03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
فائنل ایکسپینس انشورنس کی فروخت کا حکم
90946سود اور جوے کے مسائلانشورنس کے احکام

سوال

السلام علیکم! اسلام آباد میں قائم متعدد کال سینٹرز، امریکہ میں مقیم بزرگ افراد (65 سال یا زائد) کو ایک پالیسی فروخت کرتے ہیں جسے «فائنل ایکسپینس انشورنس» کہتے ہیں۔ خریدار ماہانہ 70 سے 100 ڈالر پریمیم دیتا ہے، اور انتقال پر ورثاء کو 8 سے 10 ہزار ڈالر صرف تدفین و جنازے کے اخراجات کے لیے ملتے ہیں۔ یہ ہیلتھ انشورنس سے مختلف ہے، کیونکہ وہاں ادائیگی بیماری یا حادثے پر منحصر ہے جو غیریقینی امر ہے، جبکہ یہاں ادائیگی صرف موت پر منحصر ہے جو ہر انسان کے لیے قطعی اور یقینی حقیقت ہے۔ نیز مغربی معاشرے میں خاندانی نظام نہ ہونے کی وجہ سے تنہا بزرگ اپنے بعد از مرگ اخراجات کا بندوبست خود اسی طریقے سے کرتے ہیں۔ سوال: کیا یہ پالیسی فروخت کرنا اور اس پر کمیشن لینا شرعاً جائز ہے یا ناجائز؟ جزاک اللہ

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ شریعت مطہرہ میں ایسا مالی معاملہ جائز نہیں جس میں سود پایا جائے، جس کی ایک صورت یہ ہے کہ ایک شخص سے رقم لے کر اس کے ورثاء کو اس سے زائد رقم دینے کی ضمانت دی جائے۔یعنی اس کو اس بات کی یقین دہانی کروائی جائے کہ اس کی وفات پراس کے ورثاءکو  اس سے زائد رقم دی جائے گی۔

اسی طرح وہ معاملہ بھی جائز نہیں جس میں غرر (غیر یقینی صورت حال )ہو،یعنی معاملہ کا انجام یا فریقین میں سے کسی کے نفع و نقصان کی مقدار نا معلوم ہو ۔ نیز ایسا معاملہ بھی ناجائز ہےجس میں قمار(جوا) کی صورت ہو،یعنی ایک فریق کی رقم ضائع ہونےاور دوسرے فریق کو زیادہ رقم ملنے کا احتمال ہو۔

یاد رہے کہ  جب شریعت میں اصل معاملہ ناجائز ہوتو اس کی دلالی کرنا ،اس کی تشہیر کرنا اور اس پر کمیشن لینا بھی جائز نہیں۔

مذکورہ تمہید کی روشنی میں امریکہ میں مقیم بزرگ افراد کو جو "فائنل ایکسپینس انشورنس"پالیسی فروخت کی جاتی ہے، اس میں خریدار ہر ماہ 70 سے 100 ڈالر پریمیم ادا کرتا ہے اور اس کے انتقال کے بعد اس کے ورثاء کو 8 سے 10 ہزار ڈالر جنازہ اور تدفین کے اخراجات کے لیے دیے جاتے ہیں، اگرچہ موت ہر انسان کے لیے یقینی ہے، لیکن موت کا وقت متعین اور معلوم نہیں۔ اسی وجہ سے اس پالیسی میں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ خریدار مجموعی طور پر کتنی قسطیں ادا کرے گا اور کمپنی کو اس سے کتنی رقم حاصل ہوگی۔

مثلاً ایک شخص نے صرف چھ ماہ تک 100 ڈالر ماہانہ کے حساب سے 600 ڈالر جمع کروائے اور پھر اس کا انتقال ہوگیا، تو اس کے ورثاء کو 8 یا 10 ہزار ڈالر مل جائیں گے۔ اس کے برعکس ایک دوسرا شخص دس سال تک 100 ڈالر ماہانہ کے حساب سے 12 ہزار ڈالر پریمیم ادا کرتا رہے، لیکن اس کی وفات کے بعد اس کے ورثاء کو صرف 8 یا 10 ہزار ڈالر ہی ملیں۔ بلکہ بعض صورتوں میں اگر پالیسی بند کر دی جائے یا پریمیم ادا کرنا چھوڑ دیا جائے تو ادا کی ہوئی رقم بھی ضائع ہو سکتی ہے۔

 لہٰذا اس معاملہ میں ایک فریق کو بہت کم رقم دے کر زیادہ رقم حاصل ہونے کا امکان ہے اور دوسرے فریق کو زیادہ رقم ادا کرنے کے باوجود کم رقم ملنے یا کچھ بھی نہ ملنے کا احتمال ہے،جو کی صاف صاف سودی معاملہ ہے،نیز یہی غیر یقینی پن اور نفع و نقصان کا غیر متوازن ہونا غرر اور قمار کی صورت پیدا کرتا ہے،جس کی وجہ سے مذکورہ معاملہ ناجائز  ہوجاتا ہے۔

مزید یہ کہ عام کمرشل انشورنس کمپنیوں کے مالی معاملات عموماً سودی سرمایہ کاری اور سودی لین دین سے خالی نہیں ہوتے۔ اس لیے مذکورہ Final Expense Insurance پالیسی بھی عام تجارتی انشورنس کے حکم میں ہوگی اور شرعا  "فائنل ایکسپنس انشورنس"کی پالیساں خریدنا جائز نہیں ۔

جب بنیادی انشورنس معاہدہ ہی سود، غرر اور قمار پر مشتمل ہونے کی وجہ سے شرعاً ناجائز ہو، تو اس کی ترویج کرنا، لوگوں کو اس پالیسی کے لیے آمادہ کرنا، پالیسی فروخت کروانا اور اس کے عوض کمیشن لینا بھی جائز نہیں؛ کیونکہ دلال یا ایجنٹ کی اجرت اسی وقت جائز ہوتی ہے جب اس کا اصل کام شرعاً جائز ہو۔

لہٰذا مذکورہ Final Expense Insurance پالیسی کو فروخت کرنا اور اس پر کمیشن لینا شرعاً ناجائز ہے۔

حوالہ جات

(صحیح مسلم، کتاب  المساقات، ج:3، ص:1219، ط:داراحیاءالتراث العرب)

عن جابر قال: عَنْ جَابِرٍ، قَالَ: «لَعَنَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اٰكِلَ الرِّبَا، وَمُؤْكِلَهُ، وَكَاتِبَهُ، وَشَاهِدَيْهِ»، وَقَالَ: «هُمْ سَوَاءٌ».

 ( تکملۃ فتح الملھم،ج 2 ص 619):

 قولہ" کاتبہ " لان کتابۃ الربا اعانۃ علیہ ومن ھنا ظھر ان التوظف فی البنوک الربویہ لا یجوز فان کان التوظف فی البنک ما یعین علی الربا کالکتابۃ و الحساب فذلک حرام بوجھین : الاول:اعانۃ علی المعصیۃ والثانی : اخذ الاجرۃ من المال الحرام الخ .

اللہ تعالی قرآن مجید میں ارشاد فرماتے ہیں:

﴿ يَآ أَيُّهَا الَّذِينَ اٰمَنُوآ اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُون﴾ [المائدة: 90]

(الجامع لاحکام القرآن (تفسير القرطبي،سورة البقرة، رقم الآية:188، ج:2/338، ط:دارالكتب المصرية)

وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ وَتُدْلُوا بِهَا إِلَى الْحُكَّامِ لِتَأْكُلُوا فَرِيقًا مِنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ.

الْخِطَابُ بِهَذِهِ الْآيَةِ يَتَضَمَّنُ جَمِيعَ أُمَّةِ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَالْمَعْنَى: لَا يَأْكُلُ بَعْضكُمْ مَالَ بَعْضٍ بِغَيْرِ حَقٍّ. فَيَدْخُلُ فِي هَذَا: الْقِمَارُ وَالْخِدَاعُ وَالْغُصُوبُ وَجَحْدُ الْحُقُوقِ، وَمَا لَاتَطِيبُ بِهِ نَفْسُ مَالِكِهِ، أَوْ حَرَّمَتْهُ الشَّرِيعَةُ وَإِنْ طَابَتْ به نفس مالكه، كهر الْبَغِيِّ وَحُلْوَانِ الْكَاهِنِ وَأَثْمَانِ الْخُمُورِ وَالْخَنَازِيرِ وَغَيْرِ ذَلِكَ...

(حاشیۃ ابن عابدین ،کتاب الکراھیة، فصل في البیع، 6/403، ط: سعید)
وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه،ويجوز أن

 يستفيد   مال صاحبه وهو حرام بالنص.

(تفسیرِ ابن کثیر سورةالبقرة، الآية: 279، 554/1، ط: دار الكتب العلمية)

ثم قال تعالى: (وَإِنْ تُبْتُمْ فَلَكُمْ رُؤُسُ أَمْوالِكُمْ لَا تَظْلِمُونَ)  أي بأخذ الزيادة ولا تظلمون أي بوضع رؤوس الأموال أيضا، بل لكم ما بذلتم من غير زيادة عليه ولا نقص منه.

            القرآن  الکریم(المائدة:2):

وتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ ۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6/ 55):

(لا تصح الإجارة لعسب التيس) وهو نزوه على الإناث (و) لا (لأجل المعاصي مثل الغناء والنوح والملاهي)۔۔۔ وفي المنتقى: امرأة نائحة أو صاحبة طبل أو زمر اكتسبت مالا ردته على أربابه إن علموا وإلا تتصدق به، وإن من غير شرط فهو لها: قال الإمام الأستاذ لا يطيب، والمعروف كالمشروط اهـ. قلت: وهذا مما يتعين الأخذ به في زماننا لعلمهم أنهم لا يذهبون إلا بأجر ألبتة .

فداءالرحمن بن ضیاءالرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

08/محرم الحرام/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب