84734 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
کیاکرپٹوکی ٹریڈنگ کے ذریعے پیسے کماناجائز ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
کسی معتبر اور قابل اعتماد ایکسچینج کے ذریعے کرپٹوٹریڈنگ کی مختلف صورتیں ہیں ،جن کا حکم تفصیلاً درج ذیل ہے:
1) فیوچر ٹریڈنگ: اس میں عملاً لین دین نہیں ہوتا بلکہ قیمت کے حساب سے نفع نقصان برابر کیا جاتا ہے۔ یہ شرعاً قمار (جوا) ہونے کی وجہ سے حرام ہے اور اس کی آمدن حرام ہے۔
2) آپشن ٹریڈنگ: اس میں کسی شخص کو خریدنے یا بیچنے کا اختیار بیچا جاتا ہے اور اس پر پریمیم لیا جاتا ہے۔ چونکہ یہ اختیار بیچے جانے والی چیز نہیں ہے اس لیے یہ بھی ناجائز ہے اور اس کی آمدن بھی حرام ہے۔
3) مارجن ٹریڈنگ: اس میں بائنانس سے سود پر قرض لے کر اس سے ٹریڈ کی جاتی ہےاورسود کا لین دین شرعاً حرام ہے۔ البتہ اس سے ہونے والے نفع کا حکم اسپاٹ ٹریڈنگ والا ہے جو آگے مذکور ہے۔
4) اسپاٹ ٹریڈنگ: اس میں موجودہ قیمت کے مطابق کوائنز اور ٹوکنز کا لین دین ہوتا ہے۔ اس میں کوائن اور ٹوکن کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
کوائن:
کوائن عموماً اس کرپٹو اثاثے کو کہا جاتا ہے جس کی اپنی الگ بلاک چین ہو جیسے بٹ کوائن، ایتھیریم، بی این بی، سول اور ٹرون وغیرہ۔ یہ اپنی بلاک چین پر ہونے والی ہر ٹرانزیکشن کی فیس کی ادائیگی وغیرہ میں استعال ہوتے ہیں۔ یہ فیس ٹرانزیکشن (لین دین و دیگر ڈیٹا ریکارڈ) کی تصدیق کرنے والے ممبران کو دی جاتی ہے۔ اکثر کوائنز کی بلاک چین پر یہ سہولت ہوتی ہے کہ ان پر مختلف پراجیکٹس (بلاک چین پر چلنے والے سافٹ وئیرز) بنائے جا سکیں۔ ان پراجیکٹس میں بھی جو ڈیٹا منتقل اور محفوظ ہوتا ہے اس کی فیس کی ادائیگی بھی کوائن میں کی جاتی ہے۔ کچھ کوائن، دنیا میں کچھ علاقوں میں گورنمنٹ کی اجازت سے بطور زر بھی استعمال ہوتے ہیں ،جیسے بٹ کوائن "ایل سلواڈور" اور "لوگانو (سوئٹزرلینڈ)" میں بطور زر استعمال کیا جا سکتا ہے، نیز ایران میں اسے امپورٹس میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
ٹوکن:
ٹوکن اس کرپٹو اثاثے کو کہا جاتا ہے جس کا تعلق کسی پراجیکٹ سےہوتا ہے۔ یہ کوئی کمپنی بھی ہوسکتی ہے اور کوئی بلاک چین پر چلنے والا سافٹ وئیر بھی، جیسے "اے وی اے" ٹوکن کا تعلق "ٹراولا" کمپنی سے ہے جو دنیا بھر میں ہوٹل اور فلائٹ بکنگ کی سہولیات فراہم کرتی ہے اور "اسٹورج" ٹوکن کا تعلق بلاک چین پر کمپیوٹر کے ڈیٹا کے لیے اسٹوریج فراہم کرنے والے پراجیکٹ سے ہے۔ ان میں پہلا ٹوکن ایک سینٹرلائزڈ (ایک شخص یا چند اشخاص کی ملکیت) کمپنی کا ہے جب کہ دوسرا ٹوکن ایک ڈی سینٹرلائزڈ (بغیر ملکیت کے چلنے والے) پراجیکٹ کا ہے۔
ٹوکن میں پھر مزید پانچ قسمیں ہیں:
1. لیوریج ٹوکن: یہ ٹوکن بلاک چین پر نہیں ہوتے بلکہ مختلف ایکسچینج بناتے ہیں۔ یہ فیوچر ٹریڈنگ کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بنتے ہیں۔ ان کی ٹریڈنگ بھی جوا ہونے کی وجہ سے حرام ہے اور آمدن بھی حرام ہے۔
2. میم کوائن: یہ عموماً ٹوکن ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات مکمل بلاک چین رکھنے والے کوائن بھی ہوتے ہیں۔ ان کی ابتدا "ڈوگی" کوائن سے ہوئی تھی جس کی اپنی بلاک چین ہے اور اسے بٹ کوائن کا مذاق اڑانے (میم بنانے) کے لیے بنایا گیا تھا۔ بعد میں لین دین کی وجہ سے اس کی قیمت بن گئی۔ ان کے پیچھےکوئی پراجیکٹ نہیں ہوتا۔ بعض اوقات کچھ ٹوکن ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا پراجیکٹ ابھی بنا نہیں ہوتا لیکن مستقبل میں بننے کا وعدہ ہوتا ہے۔ یہ کبھی "میم کوائن" سمجھے جاتے ہیں اور کبھی نہیں۔
3. ڈی فائی ٹوکن: یہ ٖڈی سینٹرلائزڈ فنانس کے ٹوکن ہوتے ہیں یعنی ان کا پراجیکٹ ایسی سروسز فراہم کرتا ہے جو فنانس کی فیلڈ سے تعلق رکھتی ہیں لیکن یہ سسٹم عام بینکنگ سسٹم کے برخلاف بلاک چین پر چلتا ہے اور مکمل اختیار ایک کمپنی کے ہاتھ میں ہونے کے بجائے ٹوکن ہولڈرز کی ووٹنگ پر منحصر ہوتا ہے۔ ان میں سودی قرض سے لے کر ایکسچینج تک، کئی قسم کی جائز و ناجائز سروسز شامل ہوتی ہیں۔
4. یوٹیلٹی ٹوکن: یہ ٹوکن ایسے پراجیکٹس کے ہوتے ہیں جو فنانس کے علاوہ کوئی سروس فراہم کرتے ہیں جیسے ویڈیو اسٹریمنگ، آڈیو اسٹریمنگ، ویب تھری، گیمنگ اور اسٹوریج وغیرہ۔ پھر ان دونوں (ڈی فائی اور یوٹیلٹی) قسم کے ٹوکنز کی مزید تین قسمیں ہوتی ہیں:
أ. ایسے ٹوکن جو پراجیکٹ کی سروس لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
ب. ایسے ٹوکن جو پراجیکٹ میں مختلف پیرامیٹرز میں تبدیلی کے وقت ووٹنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں کیوں کہ ڈیسینٹرلائزڈ ہونے کی وجہ سے پراجیکٹ سنبھالنے والی ٹیم اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتی۔ ان میں بعض اوقات ٹوکن ہولڈر کو پرافٹ میں حصہ ملتا ہے اور بعض اوقات نہیں ملتا۔ پرافٹ میں حصہ نہ ملنے کی وجہ اکثر یہ ہوتی ہے کہ ان پراجیکٹس میں پرافٹ کا سسٹم نہیں ہوتا۔
ج. ایسے ٹوکن جو سروس اور ووٹنگ، دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
5. اسٹیبل کوائن:یہ ایسے ٹوکن ہوتے ہیں جن کی قیمت اس کرنسی کے تقریباً برابر رہتی ہے جس کے ساتھ انہیں منسلک کیا گیا ہو، جیسے ٹیتھر (یو ایس ڈی ٹی) کی قیمت ڈالر کے قریب رہتی ہے۔ ان کی پھر دو قسمیں ہوتی ہیں:
أ. وہ اسٹیبل کوائن جن کے پیچھے مطلوبہ کرنسی اور دیگر سیکیورٹیز موجود ہوتی ہیں۔ انہیں بنانے والے ان کی باقاعدہ فنانشل اسٹیٹمنٹ جاری کرتے ہیں۔
ب. وہ اسٹیبل کوائن جو پیچیدہ ریاضیاتی اور معاشی میکنزم کے ذریعے مطلوبہ کرنسی کے قریب رکھے جاتے ہیں۔ ان کے پیچھے عموماً کرپٹو ایسٹس ہوتے ہیں۔ انہیں "الگورتھمک اسٹیبل کوائن" کہتے ہیں اور ان میں مشہور مثال "ڈائی (DAI)" کوائن کی ہے۔
مندرجہ بالا تفصیلات اور ان کی پیچیدہ صورتوں کی وجہ سے ان کے حکم کے بارے میں تفصیل یہ ہے کہ:
5) ان ٹوکنز کی ٹریڈنگ جن کے پیچھے ناجائز(مثلاً سودی قرض یا ہیجنگ وغیرہ کا) پراجیکٹ ہو۔ چونکہ ان کا انتہائی استعمال بھی ان کے پراجیکٹ میں ہوتا ہے اس لیے ان کی ٹریڈنگ اور اس سے حاصل ہونے والا نفع بھی جائز نہیں ہے۔
6) ان کوائنز اور ٹوکنز کی ٹریڈ جن کا پراجیکٹ ناجائز نہ ہو۔ ان کے بارے میں حضرات مفتیان کرام کی مختلف آراء ہیں۔ زیادہ تر مفتیان کرام کا اس کی پشت پرحکومت کے نہ ہونے، اس کے ثمن نہ ہونے یا سٹے بازی میں استعمال ہونے کی وجوہات کی بنا پر اس کے ناجائز ہونے کی جانب رجحان ہے۔ چونکہ اس عنوان سے جعل سازی عام ہونے اور لوگوں کو کافی نقصان ہونے میں کوئی دو رائے نہیں ہیں، اس لیے ہمارے یہاں سے بھی اس میں معاملات کرنے سے گریز ہی کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر کسی نے ماضی میں اس کی ٹریڈنگ میں نفع کمایا ہے تو وہ نفع ایک جانب کر دے اور کوئی حتمی رائے آنے کے بعد اس کے مطابق عمل کرے۔
یہ بھی ملحوظ رہے کہ اگر حکومت اس پر پابندی لگاتی ہے تو چونکہ عوام کی مصلحت پر مبنی حکومتی قانون پر عمل کرنا شرعاً لازم ہوتا ہے، لہذا اس سے اجتناب کرنا ضروری ہوگا۔(تبویب:70590)
حوالہ جات
محمد حمزہ سلیمان
دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی
۲۳.صفر۱۴۴۶ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |