03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
نابالغ وارث کےلیےوصیت کا شرعی حکم
91197وصیت کا بیانمتفرّق مسائل

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!ایک صاحب نے مرغا مرغی پال رکھی تھیں۔ ان کی دیکھ بھال میں ان کا 11 سالہ بیٹا خصوصی طور پر ان کے ساتھ تعاون کرتا تھا۔ وہ اکثر یہ کہتے تھے کہ: "جب یہ مرغا/مرغی فروخت ہوں گے تو ان کی قیمت اسی بیٹے کو دی جائے گی۔" ان کے دو اور بیٹے بھی ہیں، جن کی عمریں بالترتیب 14 سال اور 6 سال ہیں۔

بعد میں وہ صاحب بیمار ہوگئے اور ہسپتال میں داخل ہوئے۔ دورانِ علاج بھی انہوں نے یہی بات دہرائی کہ ان پرندوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم اسی بیٹے کو دی جائے جو ان کی دیکھ بھال کرتا رہا ہے۔ اس پر ان کی اہلیہ نے عرض کیا کہ ایسا نہ کہیں، بلکہ یہ کہہ دیں کہ "جب آپ گھر واپس آجائیں گے تو جانور فروخت کرکے سب بچوں کو دے دیں گے۔"اس گفتگو کے تقریباً ایک ہفتے بعد ان صاحب کا انتقال ہوگیا۔

اب یہ معلوم کرنا ہے کہ مرحوم کے تمام بچے نابالغ ہیں، جن میں سب سے بڑے کی عمر 14 سال ہے۔ مرحوم کے انتقال کے بعد جب ان جانوروں کو فروخت کیا گیا تو ان کی قیمت شرعاً کس کی ملکیت ہوگی؟ کیا یہ رقم مرحوم کے ترکہ میں شامل ہوکر تمام ورثاء میں تقسیم ہوگی، یا صرف اسی 11 سالہ بیٹے کو دی جائے گی جو مرغیوں کی دیکھ بھال کر رہا تھا؟جزاکم اللہ خیراً۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ مرضِ الموت(وہ بیماری جس میں موت واقع ہوجائے) میں کیا گیا ہبہ (تحفہ) وصیت کے حکم میں ہوتا ہے۔مزید یہ کہ وارث کے حق میں کی گئی وصیت دیگر ورثاء کی اجازت کے بغیر نافذ نہیں ہوتی، اور اگر ورثاء نابالغ ہوں تو ان کی اجازت کابھی شرعاً کوئی اعتبار نہیں ہوتا۔

صورتِ مسئولہ میں والد نے بیماری سےپہلے اور بیماری  کے دوران جویہ کہا کہ "جب یہ مرغا/مرغی فروخت ہوں گے تو ان کی قیمت اسی بیٹے کو دی جائے گی۔" چونکہ وہ بیٹا بھی شرعی وارث ہے، جبکہ دیگر بیٹے نابالغ ہیں، اس لیے یہ وصیت شرعاً نافذ نہیں ہوگی۔البتہ بیوہ اگر اپنےحصےمیں سےخوشی سےاس بیٹےکو کچھ دےدےتو جائز ہوگا۔

لہٰذا پرندوں کی رقم مرحوم کے ترکہ میں شامل ہوگی اور صرف 11سال والےبیٹے کواکیلےنہیں دی جائے گی ،بلکہ تمام ورثاء میں ان کے شرعی حصوں کےمطابق تقسیم کی جائے گی۔اگر میت کے والدین زندہ نہیں اور کل ورثاء بس یہی ہیں ،یعنی بیوہ اور تین بیٹےتو کل ترکہ 100 روپےمیں سےبیوہ کو5.12فیصدیعنی (1/8) ملے گا، جبکہ باقی 87.5 فیصد تینوں بیٹوں برابر تقسیم ہوگا، یعنی ہر بیٹے کو تقریباً 29.17 فیصد حصہ ملے گا۔

حوالہ جات

( تکملہ فتح القدیرلعلامہ قاضی زادہ: 10/463)

وَهِبَتُهُ وَصِيَّةٌ يَعْنِي حُكْمُهَا حُكْمُ الْوَصِيَّةِ أَيْ إذَا وَهَبَ الْمَرِيضُ فِي مَرَضِهِ يَكُونُ حُكْمُهُ حُكْمُ الْوَصِيَّةِ... تُعْتَبَرُ مِنْ الثُّلُثِ.

(حاشیہ ابن عابدین، جلد 6، صفحہ 651)

وَيُشْتَرَطُ أَنْ يَكُونَ الْمُجِيزُ مِنْ أَهْلِ التَّبَرُّعِ بِأَنْ يَكُونَ بَالِغًا عَاقِلًا... وَهُمْ كِبَارٌ الْمُرَادُ أَنْ يَكُونُوا مِنْ أَهْلِ التَّصَرُّفِ.

(الفتاوی الہندیۃ:6/135)

إنْ كَانَ فِيهِمْ صَغِيرٌ لَا يَجُوزُ أَمْرُهُمْ... وَلَا يَصِحُّ فِي حِصَّةِ الصِّغَارِ... فَلَوْ مِنْهُمْ صَغِيرٌ أَوْ غَائِبٌ أَوْ حَاضِرٌ غَيْرُ رَاضٍ لَمْ يَجُزْ.

(الفتاوی الہندیۃ: 6/ 101-102)

وَلِلْمَرْأَةِ الثُّمُنُ ثَلَاثَةُ أَرْبَاعِ سَهْمٍ... وَلِلْمَرْأَةِ الثُّمُنُ وَهُوَ ثَلَاثَةٌ.

(حاشیہ ابن عابدین: 6/651)

إنَّ اللَّهَ أَعْطَى كُلَّ ذِي حَقٍّ حَقَّهُ، فَلَا وَصِيَّةَ لِوَارِثٍ... إلَّا أَنْ تُجِيزَ وَرَثَتُهُ بَعْدَ مَوْتِهِ.

فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

26/محرم الحرام/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب