| 81367 | نماز کا بیان | نما زکے جدید مسائل |
سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ نماز کی حالت میں آستین کا اوپر کرنا ناپسندیدہ عمل ہے، لیکن آج کل جو ہاف آستین والی شرٹس آرہی ہیں وہ تو ایسا لباس ہے جو تقریبات اور اہم مجالس میں بھی اہتمام سے پہنا جاتا ہے، اور معیوب بھی نہیں سمجھا جاتا ، نیز اس میں بظاہر باقاعدہ تشمیر اور کف بھی نہیں پایا جاتا، بلکہ تیار ہی ایسا ہوتا ہے، اور شہروں میں خصوصاً ابتلاء بھی بہت ہے، تو کیا اس لباس میں نماز پڑھنا کراہت میں داخل ہے یا نہیں ؟ نیز اگر کسی نے آستین کہنیوں سے نیچے تک چڑھائے ہوں، وہ بھی کراہت میں داخل ہے ؟ رہنمائی فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ہاف آستین والی شرٹ پہن کر نماز پڑھنے میں کراہت نہیں ہے، حضرت مفتی رشید احمد لدھیانوی رحمۃ اللہ علیہ نے احسن الفتاویٰ میں لکھا ہے کہ :
''آدھی آستیں والا کرتہ پہن کر نماز پڑھنے میں کوئی کراہت نہیں، البتہ اگر اس کو ثیابِ بذلہ میں شمار کیا جاتا ہو اور اس کو عام مجلس میں معیوب سمجھا جاتا ہو تو مکروہ ہے۔''
البتہ جو شخص قمیص پہنے اور آستیں اوپر چڑھا کر نماز پڑھے تو مکروہ ہے۔
حوالہ جات
صحيح مسلم للنيسابوري (2/ 52):
حدثنا محمد بن بشار حدثنا محمد - وهو ابن جعفر - حدثنا شعبة عن عمرو بن دينار عن طاوس عن ابن عباس عن النبى -صلى الله عليه وسلم- قال « أمرت أن أسجد على سبعة أعظم ولا أكف ثوبا ولا شعرا ».
الدر المختار (1/ 640):
"(و) كره (كفه) أي رفعه ولو لتراب كمشمر كم."
محمد جمال ناصر
دار الافتاءجامعہ الرشیدکراچی
12/ربیع الثانی/1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | جمال ناصر بن سید احمد خان | مفتیان | آفتاب احمد صاحب / سعید احمد حسن صاحب |


