87278 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
(1)کیا کہتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ Airtm.com نامی ویب سائٹ پر بطور کیشیئر کام کرنا کیسا ہے ؟یہ ایک ویب سائٹ ہے جس پر کرنسی ایکسچینج کا کام ہوتا ہے۔ اس ویب سائٹ پر جب آپ کیشئر بن جاتے ہیں تو ویب سائٹ کے ڈیش بورڈ پر آپ کو ٹرانزیکشنز نظرآتی ہیں۔ جب آپ انہیں قبول (Accept) کرتے ہیں تو آپ کو اپنے بینک اکاؤنٹ سے جس کرنسی میں ٹرانزیکشن ہوتی ہے، وہ کرنسی دوسرے بندے کو بھیجنی پڑتی ہے اور اس کے بدلے میں آپ کو رقم USDC جو کہ ایک ڈیجیٹل کرنسی ہے کی صورت میں اپنے AIRTM کے اکاؤنٹ میں وصول ہوتی ہے۔
(2) کیا ڈیجیٹل کرنسی کا لین دین جائز ہو گا ؟USDC کاریٹ ڈالر کے برابر ہوتا ہے اور یہ کرنسی بنانے والی کمپنی کا یہ کہنا ہے کہ اس کے پاس اتنے ہی اثاثے ہیں جتنے ڈالر کے یہ برابر ہے تا کہ اس کی قیمت بالکل ڈالر کے برابر رہے۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے دارالافتاء جامعۃ الرشید کی آفیشل ویب سائٹ Almuftionline.com پر موجود فتوی نمبر 81020 بعنوان "بائنانس(Binance) اور کرپٹو ٹریڈنگ کا حکم"اورفتوی نمبر 84734 بعنوان "کرپٹو کی ٹریڈنگ کے ذریعے پیسے کمانے کا حکم" ملاحظہ فرمائیں۔
رہی بات ایئر ٹی ایم(Airtm.com) نامی ویب سائٹ پر بطور کیشیئر کام کرنےکی تو اس حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق مذکورہ ویب سائٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو p2p(Peer-to-peer) ماڈل پر کام کرتا ہے،جہاں مختلف لوگ مختلف کرنسیوں کا تبادلہ آپس میں کرتے ہیں۔
ایسی کرنسیاں جو قانونی حیثیت(Legal Tender)رکھتی ہیں،ان کا تبادلہ کرنا(کرنسی کی خرید وفروخت کی شرائط کے ساتھ) یا ان کے تبادلے میں بطور کیشیئرسہولت کاری کرکے کمیشن کمانا جائز ہے۔
البتہ کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سےفتوے (فتوی نمبر 81020 بعنوان "بائنانس(Binance) اور کرپٹو ٹریڈنگ کا حکم"اورفتوی نمبر 84734 بعنوان "کرپٹو کی ٹریڈنگ کے ذریعے پیسے کمانے کا حکم" ) میں درج کی گئی تفصیلات کے مطابق فی الحال کرپٹو کے لین دین سے اجتناب لازم ہے،لہٰذا بطورکیشیئر کام کرتے ہوئے اگر ہر ٹرانزیکشن میں کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسی کا لین دین لازم آتا ہوتو اس کام سے اجتناب لازم ہے۔
دو مختلف کرنسیوں کے آپس میں تبادلے کی شرائط
- معاملہ مارکیٹ ریٹ(Ready rate) پر ہو۔
- کم از کم ایک فریق مجلس عقد(at the time of contract)میں ضرورقبضہ حاصل کرے۔
حوالہ جات
محمد حمزہ سلیمان
دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی
22.شوال1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |