| 85704 | خرید و فروخت کے احکام | خرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل |
سوال
میں ایک سافٹ ویئر ہاؤس میں سینئر سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ میری کمپنی امریکہ میں قائم ایک کمپنی کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ کاروباری شعبہ امریکہ کے اسٹاکس کی تجارت ہے۔ تو یہاں ایک ٹریڈنگ انجن اور دیگر 8-10 (یا شاید زیادہ) پروڈکٹس ہیں جن پر ہم کام کرتے ہیں، اور یہ سب امریکہ کے اسٹاکس کی تجارت کے گرد گھومتے ہیں۔ اب میرا سوال یہ ہے کہ کیا اس نوکری کو کرنا جائز ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
مسئولہ صورت کا اصولی جواب یہ ہے کہ اگر سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی دوسری کمپنی کو صرف ایسے سافٹ ویئر بنا کر دیتی ہوجو صرف ناجائز کاموں کے لیے استعمال ہوتے ہوں ،یا جائز وناجائز دونوں کاموں کے لیے استعمال ہوتے ہوں لیکن سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی صرف ناجائز کام میں معاونت کی نیت سے معاملہ کرتی ہو،یا عقد کرتے وقت ناجائزکام میں معاونت کی صراحت کردی گئی ہوتو ایسی سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت جائز نہیں ہے۔
البتہ اگر وہ سافٹ ویئر جائز معاملات میں بھی استعمال ہوتے ہوں اور عقد کرتے وقت ناجائز معاملات میں استعمال کی صراحت نہ کی گئی ہو،اور نہ سافٹ ویئر ناجائز معاملات میں معاونت کی نیت سے بیچے گئے ہوں تو ایسی سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کرنا کراہت کے ساتھ جائز ہے۔
حوالہ جات
قال الله تعالى :وتعاونوا على البر والتقوى ولا تعاونوا على الاثم والعدوان .(المائدة:02)
قال الشیخ المفتی محمد تقي العثماني حفظہ اللہ :ویتلخص منہ أن الانسان اذا قصد الإعانۃ علی المعصیۃ بإحدی الوجوہ الثلاثۃ المذکورۃ(أن یقصد الإعانۃ علی المعصیہ،بتصریح المعصیۃ فی صلب العقد،بیع اشیاء لیس لھا مصرف إلا فی المعصیۃ)، فان العقد حرام لا ینعقد والبائع آثم .أما اذا لم یقصد ذٰلک، وکان البیع سببا للمعصیۃ، فلا یحرم العقد ،ولکن اذا کان سببا محرکا، فالبیع حرام ،وان لم یکن محرکا ، وکان سببا قریبا بحیث یستخدم فی المعصیۃ فی حالتھا الراھنۃ ، ولا یحتاج الی صنعۃ جدیدۃ من الفاعل کرہ تحریما والا فتنزیھا…
وکذٰلک الحکم في برمجۃ الحاسب الآلی (الکمبیوتر)لبنک ربوی، فان قصد بذٰلک الإعانۃ، او کان البرنامج مشتملا علی مالا یصلح الا فی الأعمال الربویۃ،أو الأعمال المحرمۃ الأخری،فان العقد حرام باطل.أما اذا لم یقصد الإعانۃ ،ولیس في البرنامج ما یتمحض للأعمال المحرمۃ ،صح العقد وکرہ تنزیھا.(فقه البيوع:194/1)
محمد فیاض بن عطاءالرحمن
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
۲۸ جمادی الاولی ۱۴۴۶ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد فیاض بن عطاءالرحمن | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


