86277 | زکوة کابیان | ان چیزوں کا بیان جن میں زکوة لازم ہوتی ہے اور جن میں نہیں ہوتی |
سوال
میری زوجہ کے پاس صرف ۷ تولا سونا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی اور اضافی رقم ، چاندی یا نقدی کی مالک نہیں ہے۔ سال میں کبھی کبھار کوئی رقم کیش کی صورت میں حاصل ہو جاتی ہے جیسا کہ مہمان کوئی رقم بطور تحفہ دے جائے یا خاوند کی طرف سے کچھ رقم مل جائے، مگر رقم نا تو مختص ہوتی، نا یہ معلوم ہوتا ہے کہ کب اور کتنی رقم آئے گی،مگر اس رقم کا بیشتر حصہ بچوں پر فوراً خرچ ہو جاتا ہے ،شاذو نادر کچھ رقم بچ جاتی ہے،مگر وہ بھی ضروریات میں خرچ ہو جاتی ہے۔ اب زکوۃ کا کیا حکم ہے ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
سونے پر زکوۃ کا نصاب ساڑھے سات تولے مقرر ہے، اگر کسی کے پاس ساڑھے سات تولے سے کم سونا ہو تو اس پر زکوۃ واجب نہیں، البتہ اگر سونے کے ساتھ نقدی وغیرہ ہےاور دونوں کی قیمت ساڑھے باون تولے چاندی کی قیمت کو پہنچ رہی ہو تو سال گزر جانے کے بعد اسی دن اس پر زکوۃ واجب ہوگی۔ صورت مسئولہ میں عورت کے پاس صرف سات تولے سونا ہے جو کہ مقررہ نصاب سے کم ہے، اس لیے جس دن اس کے پاس پیسے آئیں اور سال گزر جانے کے بعد اگر اسی تاریخ / دن کو اس کے پاس سونے کےساتھ ساتھ نقدی وغیرہ ہوں تو زکوۃ کی ادائیگی واجب ہوگی، لیکن اگر صرف سات تولےسونا ہوتو زکوۃ لازم نہیں ہوگی۔
حوالہ جات
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (2/ 15):
أما الأول فكمال النصاب شرط وجوب الزكاة فلا تجب الزكاة فيما دون النصاب؛ لأنها لا تجب إلا على الغني والغنى لا يحصل إلا بالمال الفاضل عن الحاجة الأصلية .
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (2/ 18):
[فصل كان له ذهب مفرد]
(فصل) :
هذا إذا كان له فضة مفردة، فأما إذا كان له ذهب مفرد فلا شيء فيه حتى يبلغ عشرين مثقالا فإذا بلغ عشرين مثقالا ففيه نصف مثقال؛ لما روي في حديث عمرو بن حزم «والذهب ما لم يبلغ قيمته مائتي درهم فلا صدقة فيه فإذا بلغ قيمته مائتي درهم ففيه ربع العشر.
(الفتاوى التاتارخانية، كتاب الزكوة، فصل في زكوة المال، ج:3، ص:157 ):
يضم الذهب الى الفضة، والفضة الى الذهب، ويكمل احدى النصابين بالآخر عند علمائنا۔۔۔ ثم قال ابو حنيفة: يضم باعتبار القيمة۔۔۔ وقال ابويوسف و محمد: يضم باعتبار الاجزاء يعني بالوزن.
محمد اسامہ فاروق
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
10/رجب /1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد اسامہ فاروق بن محمد طاہر فاروق | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |