84370 | زکوة کابیان | مستحقین زکوة کا بیان |
سوال
اگر ایسی فیملی کو زکوة دی جو زکوۃ لینے کی حقدار ہو،پھر بعد میں پتہ چلا کے زکوۃلینے والی فیملی شیعہ ہے تو اب تک جو زکوۃ دی کیا وہ ادا ہوگئی؟
تنقیح:سائل نے بتایا کہ ابتداءً زکوة دیتے وقت تو ہم نے انہیں مستحق سمجھ کر دی تھی،لیکن بعد میں جب ہمیں معلوم ہوگیا کہ یہ شیعہ ہیں تو اس کے بعد بھی انہیں زکوة دی ہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
زکوة کی جو رقم آپ نے انہیں غور وفکر کے بعد مصرف سمجھ کر دی ہے اتنی مقدار کی تو زکوة ادا ہوچکی ہے،اعادے کی ضرورت نہیں،البتہ زکوة کی وہ رقم جو آپ نے اس فیملی کے بارے میں یہ معلوم ہونے کے بعد دی ہے کہ وہ شیعہ ہے تو اگر یہ فیملی حضرت علی رضی اللہ عنہ کی خدائی کی قائل ہو،یا قرآن کو تحریف شدہ سمجھتی ہو،یا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کی صحابیت کی منکر ہو،یا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ پر تہمت لگاتی ہو،یا حضرت جبرئیل علیہ السلام کے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس وحی پہنچانے میں غلطی کی قائل ہو تو اس رقم کی زکوة ادا نہیں ہوئی،کیونکہ یہ کفریہ عقائد ہیں اور کفریہ عقائد کے حامل شخص کو زکوة دینے سے زکوة کا فریضہ ادا نہیں ہوتا۔
حوالہ جات
"فتح القدير " (2/ 275):
"(قال أبو حنيفة ومحمد رحمهماﷲ: إذا دفع الزكاة إلى رجل يظنه فقيرا ثم بان أنه غني أو هاشمي أو كافر أو دفع في ظلمة فبان أنه أبوه أو ابنه فلا إعادة عليه. قال أبو يوسف – رحمهﷲ - عليه الإعادة) لظهور خطئه بيقين وإمكان الوقوف على هذه الأشياء وصار كالأواني والثياب. ولهما حديث معن بن يزيد فإنه - عليه الصلاة والسلام - قال فيه «يا يزيد لك ما نويت، ويا معن لك ما أخذت» وقد دفع إليه وكيل أبيه صدقته؛ ولأن الوقوف على هذه الأشياء بالاجتهاد دون القطع فيبتني الأمر فيها على ما يقع عنده كما إذا اشتبهت عليه القبلة.
وعن أبي حنيفة - رحمه ﷲ - في غير الغني أنه لا يجزيه، والظاهر هو الأول. وهذه إذا تحرى فدفع وفي أكبر رأيه أنه مصرف، أما إذا شك ولم يتحر أو تحرى فدفع، وفي أكبر رأيه أنه ليس بمصرف لا يجزيه إلا إذاعلم أنه فقير هو الصحيح".
"الفتاوى الهندية "(1/ 513):
"لو دفع بتحر فبان أنه ليس بمصرف أجزأه عند أبي حنيفة ومحمد - رحمهما ﷲ تعالى - كذا في البحر الرائق".
محمد طارق
دارالافتاءجامعۃالرشید
24/محرم الحرام1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد طارق غرفی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |