| 89192 | نان نفقہ کے مسائل | بیوی کا نان نفقہ اور سکنہ ) رہائش (کے مسائل |
سوال
میری شادی کو 3 سال ہو گئے ہیں اور میں اب ماں بننے والی ہوں۔ میرا ایک 2 سال کا بیٹا بھی ہے۔ شادی کے دو سال بعد میرے شوہر نے دوسری شادی کر لی، جس میں میں نے ان کے لیے کوئی مشکل پیدا نہیں کی۔ میرے شوہر کے بھائیوں کی وجہ سے گھر کے مالی معاملات پہلے سال سے ہی خراب تھے۔ میرے شوہر نے میری جمع پونجی بھی اپنے بھائیوں کو دے دی۔ ہم سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں ۔ان کے والدین، بہنیں، اور ایک بہنوئی بھی۔ اتنے مشکل حالات میں بھی میرے شوہر نے دوسری شادی کر لی اور دوسری بیوی کو علیحدہ کرائے کا مکان دیا، اور ضروری سامان بھی مہیا کیا۔ اس میں دوسری بیوی نے بھی کچھ پیسے گھر کے ایڈوانس اور چیزوں میں دیے۔ میرے سسرال والے مجھ پر سختی نہیں کرتے لیکن طعنے اور ذہنی دباؤ بہت زیادہ ہے۔ میری نندوں سے دو بار پہلے بھی لڑائی ہو چکی ہے اور اب تیسری بار بھی بات بہت بگڑ گئی ہے۔ اب میرے لیے الگ گھر لینا بھی ممکن نہیں کیونکہ شوہر کے مالی حالات بہت خراب ہیں۔ وہاں گزارا بہت مشکل ہو گیا ہے، اور میرے گھر والے (سسرال) میری باتیں دوسری بیوی سے بھی کرتے ہیں۔ مجھے بہت ڈپریشن رہتا ہے۔ میں نے بہت کوشش کی لیکن اب نبھانہیں پا رہی۔ میں حاملہ بھی ہوں اور میرا بچہ بھی چھوٹا ہے، کوئی سپورٹ نہیں ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ایسی صورتِ حال میں اللہ تعالیٰ سے کثرت سے دعا کریں کہ وہ آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرے، آپ صبر کریں اور اللہ پر بھروسہ رکھیں کیونکہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے مشکل حالات میں صبر کرنے والوں کو اجر عظیم کی بشارت دی ہے ۔ شوہر کو نرمی سے اس کی شرعی ذمہ داریوں کی یاددہانی کروائیں کہ وہ آپ اور بچوں کے لیے محفوظ رہائش،مناسب خرچ فراہم کرے اور بیویوں کے درمیان انصاف کا معاملہ کریں اور آپ کی جمع پونجی کا حساب بھی واضح کرے۔ اگر پھر بھی مسائل حل نہیں ہو پا رہے تو خاندان کے کسی معتبر فرد کو ثالث بنائیں تاکہ وہ آپ کے مسائل کو باہمی رضامندی سے حل کریں ،لیکن یہ بات ذہن میں رہے کہ ان حالات میں علیحدگی کا سوچنا اچھا نہیں ہے، اس سے مسائل اور بگڑ جائیں گے۔
حوالہ جات
(سورة البقرة155):
ولنبلونكم بشيء من الخوف والجوع ونقص من الأموال والأنفس والثمرات وبشر الصابرين .
(سورة النساء35):
وإن خفتم شقاق بينهما فابعثوا حكما من أهله وحكما من أهلها إن يريدا إصلاحا يوفق الله بينهما إن الله كان عليما خبيرا.
(سورة النساء3):
فإن خفتم ألا تعدلوا فواحدة أو ما ملكت أيمانكم ذلك أدنى ألا تعولوا.
محمدطلحہ فلک شیر
دارالافتاء جامعۃ الرشید ،کراچی
11 /جمادی الثانی/1447ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد طلحہ ولد فلک شیر | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |


