87543 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
ہمارے ضلع شانگلہ میں مساجد کے بیرونی لاؤڈ اسپیکر اذان کے علاوہ جمعہ، عیدین، ختم قرآن، دروس، نعت خوانی اور نظموں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جو قریبی مساجد اور محلوں میں شور و خلل کا سبب بنتے ہیں۔ بعض حضرات موبائل سے نعتیں بھی چلا دیتے ہیں، رمضان المبارک اور دیگر مواقع پر گھنٹوں تک محفلیں جاری رہتی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کی نیند، عبادات، تعلیم اور بیماروں کے سکون میں خلل واقع ہوتا ہے۔ سنجیدہ افراد بے بسی سے خاموش رہتے ہیں کہ کہیں اعتراض پر فتویٰ، الزام تراشی یا بدکلامی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس پس منظر میں مؤدبانہ گزارش ہے کہ شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں واضح اور مدلل راہنمائی فرمائی جائے کہ:
جمعہ،عیدین ،ختم کی مجلس کے بیانات اور درس قرآن و درس حدیث دیتے وقت اہل مجلس سے باہر لوگوں تک آواز پہنچانے کی نیت سے اس طریقے پربیرونی لاؤڈ اسپیکر کا استعمال شرعاً کیسا ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہےکہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ضرورت کے وقت جائز ہے، بلا ضرورت لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرنا درست نہیں، نیز جہاں اس کا استعمال ناگزیر ہو وہاں بھی اس بات کا اہتمام کرنا ضروری ہے کہ صرف بقدر ِضرورت ہی اس کی آواز کھولی جائے اور اس کی آواز ضرورت کی حد تک رکھنے کا اہتمام کیا جائے ،کیونکہ اس کا ایسا استعمال جس سے پڑوسیوں، اہل محلہ یا قریب کے گاؤں والوں کو تکلیف پہنچتی ہو جائز نہیں۔
لہذا صورت ِمسئولہ میں جمعہ ، عیدین ،ختم کی مجلس کے بیانات اور درس قرآن و درس حدیث دیتے وقت اہل مجلس سے باہر لوگوں تک آواز پہنچانے کی نیت سے اس طریقے پر بیرونی لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرنا کہ جس سے اہل محلہ اور پڑوسیوں کو تکلیف پہنچتی ہو شرعاً جائز نہیں ہے،اس سے اجتناب کرنا لازم ہے۔
حوالہ جات
«صحيح البخاري» (1/ 197):
«عن أبي موسى رضي الله عنه قال: قالوا: يا رسول الله، أي الإسلام أفضل؟ قال: "من سلم المسلمون من لسانه ويده".»
«حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي» (1/ 660):
«وفي حاشية الحموي عن الإمام الشعراني: أجمع العلماء سلفا وخلفا على استحباب ذكر الجماعة في المساجد وغيرها إلا أن يشوش جهرهم على نائم أو مصل أو قارئ إلخ»
«فتح القدير للكمال بن الهمام - ط الحلبي» (1/ 342):
«قال في الخلاصة: رجل يكتب الفقه وبجنبه رجل يقرأ القرآن فلا يمكنه استماع القرآن فالإثم على القارئ، وعلى هذا لو قرأ على السطح في الليل جهرا والناس نيام يأثم،»
مہیم وقاص
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
19/ذی قعدہ /1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | مہیم وقاص بن حافظ عبد العزیز | مفتیان | محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب |