| 88417 | طلاق کے احکام | تحریری طلاق دینے کا بیان |
سوال
میرا نکاح دختر محمد عارف سے 2012 میں ہوا جس سے دو بیٹیاں ہوئیں، جن کی عمریں بالترتیب 12 اور 4 سال ہیں، اور وہ فی الحال میرے زیرِ سایہ ہیں۔ جولائی 2023 کو اہلیہ کی غیر مناسب سرگرمیوں کا علم ہوا، جس کے ردعمل میں میرے والدین نے اہلیہ کو بچوں سمیت والدین کے ہمراہ ان کے گھر بھیج دیا، اور اہلیہ کو طلاق دینے کے لئے کہا، لیکن اہلیہ کو درگزر کرتے ہوئے طلاق دینے سے اجتناب کیا جس پر والدین نے مجھ سے قطع تعلق کرتے ہوئے گھر سے بے دخل کر دیا، اور میں اپنی بیوی بچوں کے پاس سسرال منتقل ہو گیا، جہاں 20 جنوری 2025 تک حتیٰ الوسع اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ دوران قیام ازدواجی زندگی میں کشیدگی رہی ۔ اپنی اہلیہ کو بارہا علیحدہ گھر میں رہنے کی پیشکش کی تاکہ پرسکون اور آزادانہ زندگی بسر کر سکیں، مگر ان کی اپنے والدین کی خدمت کا جذبہ اور دباؤ اکثر اس میں حائل رہا۔ 20 جنوری 2025 کے دن اہلیہ کو رشتہ دار کے گھر جانے سے منع کرنے پر ان کے والد نے بےجا مداخلت کرتے ہوئے میرے ساتھ نہایت بدتمیزی، توہین آمیز سلوک کیا اور تنقید کا نشانہ بنایا۔ جس پر مجھے بھی غصہ آیا اور تلخ کلامی کے دوران میں نے بھی اپنے حقوق اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سسرال میں مزید قیام سے انکار کیا۔ جواباً مجھے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا، اور اہلیہ سے ہر طرح کا رابطہ منقطع کر دیا گیا، مجھے نہ ملاقات کی اجازت ملی اور نہ ہی بات چیت ممکن ہو سکی۔ اپنے سسر سے گزشتہ تلخ کلامی پر معافی /صلح کی غرض سے ان کے رشتہ دار اور دوست کے ذریعے مفاہمت کی کوششیں کی، جسے میرے سسر نے اپنی توہین سمجھتے ہوئے طلاق کا مطالبہ کیا ،نہ دینے کی صورت میں عدالتی کاروائی کا عندیہ دیا۔ اپنا گھر بچانے کے لئے صلح کی متعدد کوششیں کیں، جو ان کی ہٹ دھرمی اور انا پرستی کے باعث بے سود رہیں،یہاں تک کے اپنے والدین جو کہ پہلے ہی اہلیہ کو طلاق نہ دینے پر مجھ سے شدید ناراض تھے اور قطع تعلق کر چکے تھے کو بھی بڑی منتوں کے بعد معاملہ حل کرنے پر راضی کیا جس پر میرے والد اختلاف کے باوجود میرے سسر کے پاس گئے،مگر انھوں نے صلح اس بات سے مشروط کی کہ اہلیہ کو واپس اپنے گھر میں رکھیں ،جہاں سے نکالا گیا تھا جو کہ میرے بس میں نہیں تھا۔ جبکہ میرے والدین اور فیملی کے دیگر افراد کو یہ شرط قبول نہیں تھی۔ اس کے برعکس دوسری ملاقات میں میرے والد نے الگ سے دوسری جگہ رہائش فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی جسے میرے سسر نے رد کر دیا اور طلاق پر زور دیا، طلاق سے انکار پر انہوں نے عدالت میں کیس دائر کر دیا۔ جسے میرے والد نے ان کی ذاتی انا اور انتقام سمجھتے ہوئے مجھے طلاق دینے کا بول دیا، نہ دینے پر پھر سے ہمیشہ کے لئے گھر سے بے دخل اور عاق کرنے کا کہا گیا۔ میری ہر ممکن کوشش کے باوجود باہمی خاندانی تنازع و دباؤ پر میرے اختیار میں کچھ نہیں رہا ،نہ چاہتے ہوئے بھی بے بسی اور مجبوری میں خاندانی جبر و عدالتی دباؤ پر طلاق کے پیپر پر دستخط کرنے پڑے، جس پر 3 طلاقیں درج تھیں۔ اس کے علاوہ،نہ میں نے انہیں زبانی طلاق دی اور نہ میری ایسی نیت تھی۔
عدت کے دوسرے مہینے (10 مارچ 2025) کو میری اہلیہ نے مجھ سے رابطہ کیا ،معافی مانگی اور پرانی باتوں پر ندامت و افسوس کرتے ہوئے رجوع کی خواہش کی، اور اعتراف کیا کہ اپنے والد کی انا اور شدید دباؤ پر مجبور تھی اور چاہتے ہوئے بھی کچھ نہ کر سکی۔ اسکے بعد سے ہم فون کالز، واٹس ایپ پیغامات، ویڈیو کالز کے ذریعے رابطے میں رہے، اس دوران چند ملاقاتیں بھی ہوئیں،اہلیہ کی والدہ سمیت 2 خواتین ہمارے رابطے سے واقف ہیں، رجوع کے بعد میں نے اہلیہ کے اخراجات و ضروریات زندگی بشمول اخلاقی و مالی فراہم کی تاکہ وہ آرام و سکون سے رہ سکے۔ اہلیہ نے دوران عدت اپنے والد سے رجوع کی خواہش کا اظہار کیا، مگر ان کو جان سے مارنے، قطع تعلق کرنے، خاندان سے بیدخل کرنے یہاں تک کے مجھے بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ اہلیہ نے والد کے دوست و رشتہ داروں کو مختلف مواقع پر اپنے والد کے پاس بھیجا، تاکہ وہ اس معاملے پر نظر ثانی فرمائیں مگر وہ اپنی ضد پر ڈٹے رہے ان کے مطابق طلاق ہو چکی ہے اور وہ رجوع کو نہیں مانتے اور حلالہ کی بات کرتے ہیں۔ جس پر مجھے اہلیہ کی جانب سے اس معاملہ پر شرعی راہنمائی کا کہا گیا۔
براہِ کرم، قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔ کیا باہمی خاندانی دباؤ اور جبر سے شوہر کو طلاق دینے پر مجبور کرنا شرعاً جائز ہے؟ کیا مذکورہ صورت میں طلاق شرعی طور پر واقع ہو چکی؟ کیا شوهر اور بیوی کے درمیان رجوع پر والدین کی رضامندی ضروری ہے؟ اہلیہ کے والدین کا بیٹی کو شوہر سے روکنا، دوسرا نکاح یا حلالہ کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز ہے جبکہ رجوع ثابت ہو۔
وضاحت:سائل نے وضاحت دی کہ عدالتی دباؤ سے مراد سسر کی جانب سے عدالت میں خلع کا کیس دائر کرنا ہے۔نیز جس وقت والد نے عاق کرنے اور گھر سے نکالنے کی دھمکی دی تو اس وقت وہ مالی اعتبار سے تنگی کا شکار نہیں تھا اور ایک الگ گھر میں بیوی بچوں کو رکھنے کی استطاعت رکھتا تھا۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
عاق کرنے کی شرعی و قانونی کوئی حیثیت نہیں اور نہ ہی شوہر کی رضامندی کے بغیر یکطرفہ عدالتی خلع کا شریعت میں کوئی اعتبار ہے نیز علیحدہ گھر کی استطاعت رکھنے کی وجہ سے گھر سے نکالے جانے کی دھمکی بھی غیر مؤثر ہے۔اس لیے سوال میں مذکورہ صورت حال شرعی طور پر موثر اور معتبر جبر و اکراہ میں شامل معلوم نہیں ہوتی،چنانچہ طلاق نامے میں لکھے گئے الفاظ سے تین طلاق واقع ہوگئیں ۔
اگر ایک یا دو طلاق رجعی کے بعد شوہر بیوی سے دوران عدات رجوع کرنا چاہے تو وہ رجوع کرسکتا ہے اس پر کسی سے اجازت لینا لازم نہیں۔ اور والدین کے لیے بھی بغیر کسی شرعی عذر کے زوجین کو رجوع سے روکنا درست نہیں،البتہ تین طلاقوں کے بعد پہلے شوہر کے پاس واپس جانے کی صرف ایک ہی صورت ہوتی ہے اور وہ یہ کہ عدت پوری کرنے کے بعدکوئی دوسرا شخص مطلقہ خاتون سےغیرمشروط نکاحِ صحیح کرکے ہمبستری کرے اور پھر وہ وفات پاجائے یا کسی وجہ طلاق دے دے اور وہ خاتون دوبارہ عدت گزار لے تو اب یہ خاتون پہلے شوہر سے دوبارہ نکاح کرسکتی ہے۔یاد رہے کہ کسی مرد سے یہ طے کرکے نکاح کہ کرنا وہ نکاح کے بعد اسے طلاق دے گا،تاکہ وہ پہلے شوہر کے پاس واپس جاسکے ، جائز نہیں۔
حوالہ جات
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (7/ 182)
(أما) الطلاق فلقوله سبحانه وتعالى {فطلقوهن لعدتهن} [الطلاق: 1] وقوله - عليه الصلاة والسلام - «كل طلاق جائز إلا طلاق الصبي والمعتوه» ولأن الفائت بالإكراه ليس إلا الرضا طبعا، وأنه ليس بشرط لوقوع الطلاق، فإن طلاق الهازل واقع وليس براض به طبعا، وكذلك الرجل قد يطلق امرأته الفائقة حسنا وجمالا الرائقة تغنجا ودلالا لخلل في دينها، وإن كان لا يرضى به طبعا ويقع الطلاق عليها.
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (6/ 129)
(وشرطه) أربعة أمور: (قدرة المكره على إيقاع ما هدد به سلطانا أو لصا) أو نحوه (و) الثاني (خوف المكره) بالفتح (إيقاعه) أي إيقاع ما هدد به (في الحال) بغلبة ظنه ليصير ملجأ (و) الثالث: (كون الشيء المكره به متلفا نفسا أو عضوا أو موجبا غما يعدم الرضا) وهذا أدنى مراتبه وهو يختلف باختلاف الأشخاص فإن الأشراف يغمون بكلام خشن، والأراذل ربما لا يغمون إلا بالضرب المبرح ابن كمال (و) الرابع: (كون المكره ممتنعا عما أكره عليه قبله) إما (لحقه) كبيع ماله (أو لحق) شخص (آخر) كإتلاف مال الغير (أو لحق الشرع) كشرب الخمر والزنا.
الفتاوى الهندية (1/ 473)
وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا في الهداية
الفتاوى الهندية (1/ 470)
وإذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض كذا في الهداية.
شیرعلی
دارالافتاء جامعۃ الرشید
21صفر1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | شیرعلی بن محمد یوسف | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


