| 92680 | جائز و ناجائزامور کا بیان | کھیل،گانے اور تصویر کےاحکام |
سوال
ہمارا کپڑوں کا برانڈ ہے۔ برانڈ کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے لیے ہمیں فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی کی ضرورت پیش آتی ہے، اس سلسلے میں آپ سے شرعی رہنمائی درکار ہے:
1: ہمارا جینٹس کا لباس بھی ہے۔ کیا مرد ماڈلز کی تصاویر ہم سافٹ کاپی میں (ویب سائٹ، سوشل میڈیا پر) دکھا سکتے ہیں؟ہارڈ کاپی میں (دکانوں پر پوسٹرز کی صورت میں چہرے کے ساتھ) لگا سکتے ہیں؟ اس کا شرعی حکم کیا ہے؟
2: ہمارے پاس خواتین کے ملبوسات بھی ہیں۔ اس میں سافٹ کاپی (سوشل میڈیا/ویب سائٹ) میں خواتین کی تصاویر، چہرہ، بال وغیرہ کس حد تک دکھانے کی اجازت ہے؟ہارڈ کاپی میں (دکانوں پر پوسٹر لگانے) کا کیا حکم ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
واضح رہے کہ کسی بھی جاندار کی پرنٹڈ یا چھپی ہوئی تصویر با لاتفاق حرام ہے ۔احادیث مبارکہ میں تصویر کی حرمت پر شدید وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔
البتہ ڈیجیٹل تصویر کے بارے میں علماء کرام کی تین قسم کی آراء ہیں:
پہلی رائےیہ ہےکہ ڈیجیٹل تصویر تصویر کےحکم میں داخل نہیں،بلکہ پانی یا آئینہ میں دکھائی دینے والے عکس کی مانند ہے، لہٰذا جس چیز کا عکس دیکھنا جائز ہے اس کی ویڈیو یا تصویر بنانا اور دیکھنا بھی جائز ہے،اور جس چیز کا عکس دیکھنا جائز نہیں اس کی ویڈیو یا تصویر بنانا اور دیکھنا بھی جائز نہیں۔
دوسری رائے یہ ہے ڈیجیٹل تصویر بھی عام پرنٹ شدہ تصویر کی طرح تصویر ہی ہے ۔لہذا، صرف شرعی ضرورت کے وقت ہی اسکی گنجائش ہے۔
تیسری رائے یہ ہےکہ ڈیجیٹل تصویر بھی اگرچہ اپنی حقیقت کے لحاظ سے تصویر تو ہے،البتہ اس کے تصویر ہونے یا نہ ہونے میں چونکہ ایک سے زیادہ فقہی آراء موجود ہیں،اس لیےنہ صرف شرعی ضرورت جیساکہ دین اسلام کے خلاف پروپیگنڈوں سے دفاع اورصحیح دینی معلومات کی فراہمی کی خاطر اسکی گنجائش ہے ، بلکہ اس کے علاوہ کسی واقعی اورمعتبردینی یادنیوی مصلحت کی خاطر بھی ایسی تصویر اور ویڈیو بنانے کی گنجائش ہے، بشرطیکہ یہ ایسی چیزوں اورمناظرپر مشتمل ہو جن میں تصویر ہونے کے علاوہ عریانیت، موسیقی یا غیر محرم کی تصاویر جیساکوئی اور حرام پہلو نہ ہو ۔اس حوالے سے ہمارے دارالافتاء جامعۃ الرشید کا موقف اسی آخری رائے کے مطابق ہے۔(از تبویب: 89546،85091)
اس ساری تفصیل کے بعد جواب مندرجہ ذیل ہے :
1: کپڑوں کے برانڈ کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے لیے مرد ماڈلز کی تصاویر سافٹ کاپی، یعنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر دکھانے کی گنجائش ہے، بشرطیکہ تصاویر میں سترچھپا ہوا ہو ۔
جبکہ مرد ماڈلز کی تصاویر چہرے کے ساتھ ہارڈ کاپی، یعنی دکانوں پر پوسٹرز کی صورت میں لگانا جائز نہیں،البتہ اگر پرنٹڈ تصویر میں سر کٹا ہوا ہو ،تو پھر ایسا پوسٹر لگانا جائز ہے ۔
2: خواتین کے ملبوسات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے لیے خواتین کی تصاویرسافٹ کاپی (ویب سائٹ اور سوشل میڈیا) یا ہارڈ کاپی (دکانوں کے پوسٹرز) دونوں صورتوں میں نا جائز ہے ۔
البتہ جائز متبادل یہ ہے کہ مصنوعات کی تشہیر کے لیے خواتین اور مردوں کے ملبوسات کو ہینگرز پر لٹکا کر دکھایا جائے، یا ایسی ڈمیوں (مصنوعی انسانی ساخت) کے ذریعے لباس کی نمائش کی جائے جن میں کوئی بے حیائی بھی نہ ہو اور انسانی چہرے اور خدوخال بھی نمایاں نہ ہوں۔ ان شرعی حدود کی رعایت کرتے ہوئے مصنوعات کی تشہیر کی جا سکتی ہے۔
حوالہ جات
مسند أحمد (5/ 23 ط الرسالة):
كل مصور في النار، يجعل له بكل صورة صورها نفس تعذبه في جهنم " فإن كنت لا بد فاعلا، فاجعل الشجر وما لا نفس له.
مسند الحميدي (1/ 284):
إن أشد الناس عذابا عند الله يوم القيامة الذين يضاهون بخلق الله عز وجل قالت: فقطعنا منه وسادة أو وسادتين.
تكملةفتح الملهم (164/4):
أما اتخاذ الصورة الشمسية للضرورة أو الحاجة كحاجتها في جواز السفر، وفى التاشيرة، وفى البطاقات الشخصيّة أو في مواضع يحتاج فيها إلى معرفة هويّة المرء، فينبغي أن يكون مرخصا فيه. فإن الفقهاء رحمهم الله تعالى استثنوا مواضع الضرورة من الحرمة قال الإمام محمد في السير الكبير: وإن تحققت الحاجة له إلى استعمال السلاح الذي فيه تمثال فلا بأس باستعماله وأعقبه السرخسي في شرحه : بقوله: لأن مواضع الضرورة مستثناة من الحرمة كما في تناول الميتة. وذكر السرخسي أيضا: إن المسلمين يتبايعون بدراهم الأعاجم فيها التماثيل بالتيجان، ولا يمنع أحد عن المعاملة بذلك.وقال في موضع آخر من شرحه.لابأس بأن يحمل الرجل في حال الصلاة دراهم العجم، وإن كان فيها تمثال الملك على سريره وعليه تاجه . وقد ثبت بالأحاديث الصحيحة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم أجاز لعائشة رضى الله عنها اللعب بالبنات ،وإن الفقهاء أباحوا للمرأة أن تكشف عن وجهها عند الشهادة.
(حاشیۃ ابن عابدین:1/ 649)
(قوله أو مقطوعة الرأس) أي سواء كان من الأصل أو كان لها رأس ومحي، وسواء كان القطع بخيط خيط على جميع الرأس حتى لم يبق له أثر، أو بطليه بمغرة أو بنحته، أو بغسله لأنها لا تعبد بدون الرأس عادة .وأما قطع الرأس عن الجسد بخيط مع بقاء الرأس على حاله فلا ينفي الكراهة لأن من الطيور ما هو مطوق فلا يتحقق القطع بذلك، وقيد بالرأس لأنه لا اعتبار بإزالة الحاجبين أو العينين لأنها تعبد بدونها وكذا لا اعتبار بقطع اليدين ۔
محمد ابراہیم قریشی بن عبدالرزاق
دارالافتاء جامعۃ الرشید کراچی
11/جمادی الاولی /1448ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد ابرہیم قریشی بن عبد الرزاق | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |


