84632 | طلاق کے احکام | طلاق کے متفرق مسائل |
سوال
میری شادی 2015میں امان اللہ کے بیٹے سے ہوئی،جوپہلے سے شادی شدہ اورتین بچوں کے باپ تھے،شادی کاعلم ہوتے ہی پہلی بیوی اورخاندان کی طرف سے طلاق کا دباؤ بڑھا،جس کے نتیجہ میں میرے شوہرنے ایک طلاق دیدی،لیکن پھررجوع کرلیا،اس کے بعد2018 میں دباؤ میں آکر ایک اور طلاق دیدی،اس وقت میراایک بیٹابھی تھا،لیکن پھرتین دن بعد رجوع کرلیا،2020 میں بیٹی کی ولادت کے بعد میرےشوہرحج پرگئے،واپسی سےہی ان کی ذھنی حالت ٹھیک نہیں تھی،بقول میرے سسرال اوردیگرافرادکہ جنات اورسحرکے سخت معاملات ہیں،ذھنی دباؤاورڈپریشن بھی ہے،اسی دوران میرے شوہرنے ایک طلاق دی،لیکن اس کے بعد رجوع کرلیا،اب میرے شوہرکی ذھنی حالت شدیدخراب ہے،پچھلے ہفتہ انہوں نے مجھے ایک اورطلاق دیدی اوراس ہفتہ 2 طلاق مزید دی ہیں ،پوچھنایہ تھاکہ کیاذھنی حالت میں طلاق ہوجاتی ہے،کیونکہ میرے شوہراس بات کونہیں مان رہے ہیں کہ طلاق ہوگئی ہے،راہنمائی درکارہے۔
تنقیح:سائلہ نے فون پربتایاہےکہ جب تیسری طلاق دی تواس وقت ذھنی حالت ٹھیک تھی،اگرچہ نفسیاتی مسائل شروع ہوچکے تھے،شوہرکویاد بھی ہے کہ اس نے طلاق دی ہے،البتہ اس کے بعدان کے نفسیاتی مسائل میں شدت آگئی ہے اوراسی حالت میں مزیدتین طلاقیں دیدی۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
عاقل بالغ سمجھدارشخص کی طلاق واقع ہوجاتی ہے،صورت مسؤلہ میں پہلی تین طلاقوں کے وقت شوہرکی ذھنی حالت ٹھیک تھی اورشوہرکویادبھی ہےکہ اس نے طلاق دی ہے ،اس لئےآپ پریہ تینوں طلاقیں واقع ہوچکی ہیں،آپ کانکاح مکمل طورپران سے ختم ہوچکاہے،شرعی حلالہ کے بغیراس مردسے آپ کانکاح بھی نہیں ہوسکتا۔
شرعی حلالہ یہ ہے کہ عدت گزرنے کے بعد خاتون کسی اورمردسےنکاح کرے،پھروہ مردہمبستری کے بعد طلاق دیدے یافوت ہوجائے، اورعدت گزرجائے تواب یہ خاتون سابقہ شوہرسےنکاح کرسکتی ہے۔
حوالہ جات
فی رد المحتار (ج 1 / ص 303):
كل الطلاق واقع إلا طلاق المعتوه والمغلوب على عقله فافهم."
محمد اویس
دارالافتاء جامعة الرشید کراچی
۱۸/صفر ۱۴۴۵ ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد اویس صاحب | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |