| 86987 | زکوة کابیان | سونا،چاندی اور زیورات میں زکوة کے احکام |
سوال
سوال! میرے پاس 4 تولہ سونا ہے، جو میری والدہ نے میری شادی پر زیورات کی صورت میں مجھے دیا تھا ،میرے پاس ایک موٹر سائیکل ہے اورمیں کمپنی میں کام کرتا ہوں، میری تنخواہ 60 ہزار روپے ہے ۔میں اس وقت 32 ہزار روپے کا قرض دارہوں ۔ میں اپنی اس تنخواہ سے 15 ہزار روپے کی ماہانہ کمیٹی بھی بھرتا ہوں جو 1سال سے جاری ہے اور 30 ماہ پر مشتمل ہے۔ اب مسلئہ یہ پوچھنا ہے کہ مجھ پر زکوۃ واجب ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو مال کی تفصیلات میں نے آپ کو بتا دی ہیں۔ اب مجھےکتنی زکوۃ ادا کرنی ہوگی؟ شکریہ!
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورتِ مسئولہ میں آپ کے مال کی تفصیلات کے مطابق آپ پر زکوٰۃ واجب ہے۔ زکوٰۃ کے وجوب کے لیے قمری سال کا گزرنا ضروری ہے اور زکوٰۃ نکالتے وقت اُس دن کی نقدی اور سونے کی موجودہ قیمت کو جمع کریں، پھر اس میں سے 32,000 روپے قرض کی رقم منہا کر لیں۔ باقی ماندہ مال پر 2.5فیصد کے حساب سے زکوٰۃ ہے۔ موٹر سائیکل چونکہ ذاتی استعمال کی چیز ہے، اس لیے اس پر زکوٰۃ لازم نہیں۔ اسی طرح کمیٹی کی وہ رقم جو آپ نے قسطوں میں دوسروں کو دی ہےاور ابھی آپ کے قبضے میں نہیں آئی، اس پر فی الحال زکوٰۃ لازم نہیں، لیکن جب وہ وصول ہو جائے اور زکاۃ کےنصاب کے برابر ہو تو اس پر اس سال اور پچھلے سالوں کی زکوٰۃ ادا کرنا ضروری ہوگا۔
حوالہ جات
قال العلامة الكاساني رحمه الله تعالى:وأما مقدار الواجب فيه فربع العشر).بدائع الصنائع18/2:)
في الفتاوى الهندية: تجب في كل مائتي درهم خمسة دراهم. (الفتاوى الهندية:178/1)
واجد علی
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
28/شعبان1446ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | واجد علی بن عنایت اللہ | مفتیان | مفتی محمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


