| 91094 | طلاق کے احکام | طلاق کو کسی شرط پر معلق کرنے کا بیان |
سوال
میں نے اپنے ایک دوست سےکہا، جو نماز قضا کر دیتا تھا کہ آئندہ نماز قضا نہ کیا کروگے۔ اس نے جواب میں کہا کہ پھر آپ بھی آئندہ اپنی داڑھی نہ کاٹا کریں، جبکہ اس وقت میں داڑھی انگریزی انداز میں، یعنی مشین سے ایک خاص سائز تک کٹواتا تھا۔اس پر ہم دونوں نے آپس میں ایک معاہدہ کیا۔ میرے دوست نے مجھے تین کنکریاں دیں اور کہا کہ انہیں پھینک کر عہد کرو۔ میں نے وہ تینوں کنکریاں پھینک دیں اور کہا:"آج کے بعد میں سنت کے مطابق داڑھی رکھوں گا۔ اگر سنت کے مطابق داڑھی نہ رکھی تو میری گھر والی مجھ پر طلاق ہو گی، ایک، دو، تین۔"اس کے بعد میں نے وہی تین کنکریاں اپنے دوست کو دیں اور اس نے بھی اسی طرح قسم اٹھائی۔
اس واقعے کے بعد تقریباً چھ سال تک میری داڑھی سنت کے مطابق، یعنی ایک مشت (مٹھی) کے برابر رہی۔چھ سال بعد ایک دن میں بال بنوانے کے لیے نائی کے پاس گیا۔ رات کا وقت تھا۔ میں نے نائی کو واضح طور پر ہدایت دی کہ میری داڑھی سنت کے مطابق ہی رہنی چاہیے، یعنی ایک مشت سے کم نہ کرنا، صرف زائد بال کاٹنے ہیں، لیکن اس کی نظر کمزور تھی، اس نے غلطی سے داڑھی ایک مشت سے کم کر دی۔ جب میں نے دیکھا تو میں نے اسے منہ ماری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تمہیں پہلے ہی منع کیا تھا، پھر بھی تم نے داڑھی ایک مشت سے کم کر دی۔
اس کے بعد دوبارہ تقریباً پانچ سال تک میری داڑھی ایک مشت کے مطابق رہی۔چند روز پہلے میں دوبارہ بال بنوانے گیا۔ میں نے نائی سے کہا کہ صرف غیر ضروری بال، مثلاً داڑھی کے نچھلےحصےیعنی حلق کے اوپر جوزائد بال کاٹنے ہیں۔ میں اپنے خیال میں تھا، جبکہ نائی داڑھی کو مٹھی میں پکڑےبغیرکنگھی کے ساتھ داڑھی برابر کرتا رہا، یہاں تک کہ اس نے دوبارہ داڑھی ایک مشت سے کم کر دی۔ جب میں نے آئینے میں دیکھا تو داڑھی ایک مشت سے کم ہو چکی تھی۔ میں نے نائی سے کہا کہ تم نے داڑھی کم کر دی ہے، جبکہ کل مجھے ایک ایسی جگہ جانا ہے جہاں معاہدہ کرنے کے باوجود اس کے خلاف عمل کرنے کی وجہ سے میری شرمندگی ہوگی۔
اب سوال یہ ہے:کہ 1.کیا مذکورہ صورت میں میری بیوی پر طلاق واقع ہوئی یا نہیں؟٢. اگر طلاق واقع ہوئی ہے تو کتنی ہوئی؟ کیونکہ میں نے "تین شرط" کے الفاظ نہیں کہے تھے، بلکہ "طلاق، ایک،دو،تین" کہا تھا اور ساتھ تین کنکریاں بھی پھینکی تھیں۔٣. اگر طلاق واقع ہو چکی ہے تو اب اس کا شرعی حکم اور آئندہ میرے لیے کیا لائحہ عمل ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
اگر سوال میں بیان کردہ واقعہ حقیقت کے مطابق ہے کہ آپ نے طلاق کو اپنے فعل، یعنی سنت کے مطابق داڑھی نہ رکھنے پر معلق(مشروط) کیا تھا، لیکن حجام (نائی)نے آپ کی واضح ہدایت کے خلاف داڑھی ایک مشت سے کم کر دی، تو آپ کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی اور نکاح بدستور قائم ہے۔
دراصل وجہ یہ ہے کہ آپ نے حجام کو صاف الفاظ میں کہا تھا کہ داڑھی ایک مشت سے کم نہ کرے، لیکن اس نے آپ کی ہدایت کے خلاف ایسا کر دیا۔ اس لیے داڑھی ایک مشت(سنت کی مقررہ مقدار) سے کم ہونا آپ کا اپنا فعل نہیں، بلکہ حجام کی غلطی تھی، لہٰذا طلاق کی شرط شرعاً پوری نہیں ہوئی۔
البتہ آئندہ کے لیے طلاق کو معلق (مشروط ) کرنے سے سخت اجتناب کریں اور اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کریں؛ کیونکہ اگر کبھی آپ کے اپنے حکم یا رضامندی سے داڑھی ایک مشت سے کم کی گئی، تو معلق طلاق واقع ہو جائے گی، جس کے نہایت سنگین شرعی نتائج ہوں گے۔ اس لیے نکاح جیسی عظیم نعمت کو ایسی خطرناک تعلیقات(شرائط) کا ذریعہ نہ بنائیں۔
حوالہ جات
(حاشیہ ابن عابدین: 3/ 248-755 )
(وَحَنِثَ فِي لَا يَخْرُجُ) مِنْ الْمَسْجِدِ (إنْ حُمِلَ وَأُخْرِجَ) مُخْتَارًا (بِأَمْرِهِ وَبِدُونِهِ) بِأَنْ حُمِلَ مُكْرَهًا (لَا) يَحْنَثُ (وَلَوْ رَاضِيًا بِالْخُرُوجِ) فِي الْأَصَحِّ (وَمِثْلُهُ لَا يَدْخُلُ أَقْسَامًا وَأَحْكَامًا وَإِذَا لَمْ يَحْنَثْ) بِدُخُولِهِ بِلَا أَمْرِهِ أَوْ بِزَلَقٍ أَوْ بِعَثَرٍ أَوْ هُبُوبِ رِيحٍ أَوْ جَمْحِ دَابَّةٍ عَلَى الصَّحِيحِ ظَهِيرِيَّةٌ (لَا تَنْحَلُّ يَمِينُهُ) لِعَدَمِ فِعْلِهِ... (قَوْلُهُ لَا يَحْنَثُ) لِأَنَّ الْفِعْلَ وَهُوَ الْخُرُوجُ لَمْ يَنْتَقِلْ إلَى الْحَالِفِ لِعَدَمِ الْأَمْرِ وَهُوَ الْمُوجِبُ لِلنَّقْلِ فَتْحٌ (قَوْلُهُ فِي الْأَصَحِّ) وَقِيلَ يَحْنَثُ إذَا حَمَلَهُ بِرِضَاهُ لَا بِأَمْرِهِ لِأَنَّهُ لَمَّا كَانَ يَقْدِرُ عَلَى الِامْتِنَاعِ فَلَمْ يَفْعَلْ صَارَ كَالْآمِرِ. وَجْهُ الصَّحِيحِ أَنَّ انْتِقَالَ الْفِعْلِ بِالْأَمْرِ لَا بِمُجَرَّدِ الرِّضَا وَلَمْ يُوجَدْ الْأَمْرُ وَلَا الْفِعْلُ مِنْهُ فَلَا يُنْسَبُ الْفِعْلُ إلَيْهِ.
) النهاية في شرح الهداية، لعلامہ سغناقی: 8/ 128(
وَالثَّانيةُ: أَنَّ الرَّجُلَ إذَا عَلَّقَ طَلَاقَ امْرَأَتِهِ بِشَرْطٍ، ثُمَّ حَلَفَ أَنْ لَا يُطَلِّقَ امْرَأَتَهُ، ثُمَّ وُجِدَ الشَّرْطُ لَا يَحْنَثُ، فَلَوْ كَانَ وُجُودُ الشَّرْطِ بِمَنْزِلَةِ التَّطْلِيقِ حَقِيقَةً لَحَنِثَ؛ وَلِأَنَّهُ لَمْ يُوجَدْ مِنْهُ صُنْعٌ بَعْدَ التَّعْلِيقِ فِي حَالَةِ الصِّحَّةِ فِي حَقِّ وُجُودِ الشَّرْطِ، وَلَا كَانَ مُتَمَكِّنًا مِنْ الْمَنْعِ؛ لِأَنَّ مَا كَانَ يَقْدِرُ عَلَى إبْطَالِ التَّعْلِيقِ وَلَا عَلَى مَنْعِ الْأَجْنَبِيِّ مِنْ إيجَادِ الشَّرْطِ فَلَا يَكُونُ ظَالِمًا،فَلَمْ يَتَرَتَّبْ عَلَيْهِ مَا تَرَتَّبَ عَلَى الْفَارِّ الظَّالِمِ.
فداءالرحمن بن ضیاءالرحمن
دارالافتاء جامعہ الرشید کراچی
23/محرم الحرام/8144ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن | مفتیان | مفتی محمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


