85558 | قرآن کریم کی تفسیر اور قرآن سے متعلق مسائل کا بیان | متفرّق مسائل |
سوال
کیا مصحف عثمانی قریشی حرف میں لکھا گیاہے۔میں نے اپنے طور پر تحقیق کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی حتمی جواب نہیں ملا، کچھ کا کہنا ہے قرآن پاک قریشی حرف میں لکھا گیا، اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے باقی احرف والے نسخوں کو جلوا دیا، اور کچھ کا کہناہے ایسی کوئی حدیث نہیں جس سے ہمیں پتہ چلاتا ہو کہ حضرت عثمان نے باقی احرف والے نسخوں کو جلانے کا حکم دیا ہو۔بلکہ حضرت عثمان نے ساتوں احرف کو استعمال کر کے پانچ نسخے تیار کیےکون سی رائے ٹھیک ہے۔اور جو نسخہ قرآن پاک کا دنیا میں سب سے زیادہ پڑھا جاتا ہے وہ کون سےحرف پرہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
آپ کے سوال سے لگتا ہے کہ آپ حرف سے مراد قراءت سمجھ رہے ہیں حالانکہ سبعۃ احرف سے مرادمعروف سات قراءتیں نہیں بلکہ راجح قول کے مطابق اختلاف قراءت کی سات انوع مراد ہیں۔
(1)صیغ اسماء ( 2) صیغ افعال ( 3) اختلاف اعراب ( 4) کمی بیشی ( 5) تقدیم وتاخیر ( 6) الفاظ مترادفہ ( 7) صفات حروف۔اور مصحف عثما نی کارسم الخط ان تمام انوع قراءت کی رعا یت کر کے لکھا گیا ہے،تاکہ حروف سبعہ اس طرح جمع ہو جائیں کہ بعد میں کسی شخص کو کسی صحیح قراءت سے انکار کر نے یاغلط قراءت پر اصرار کر نے کی گنجائش باقی نہ رہے،اور جن نسخوں میں صرف ایک قراءت کی گنجائش تھی تو ان کو تلف کر وادیااس سےحضرت عثمان رضی اللہ عنہ کا مقصد قرآن کے کسی حرف کوختم کرنانہیں تھابلکہ وہ ایک معیاری نسخہ تیار کرنا چاہتے تھے ،جو پوری دنیائے اسلام کے لیے یکساں ہواور کسی کا اختلاف نہ ہو۔
یاد رہےکہ علامہ ابن حزم رحمہ اللہ نے ان لوگوں کی بڑے سخت الفاظ میں تردید فرمائی ہے جو کہتے ہیں کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے باقی چھ احرف کو ختم کردیاہے، علامہ ابن حزم رحمہ اللہ نے ان کے قول کو باطل کہا ہے۔
قرآن پاک کا پڑھاجانے والا نسخہ مصحف عثمانی ہی ہےجس میں اختلاف قراءت کی سات انوع کے مطابق پڑھنے کی گنجائش ہے۔
حوالہ جات
قال مدخل فی علوم القراءات«وقال الإمام أبو الفضل الرازي :الكلام لايخرج عن سبعة أحرف في الاختلاف:
1- اختلاف الأسماء من إفراد وتثنية وجمع وتذكير.
2- اختلاف تصريف الأفعال وما تستند إليه، من: الماضي، والمستقبل، والأمر، والمتكلم، والمخاطب، والفاعل، والمفعول به.
3- وجوه الإعراب.
4- الزيادة والنقصان.
5- التقديم والتأخير.
- القلب والإبدال في كلمة بأخرى أو حرف بآخر. 6
7- اختلاف اللغات من فتح وإمالة وترقيق وتفخيم … (علوم القراءات:ص107)
قالالزركشيرحمہ الله: اختاره القاضي أبو بكر وقال الصحيح أن هذه الأحرف السبعة ظهرت واستفاضت عن رسول الله صلى الله عليه وسلم وضبطها عنه الأئمة وأثبتها عثمان والصحابة في المصحف .
(البرهان في علوم القرآن:1/ 223)
أبوعُبيدالقاسم بن سلاّمرحمہ اللہ:قال للرهط القرشيين الثلاثة: ما اختلفتم فيه أنتم وزيد فاكتبوه بلسان قريش، فإنه نزل بلسانهم . قال: ففعلوا حتى إذا نسخوا الصحف في المصاحف، بعث عثمان في كل أفق بمصحف من تلك المصاحف التي نسخوها، ثم أمر بما سوى ذلك من القرآن، كل صحيفة أو مصحف أن تخرق أو تحرق). فضائل القرآن - أبو عبيد:ص282)
قال ابن حزم رحمہ اللہ : وأما قول من قال أبطل الأحرف الستة فقد كذب من قال ذلك ولو فعل عثمان ذلك أو أراده لخرج عن الإسلام ولما مطل ساعة بل الأحرف السبعة كلها موجودة عندنا قائمة كما كانت مثبوتة في القراءات المشهورة لمأثورة. (الفصل في الملل والأهواء والنحل:2/ 65)
محمد اسماعیل بن محمداقبال
دارالافتاء جا معۃ الرشید کراچی
17/جمادی الاولی 1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد اسماعیل بن محمد اقبال | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |