03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مقررہ قیمت فروخت سے زائد رقم بطور کمیشن طے کرنےکا حکم
80579اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

ہم پلاسٹک پیکجنگ کا سامان تیار کرکے سیلز مین کے ذریعے سے مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں۔سیلز کو دفتر اور بجلی وپانی کی سہولت کمپنی فراہم کرتی ہے۔سیلز مین خریدار کو تلاش کرکے مال فروخت کرتا ہے اور مقررہ وقت پر رقم وصول کرکے کمپنی کو لاکردینا بھی اسی کی ذمہ داری ہوتی ہے،چنانچہ اگر کسی وجہ سے رقم وصول نہ ہوسکے تو سیلز مین ہی اس کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ ان کو کمیشن دینے کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے بتائے گئے ریٹ سے اوپر جتنے میں فروخت ہو اس اوپر والی رقم کا نصف سیلز مین کو بطور کمیشن ملے گا۔]اگر خریدار بڑا ہو اور وہ کمپنی کے بتائے گئے ریٹ سے اوپر پیسے نہ دے رہا ہو تو ایسی صورت میں کمپنی کی جانب سے 5 روپے سیلز مین کو بطور کمیشن دیا جاتا ہے۔[کمپنی کا ریٹ مدت کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے جو کہ ایک فارم پر لکھا ہوتا ہے،مثلا 30 دن میں پیمنٹ واپس ملنی ہو تو 300 روپے ،60 دن میں ملنی ہو تو 320 روپے،90 دن میں ملنی ہو تو 340 روپے۔سیلز مین کو پہلے کمیشن دیتے وقت فارم پر لکھی ہوئی مدت کا اعتبار کیا جاتا تھا چاہے پھر پیمنٹ وقت پر ملتی یانہ ملتی۔لیکن جب کمپنی کو یہ مسئلہ بکثرت پیش آیا کہ فارم پر 30 دن لکھے ہوتے جبکہ پیمنٹ 50 دن میں واپس ملتی،حالانکہ 30 دن کے اعتبار سیلز مین کا کمیشن زیادہ اور 50 دن کے اعتبار سے کم بنتا تھا۔اس مسئلے کے حل کے طور پر یہ طریقہ طے کیا گیا ہے کہ آئندہ کمیشن کے لیے فارم پر لکھی گئی مدت کو نہیں دیکھا جائے گا ،بلکہ جب رقم واپس ملے گی تو اسی مدت کے اعتبار سے کمیشن مل جائے گا۔مثلا اگر فارم پر 30 دن لکھا تھا جس کے اعتبار سے کمیشن 50 روپے بننا تھا لیکن رقم کی واپسی 40 دن میں ہوئی تو اب دوسرے درجے کا کمیشن یعنی 15 روپے ملے گا۔گویا کہ فارم پر کرتے وقت یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کمیشن کتنا بنے گا۔دوسری جانب اگر فارم پر کسی سیلز مین نے احتیاطا دوسرے درجے کی رقم واپسی کی مدت لکھ دی یعنی یہ لکھا کہ 60 دن میں رقم واپس ملے گی ،لیکن وہ 30 دن میں رقم واپس لے آیا تو اب اسے پہلے درجے والے یعنی 30 دن کے کمیشن کی بجائے لکھی ہوئی مدت یعنی دوسرے درجے کا ہی کمیشن دیا جائے گا۔

اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا اس طرح کمیشن طے کرنا جائز ہے؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

اجرت کا متعین اور معلوم ہونا ضروری ہے ،جبکہ کمیشن طے کرنے کے مندرجہ بالا گزشہ و موجودہ دونوں طریقوں میں اجرت متعین نہیں ہے ،بلکہ ایک طے شدہ قیمت سے زائد جتنی رقم ہو اس کے نصف کو اجرت طے کیا گیا اور یہ بات بالکل معلوم نہیں ہوتی کہ مال طے شدہ قیمت سے زائد کتنے روپے میں فروخت ہوگا۔ لہذا یہ طریقے اختیار کرنا درست نہیں،البتہ اس کا متبادل یہ ہوسکتا ہے کہ ایک مخصوص رقم کو خواہ وہ کم ہی کیوں نہ ہو بطور اجرت متعین کردیا جائے جو کام مکمل کرنے کی صورت میں ہر حال میں ملے ،جبکہ باقی اجرت کو رقم کی واپسی کی مدت کے ساتھ منسلک کردیا جائے ،مثلا 5 روپے متعین اجرت ہو اور باقی 30 ،15 روپے،رقم کی واپسی کی مدت 30 ، 60 سے منسلک ہوں۔

دوسری بات یہ بھی سمجھ لینی چاہیے کہ اگر کمیشن ایجنٹ اپنے طور پر خریدار کی ہر ممکنہ تحقیق کرے اور اس کے بعد بھی رقم واپس نہ مل سکے مثلا خریدار پیسے دئیے بغیر غائب ہوجائے اور اس میں کمیشن ایجنٹ کی کوئی کوتاہی یا غلطی نہ ہو تو اسے اس رقم کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

حوالہ جات

الفتاوى الهندية (4/ 451)

دفع ثوبا إليه وقال بعه بعشرة فما زاد فهو بيني وبينك قال أبو يوسف - رحمه الله تعالى - إن باعه بعشرة أو لم يبعه فلا أجر له وإن تعب له في ذلك، ولو باعه باثني عشر أو أكثر فله أجر مثل عمله وعليه الفتوى هكذا في الغياثية۔

المعاییر الشرعیۃ ( المعیار الشرعی 34 ،البند 5/4)

الاجیر الخاص لایضمن الھلاک الا عند التعدی او التقصیر او مخالفۃ الشروط

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

4ذو الحج 1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب