03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
آڈیو فائل چلانے والی ایپ کو بنانے یا اس میں فیچرز تبدیل کرنے کا حکم
81454اجارہ یعنی کرایہ داری اور ملازمت کے احکام و مسائلکرایہ داری کے جدید مسائل

سوال

ہمارا کام سافٹ وئر ڈیویلپمنٹ کا ہے۔ زیادہ تر ہمارا کام موبائل ایپلیکیشن بنانے کے حوالے سے ہوتا ہے۔ ہمارے پاس اکثر کمپنی میں ایسے پروجیکٹ آتے ہیں کہ جس میں میوزک کے اسٹریمنگ ایپس ہوتے ہیں، جیسا کہ کچھ مشہور ایپس میں ایم پی تھری پلیئر۔میوزک پلیر اس طرح کے پلیئرز ہوتے ہیں جہاں یوزرز اپنے فون سے یا آن لائن میوزک یا کوئی بھی آڈیو کی فائل سن سکتے ہیں ،چاہے وہ کوئی اسلامک نعت یا حمد ہو یا تلاوت ہو یا کوئی میوزک کی گانے کی فائل ہو۔

اس حوالے سے ہمارے پاس دو کام آتے ہیں: ایک تو اس ایپ کو پورا نئے سرے سے بنانا ،اول سے آخر تک اس کے اندر پلیئر کی انٹیگریشن کرنا پلیر لگانا اور دوسرا کام یہ ہوتا ہے کہ اس کے اندر معمولی سے تبدیلیاں کرنا، جیسے کہ ایپ کا رنگ تبدیل کر دیا، اس کے اندر اس کے الفاظ کا سائز تبدیل کر دیا اس کے اندر تصویریں  تبدیل کر دینا وغیرہ۔ یہ کام ہماری ڈیلی روٹین کا حصہ ہوتے ہیں کیونکہ پاکستان میں اکثر سافٹ ویئر کمپنیوں میں کلائنٹ باہر ملکوں کے ہوتے ہیں تو زیادہ تر کام اسی قسم کے آتے ہیں۔اس طرح کے علیحدہ علیحدہ کام ہوتے ہیں تو اس حوالے سے رہنمائی درکار ہے کہ یہ کام کرنا جائز ہے یا نہیں اور ان سے حاصل کردہ کمائی حلال ہوگی یا حرام؟کیونکہ میں بحیثیت سافٹ ویئر ڈیویلپر اپنی صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے خریدار کو کام کر کے دے رہا ہوں اب آگے وہ خریدار اس کو جس طرح بھی استعمال کرے ، دوسرے لوگ اس پر تلاوت سنیں یا میوزک سنیں،جبکہ میں صرف اس کا رنگ تبدیل کر رہا ہوں یا اس کا سائز تبدیل کر رہا ہوں تو کیا اس سے میری کمائی میں حرام کا عنصر تو پیدا نہیں ہو جائے گا؟

نوٹ: ہم ڈیویلپر کے طور پر میوزک اپلوڈ نہیں کرتے، میوزک اپلوڈ ایپ کا مالک خود کرتا ہے جہاں تک لنک کی بات ہے تو لنک بیک اینڈ سرور یا اے پی ائی کے ذریعے آتا ہے، دوسرا ہم خاص طور پر کسی گانے کے الفاظ کا سائز تبدیل نہیں کرتے بلکہ عمومی طور پر ایپ کا سائز تبدیل کرتے ہیں اس کے اندر ساری چیزیں شامل ہوتی ہیں بھلے کل اس میں کوئی گانا ایڈ ہو یا کوئی نعت یا کوئی تلاوت ہم خاص طور پہ کسی چیز کا نہیں کرتے بلکہ سائز کی اپڈیشن اور کلر اپڈیٹ کرنا مجموعی ہوتا ہے۔مثال کے طور پر میں واٹس ایپ کا آڈیو میسج کا ماڈیول بنا رہا ہوں تو میں آڈیو میسج کتنی رفتار سے سنائی دے گا، آڈیو میسج جب چلے گا تو اس کا رنگ کیسا ہوگا، میں یہ تبدیل کروں گا اور یہ فیچر بناؤں گا ۔اب کل آڈیو میسج میں کوئی گانا بھیج دے یا تلاوت یا کسی کا بیان یہ مجھے نہیں پتا میں بحیثیت مجموعی اس میں ایک فیچر ایڈ کروں گا۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

جن ایپلیکشنز کو بنانے یا تبدیل کرنے کا کام آپ کرتے ہیں اگر وہ صرف ناجائز چیزیں سننے میں استعمال نہ ہوتی ہوں،بلکہ جائز و ناجائز دونوں قسم کا استعمال ممکن ہو اور نہ ہی آپ کو یقینی طور پر اس بات کا علم ہو کہ اس کا استعمال صرف ناجائزچیزوں کے سننے کے لیے ہی ہوگا تو پھر ایسی ایپلیکشنز کو ابتدا سے بنانےیا ان میں جائز تبدیلی کرنے کا کام کرنا شرعا جائز اور حاصل ہونے والی آمدن حلال ہے۔

حوالہ جات

فقہ البیوع (1/324،325)

وتیبین بذلک حکم بیع المذیاع (الرادیو)والمسجل والحاکی ،فان جمیع ھذہ الاشیاء وضعت لاغراض عامۃ تحتمل الاستعمال فی مباح وغیرہ ،فبعیھا صحیح منعقد ،ولا کراھۃ فیہ ان لم یعلم البائع ان المشتری یقصد منھا معصیۃ ،وذلک باتفاق العلماء ،واما اذا علم البائع بیقین ان المشتری یقصد بھا معصیۃ لا غیر ،فان بیعہ یکرہ تحریما عندالحنفیۃ والشافعیۃ والمالکیۃ ،ولکنہ منعقد،خلافا للحنابلۃ ،حیث لاینعقد البیع عندھم .

شیرعلی

دارالافتاء جامعۃ الرشید

23 ربیع الاول 1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

شیرعلی بن محمد یوسف

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب