرے، اس سے معافی طلب کرے اور اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ کرے ۔
حوالہ جات
(صحيح مسلم، رقم الحديث:2581،ج4/997)
"عن أبي هريرة، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم، قال: «أتدرون ما المفلس؟» قالوا: المفلس فينا من
لا درهم له ولا متاع، فقال: «إن المفلس من أمتي يأتي يوم القيامة بصلاة، وصيام، وزكاة، ويأتي قد شتم هذا، وقذف هذا، وأكل مال هذا، وسفك دم هذا، وضرب هذا، فيعطى هذا من حسناته، وهذا من حسناته، فإن فنيت حسناته قبل أن يقضى ما عليه أخذ من خطاياهم فطرحت عليه، ثم طرح في النار»".
(سنن دار می :3/699)
"ان سعيد بن زيد، قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم , يقول: "من ظلم من الارض شبرا، فإنه يطوقه من سبع ارضين".
(مشکوۃ المصابیح : 1/266)
"وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامة» . رواه ابن ماجه".
(ردالمحتار ھامش الدرالمختار 2/28)
قال العلامۃ ابن عابدین: ان ماوجب التصدق بکلہ لا یفید التصدق ببعضہ لان المغصوب ان علمت اصحابہ او ورثتھم وجب ردہ علیھم والاوجب التصدق بہ.
(حاشیة ابن عابدین : 3/ 219)
وقد یتصف بالحرمة کالحج بمال حرام.........(قولہ کالحج بمال حرام) کذا فی البحر والأولی التمثیل بالحج ریاء وسمعة، فقد یقال إن الحج نفسہ الذی ھو زیارة مکان مخصوص إلخ لیس حراما بل الحرام ھو إنفاق المال الحرام، ولا تلازم بینہما، کما أن الصلاة فی الأرض المغصوبة تقع فرضا، وإنما الحرام شغل المکان المغصوب لا من حیث کون الفعل صلاة لأن الفرض لا یمکن اتصافہ بالحرمة، وھنا کذلک فإن الحج فی نفسہ مأمور بہ ، وإنما یحرم من حیث الإنفاق، وکأنہ أطلق علیہ الحرمة لأن للمال دخلا فیہ، فإن الحج عبادة مرکبة من عمل البدن والمال کما قدمناہ، ولذا قال فی البحر ویجتھد فی تحصیل نفقة حلال ، فإنہ لا یقبل بالنفقة الحرام کما ورد فی الحدیث ، مع أنہ یسقط الفرض عنہ معھا ولا تنافی بین سقوطہ، وعدم قبولہ فلا یثاب لعدم القبول ، ولایعاقب عقاب تارک الحج. اہ.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
11/صفر المظفر/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


