03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
کام لکھنے کے حوالے سے اسکول کے بعض اصول وضوابط کا حکم
87691جائز و ناجائزامور کا بیانجائز و ناجائز کے متفرق مسائل

سوال

میں اپنی بیٹی کے اسکول کے بعض تعلیمی اصول و ضوابط کے بارے میں شرعی راہنمائی چاہتی ہوں۔

اسکول کا اصول ہے کہ ہر نئے باب (Chapter) کے آغاز کے لیے مکمل صفحہ عنوان (Title) کے لیے چھوڑا جائے، جس پر باب کا نام اور اس سے متعلق تصاویر بنائی جائیں، مثلاً "Living Things" کے باب میں جاندار چیزیں بنانا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بعد اگلا صفحہ ہر باب کے اشاریہ (Index) کے لیے چھوڑا جاتا ہے، لیکن اکثر اوقات اس پر کچھ چسپاں نہیں کیا جاتا اور یوں پورا صفحہ سال بھر خالی رہتا ہے۔

اسی طرح، اسکول میں ہر مضمون (English، Urdu وغیرہ) کے لیے چار لائنز والی کاپی استعمال ہوتی ہے، اس میں بھی لکھتے وقت ہر ایک لائن کے بعد اگلی لائن چھوڑی جاتی ہے تاکہ کام صاف نظر آئے، چاہے بچے کی تحریر صاف ہو یا نہ ہو۔ ایسے ہی جب الفاظ/معانی چند ابتدائی سطروں میں ختم ہو جائیں تو باقی سطریں خالی چھوڑ کر سوال و جواب اگلے صفحے سے شروع کیے جاتے ہیں۔ آگے اگر سوالات نئے صفحے پر چند سطروں میں مکمل ہو جائیں تو MCQs اگلے صفحے سے لکھنے کا کہا جاتا ہے۔ ایسا کرنے سے آدھا یا کبھی پورا صفحہ خالی رہ جاتا ہے۔

مزید یہ کہ اگر کسی صفحے پر صرف ایک یا دو الفاظ لکھنے کے بعد باب ختم ہو جائے، تو اس صفحے پر استاد دستخط اور ریمارکس دے کر اسے بھر دیتے ہیں، جبکہ میں نے اپنی بیٹی کو یہ سکھایا ہے کہ ایسے الفاظ کو پچھلے صفحے کے حاشیے میں لکھ لے تاکہ صفحات بچیں اور سال کے آخر میں نئی کاپی نہ خریدنی پڑے۔

میں نے اپنی تعلیم جامعہ اشرفیہ للبنات سکھر سے حاصل کی ہے، اور وہاں ہمیں یہ سکھایا گیا ہے کہ اس طرح صفحات یا سطریں خالی چھوڑنا اسراف کے زمرے میں آتا ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ:

1. کیا اسکول کے یہ اصول، جن میں ہر نئے مرحلے کے لیے صفحات، سطریں یا کاپی کے حصے چھوڑ کر بار بار نئے صفحے سے آغاز کیا جاتا ہے، شرعاً اسراف میں داخل ہے؟

2. کیا طالبات کو ایسی تربیت دینا کہ وہ صفحات یا سطریں چھوڑ کر کام کریں، جائز ہے؟

3. اگر والدین اس پر تنقید کریں تو کیا یہ غلط ہے یا وہ شریعت کی روشنی میں اپنی اولاد کی تربیت کے لیے درست مؤقف رکھتے ہیں؟

واضح رہے کہ اسکول کی پرنسپل ایک مفتی صاحب کی اہلیہ ہیں، اور یہ تمام اصول اُن ہی کے وضع کردہ ہیں، میں چاہتی  ہوں کہ اگر میں شرعی طور پر غلط ہوں تو اصلاح فرما دی جائے، لیکن اگر میں درست ہوں تو برائے کرم اس بارے میں واضح راہنمائی فرمائیں ،تاکہ میں اپنے مؤقف پر شرعی دلیل کی روشنی میں ثابت قدم رہ سکوں، اگر میں درست ہوں تو میں پرنسپل صاحبہ کو آپ کا جواب دکھاؤں گی ،تاکہ اسکول میں ہونے والے اسراف کو روکا جا سکے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

عام طور پر ابتدائی کلاسوں میں خوشخطی،مرتب انداز میں صاف ستھرا کام کرنے کی تربیت اورپھر اساتذہ کے لئے اسے جانچنے میں سہولت کے لئے بچوں سے سوال میں ذکر کئے گئے طریقے سے کام کروایا جاتا ہے،اس لئے شرعا اسے اسراف کے زمرے میں داخل نہیں کیا جاسکتا،کیونکہ اسراف کا اطلاق ایسے کاموں پر ہوتا ہے جس کا کوئی دنیوی یا دینی فائدہ اور مقصد نہ ہو۔

تاہم اسکول انتظامیہ پر بھی لازم ہے کہ اس حوالے سے ایسی پالیسی بنائے کہ مذکورہ بالاتعلیمی مقاصد کے حصول کے ساتھ ساتھ آلات علم کا غیر ضروری ضیاع نہ ہو،تاکہ والدین بچوں کی تعلیم کے حوالے سےغیر ضروری معاشی بوجھ کا شکار نہ ہوں۔

حوالہ جات

"معجم الفروق اللغوية " (ص: 114):

"الفرق بين التبذير والاسراف: قيل: التبذير: إنفاق المال فيمالا ينبغي. والاسراف: صرفه زيادة على ما ينبغي.

وبعبارة اخرى: الاسراف: تجاوز الحد في صرف المال، والتبذير: اتلافه في غير موضعه، هوأعظم من الاسراف، ولذا قال تعالى: " إن المبذرين كانوا إخوان الشياطين "  .....

أقول: ويستفاد من بعض الاخبار أن الاسراف على ضربين: حرام، ومكروه. فالاول: مثل إتلاف مال ونحوه فيما فوق المتعارف. والثاني: إتلاف شئ ذي نفع بلا غرض".

محمد طارق

دارالافتاءجامعۃالرشید

30/ذی قعدہ1446ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد طارق غرفی

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب