| 92006 | ہبہ اور صدقہ کے مسائل | ہبہ واپس کرنے کابیان |
سوال
سائل ایک مسجد میں مؤذن کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ 2020ء میں مسجد کی انتظامیہ نے سائل کو حج کی ادائیگی کے لیے مبلغ 475,000 روپے دیے۔ سائل نے یہ رقم ٹریول ایجنسی کے دفتر میں جمع کرا دی۔پھر اچانک کورونا کی وبا کی وجہ سے 2020ء میں حج منسوخ ہو گیا۔ وہ رقم ٹریول ایجنسی کے پاس ہی رہی تاکہ آئندہ سال سائل حج پر چلا جائے، لیکن 2021ء میں حج کے اخراجات بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے سائل حج پر نہ جا سکا۔
2021ء میں انتظامیہ نے کہا کہ اگر آپ کی اجازت ہو تو وہ رقم، جو آپ کو حج کے لیے دی تھی، واپس لے کر اس رقم سے آپ کو گھر بنا کر دے دینگے۔سائل نے اجازت دے دی۔2026ء تک سائل کو گھر بنا کر نہیں دیا گیا۔ اس دوران کئی بار انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا، مگر ہر بار یہی کہہ کر ٹالتے رہے کہ گھر بنا کر دیں گے۔
پھر 2026ء میں سائل کو بغیر کسی معقول وجہ کے مسجد سےفارغ کر دیا گیا۔اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا وہ رقم مسجد کی انتظامیہ واپس لے سکتی ہے، یا وہ رقم سائل کا حق ہے؟
واضح رہے کہ یہ رقم مسجد کے چندے سے یا مسجد کے فنڈ سے نہیں دی گئی تھی، بلکہ انتظامیہ نے اپنی طرف سے ذاتی رقم دی تھی۔
نوٹ: سائل سے تنقیح پر معلوم ہوا کہ مسجد کی انتظامیہ کے زیر نگرانی تقریبا دو اور مساجد بھی ہیں اور ان کی باقاعدہ ترتیب ہےکہ وہ ان مساجدکے ائمہ اور مؤذنین کو حج کے لیے رقم دیتے ہیں ۔ دوسری مسجد کے امام کو بھی حج کے لیے رقم دی گئی تھی ،لیکن وہ حج پر نہیں جاسکے تو انتظامیہ نے ان سے وہ رقم واپس نہیں لی ۔
مجھے بھی حج کے لیے رقم دی گئی ،جس سے میں نے میزان بینک میں حج کا داخلہ کروایا مگر وہاں نہ ہوسکا تو میں ایک ٹریول ایجنسی کے پاس حج کے داخلے کے لیے رقم جمع کروائی ،لیکن حج کا داخلہ منسوخ ہوگیا ۔اس کے بعد انتظامیہ نے خود مجھے گھر بناکر دینے کی پیشکش کی تو میں اس کو قبول کیا۔ میں نے سوچا مجھ پر حج فرض ہی نہیں ہے، لہذا میں نے انتظامیہ کی اس پیشکش کو قبول کر لیا۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ اگر سائل کو مسجد کی انتظامیہ کی طرف سے حج کی ادائیگی کے لیے مذکورہ رقم بطور ہدیہ دی گئی تھی اور
سائل نے اس رقم پر قبضہ بھی کرلیا تو وہ اس رقم کا مالک بن چکاہے۔
جب سائل نے مذکورہ رقم انتظامیہ کو اس وعدے پر واپس دی کہ اس کے بدلے اسے گھر بنا کر دیا جائے گا، لیکن انتظامیہ نے اپنے وعدے کے مطابق سائل کوگھر بنا کر نہیں دیا۔تو مذکورہ رقم انتظامیہ کے ذمہ سائل کا قرض ہے۔
لہذا انتظامیہ پر لازم ہے کہ سائل کو 475,000 روپے واپس کرے یا وعدے کے مطابق سائل کو اس رقم کے عوض گھر بنا کر دے۔ انتظامیہ کے لیے اس رقم کو بلاجواز اپنے پاس ٹول مٹول کر کے روکے رکھنا جائز نہیں۔
2۔جس شخص کے پاس اتنی مالی استطاعت ہو کہ وہ حج پر آنے جانے اور واپسی تک اہل وعیال کے اخراجات کا انتظام کرسکے تو اس پر حج واجب ہوجاتا ہے۔ حج واجب ہوجانے کے بعد ادا کیے بغیر ساقط نہیں ہوتا۔
اگر کوئی شخص حج کرنے کے لیے کسی کو مال ہبہ(ہدیہ ) کرتا ہے تو اس کا قبول کرنا واجب نہیں، خواہ ہبہ کرنے والا اجنبی شخص ہو یا اپنا رشتہ دار ماں باپ بیٹا وغیرہ۔ لیکن اگر اتنا مال کسی نے ہبہ کیا اور اس کو قبول کر لیا تو حج فرض ہو جائے گا۔
لہٰذا جب سائل کو انتظامیہ کی طرف سے ادائیگی حج کے لیے جو رقم ملی تھی،اگر اس رقم کی وجہ سے سائل کے پاس اتنی مالی استطاعت پیدا ہوگئی تھی کہ وہ وہ حج پر آنے جانے اور واپسی تک اہل وعیال کے اخراجات کا انتظام کرسکتا تھا، تو اس پر حج واجب ہوچکا تھا۔ البتہ اس استطاعت کا حاصل ہونا اس وقت ضروری ہے جب اس کے شہر کے لوگ حج پر جانے کی تیاری کررہے ہوں، جس کی موجودہ صورت یہ ہے کہ حج کی درخواستیں وصول ہونے کا وقت شروع ہوچکا ہو ۔
اگر سائل مذکورہ وقت میں صاحبِ استطاعت ہوگیا، لیکن اس سال حج نہ کرسکا، مثلاً قرعہ اندازی میں نام نہ آیا، تو اس سال حج کی فوری ادائیگی نہ ہونے سے حج کی فرضیت ساقط نہیں ہوگی، بلکہ حج اس کے ذمے لازم رہے گا۔ اگر بعد میں وہ رقم خرچ بھی ہوگئی تو بھی حج بدستور اس کے ذمے لازم رہے گا۔
لہٰذا سائل پر لازم ہے کہ وہ حج کے لیے رقم جمع کرنےکی کوشش کرے، یا اگر قرض لے کر اس کی واپسی کا مناسب انتظام کرسکتا ہو تو قرض لے کر حج ادا کرے،نیز اس پر واجب ہے کہ اپنے ورثاء کےلیے وصیت بھی لکھ کر رکھے کہ اگر میں نے اپنی زندگی میں حج کیا تو ٹھیک، ورنہ میری طرف سے کسی کو حجِ بدل پر بھیجنا۔
لیکن اگر سائل کو یہ رقم حج کی درخواستوں کا وقت شروع ہونے سے پہلے ملی تھی اور اس نے درخواستوں کا وقت آنے سے پہلے ہی وہ رقم کسی دوسرےمصرف میں خرچ کردی تھی، تو ایسی صورت میں اس پر سرے سے حج فرض ہی نہیں ہوا تھا؛ لہٰذا بعد میں اس کے ذمے حج کی ادائیگی یا حجِ بدل کی وصیت لازم نہیں ہوگی۔
حوالہ جات
( مسند أحمد:23605)
عن أبی حمید الساعدی ،أن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال:"لا یحل لامرئ أن یأخذ مال أخیہ بغیر حق، و ذلک لما حرم اللہ مال المسلم علی المسلم .
وفي رواية: لا يحل للرجل أن يأخذ عصا أخيه بغير طيب نفس.
(الفتاوی الهندية :4/377):
ولا يتم حكم الهبة إلا مقبوضة ويستوي فيه الأجنبي والولد إذا كان بالغا، هكذا في المحيط.
(الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار)5/690) :
(وتتم) الهبة (بالقبض) الكامل (ولو الموهوب شاغلا لملك الواهب لا مشغولا به) والأصل أن الموهوب إن مشغولا بملك الواهب منع تمامها، وإن شاغلا لا، فلو وهب جرابا فيه طعام الواهب أو دارا فيها متاعه، أو دابة عليها سرجه وسلمها كذلك لا تصح وبعكسه تصح في الطعام والمتاع والسرج فقط لأن كلا منها شاغل الملك لواهب لا مشغول به لأن شغله بغير ملك واهبه لا يمنع تمامها كرهن وصدقة لأن القبض شرط تمامها.
(البحر الرائق شرح كنز الدقائق: 2/337):
وکذا لو وهب لہ مال لیحج بہ لایجب علیہ القبول؛لان شرائط اصل الوجوب لا یجب علیہ تحصیلھاعند عدمھا.
(الفتاوى العالمكيرية (الفتاوى الهندية): 1/217):
وَلَوْ وُهِبَ لَهُ مَالٌ لِيَحُجَّ بِهِ لَا يَجِبُ عَلَيْهِ قَبُولُهُ سَوَاءٌ كَانَ الْوَاهِبُ مِمَّنْ تُعْتَبَرُ مِنَّتُهُ كَالْأَجَانِبِ أَوْ لَا تُعْتَبَرُ كَالْأَبَوَيْنِ وَالْمَوْلُودِينَ
(الدر المختار :2/ 457) :
وقالوا: لو لم يحج حتى أتلف ماله وسعه أن يستقرض ويحج ولو غير قادر على وفائه ويرجى أن لا يؤاخذه الله بذلك أي لو ناوياً وفاء إذا قدر كما قيده في الظهيرية.
(رد المحتار:524/3) :
فإن قدر ثم عجز قبل الخروج إلى الحج تقرر دينا في ذمته، فيلزمه الإحجاج، فلو خرج ومات في الطريق لم يجب الإيصاء لأنه لم يؤخر بعد الإيجاب.
(الفتاوى الهندية :1/ 219):
ثم ما ذكر من الشرائط لوجوب الحج من الزاد والراحلة وغير ذلك يعتبر وجودها وقت خروج أهل بلده إلى مكة حتى لو ملك الزاد والراحلة في أول السنة قبل أشهر الحج وقبل أن يخرج أهل بلده إلى مكة فهو في سعة من صرف ذلك إلى حيث أحب وإذا صرف ماله ثم خرج أهل بلده لا يجب عليه الحج فأما إذا جاء وقت خروج أهل بلده فيلزمه التأهب فلا يجوز له صرفه إلى غيره فإن صرفه إلى غير الحج أثم وعليه الحج كذا في البدائع.
( غنیة الناسك :14):
لو لم یحج حتی افتقر تقرر وجوبه دیناً فی ذمته بالاتفاق، ولا یسقط عنه بالفقر سواء هلك المال أو استهلکه.
(الفتاوى العالمكيرية (الفتاوى الهندية): 1/219):
فَأَمَّا إذَا جَاءَ وَقْتُ خُرُوجِ أَهْلِ بَلَدِهِ فَيَلْزَمُهُ التَّأَهُّبُ فَلَا يَجُوزُ لَهُ صَرْفُهُ إلَى غَيْرِهِ فَإِنْ صَرَفَهُ إلَى غَيْرِ الْحَجِّ أَثِمَ وَعَلَيْهِ الْحَجُّ... أَوْ كَانَ قَادِرًا فِي أَشْهُرِ الْحَجِّ إنْ كَانُوا يَخْرُجُونَ فِيهَا وَلَمْ يَحُجَّ حَتَّى افْتَقَرَ تَقَرَّرَ دَيْنًا.
(الفتاوى العالمكيرية (الفتاوى الهندية): 1/219):
حَتَّى لَوْ مَلَك الزَّادَ وَالرَّاحِلَةَ فِي أَوَّلِ السَّنَةِ قَبْلَ أَشْهُرِ الْحَجِّ وَقَبْلَ أَنْ يَخْرُجَ أَهْلُ بَلَدِهِ إلَى مَكَّةَ فَهُوَ فِي سَعَةٍ مِنْ صَرْفِ ذَلِك إلَى حَيْثُ أَحَبَّ، وَإِذَا صَرَفَ مَالَهُ ثُمَّ خَرَجَ أَهْلُ بَلَدِهِ لَا يَجِبُ عَلَيْهِ الْحَجُّ.
فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
05/ربیع الثانی/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


