021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
طلاق ثلاثہ کاحکم ،جبکہ بیوی نے طلاق کے الفاظ نہ سنے ہوں
58069طلاق کے احکامتین طلاق اور اس کے احکام

سوال

جناب مفتی صاحب! جناب عالی گزارش یہ ہے کہ میں(محمد صدیق ولد محمددین رہائش آصف آبادگرین ٹاؤن کراچی)نے لڑائی اورغصہ میں اپنی بیوی کوفون پرکال کرکے تین دفعہ طلاق دے دی،ایک ساتھ بھی،اور دوتین مہینے کے دوران مختلف اوقات میں بھی،اب جبکہ میں اپنی بیوی انم بتول کوکہتاہوں کہ میں نے تم کوطلاق دے دی ہے،تووہ کہتی ہے کہ میں نے طلاق کے الفاظ نہیں سنے،کیونکہ فون بند کردیاتھا،اس لئے طلاق نہیں ہوئی۔ جناب عالی اس مسئلہ کاحل آپ اسلام کی روشنی میں مجھے بتائیں تاکہ میں کسی گناہ سے بچ سکوں،اللہ آپ کااچھاکرے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ طلاق کے لئے بیوی کاطلاق کے الفاظ سننا ضروری نہیں،اگرنہ بھی سنے ہوں توبھی طلاق ہوجاتی ہے ،اس لئے صورت مسئولہ میں جب آپ نے 3طلاقیں دیں ایک ساتھ بھی اورمختلف اوقات میں بھی، توآپ کی بیوی پرتینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں اورحرمت مغلظہ ثابت ہوگئی ہے ، جس کے بعدآپ کے لئے بغیرحلالہ شرعیہ اوردوبارہ نکاح کے بیوی کے ساتھ رہناناجائزوحرام ہے ،اس کے بعداگرآپ بیوی کے ساتھ رہ رہے ہیں تومیاں بیوی دونوں نے سخت ناجائزوحرام کام کیاہے ،جس پرگڑگڑاکراللہ تعالی کے حضورتوبہ و استغفار لازم ہے ۔ اگردونوں دوبارہ آپس میں نکاح کرناچاہتے ہیں توحلالہ شرعیہ کے بعد ہوسکتاہے۔ حلالہ شرعیہ یہ ہے کہ آپ کی سابقہ بیوی عدت گزارنے کے بعد کسی سے بغیرکسی شرط کے نکاح کرےاورہمبستری کرے،پھرکسی وجہ سے دوسراشوہر طلاق دیدے یااس کاانتقال ہوجائے توپہلی صورت میں عدت طلاق اوردوسری صورت میں عدت وفات گزارنے کے بعد آپ کااس سے نئے مہراورگواہوں کی موجودگی میں نکاح ہوسکتاہے۔
حوالہ جات
"ھدایۃ " 2 /378: وان کان الطلاق ثلاثافی الحرۃ الخ لاتحل لہ حتی تنکح زوجاغیرہ نکاحاصحیحاویدخل بہاثم یطلقہاأویموت عنہا۔ "صحيح البخاري '7 / 439 : حدثنا محمد حدثنا أبو معاوية حدثنا هشام بن عروة عن أبيه عن عائشة قالت طلق رجل امرأته فتزوجت زوجا غيره فطلقها وكانت معه مثل الهدبة فلم تصل منه إلى شيء تريده فلم يلبث أن طلقها فأتت النبي صلى الله عليه وسلم فقالت يا رسول الله إن زوجي طلقني وإني تزوجت زوجا غيره فدخل بي ولم يكن معه إلا مثل الهدبة فلم يقربني إلا هنة واحدة لم يصل مني إلى شيء فأحل لزوجي الأول فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم لا تحلين لزوجك الأول حتى يذوق الآخر عسيلتك وتذوقي عسيلته۔
..
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمّد بن حضرت استاذ صاحب

مفتیان

مفتی محمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب