03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
گناہ کو حلال سمجھنے کی شرعی حقیقت
91260ایمان وعقائدایمان و عقائد کے متفرق مسائل

سوال

 گناہ کو حلال سمجھنے سے مراد کیا ہے؟ کیا اس کے لیے کسی چیز کے حلال ہونے کا پختہ عقیدہ رکھنا ضروری ہے، یا صرف ایک لمحے کے لیے ایسا خیال یا سمجھ لینا بھی کفر ہے؟ مثال کے طور پر میں نے بدنگاہی کی، لیکن دل میں مجھے معلوم تھا کہ یہ حرام ہے۔ البتہ دورانِ عمل وسوسہ آیا کہ "تم اسے حلال سمجھ رہے ہو"، یا وقتی طور پر ایسا خیال آیا، پھر فوراً احساس ہونے پر میں نے رجوع کر لیا۔ کیا ایسی صورت میں فوراً کفر کا حکم لگ جائے گا، یا رجوع اور توبہ کا اعتبار ہوگا؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

واضح رہے کہ  کسی گناہ کو حلال سمجھنے سے مراد محض ایک وقتی خیال یا وسوسہ نہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان کسی ایسے فعل کو شرعاً جائز قرار دے  یااس کے حلال ہونے کا پختہ عقیدہ  رکھتا ہو یا وسوسے کے بعد اس کو زبان سے کہے،جس کی حرمت قرآن و سنت کی قطعی دلیل سے ثابت ہو، تو کفر لازم  آتا ہے۔

اگر دورانِ گناہ یا کسی اور وقت دل میں یہ وسوسہ آئے کہ "شاید میں اسے حلال سمجھ رہا ہوں" یا اس قسم کا کوئی غیر اختیاری خیال آئے، تو یہ گناہ کو حلال سمجھنا نہیں ہے۔ محض غیر اختیاری خیال یا وسوسے کی وجہ سے کفر لازم نہیں آتا۔

اگر کسی کے دل میں ایسے وسوسے آئیں اور وہ انہیں قبول نہ کرے اوران کو زبان پر نہ لائے، بلکہ ان سے نفرت کرے یا ان سے بچنے کی کوشش کرے، تو یہ کفر کی دلیل نہیں ہے۔

ایسے وسوسوں کی صورت میں اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگنی چاہیے، ان پر توجہ نہیں دینی چاہیے اور اپنے ایمان کے بارے میں بلا وجہ شکوں و شبہات میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

حوالہ جات

( مشكاة المصابيح:1/ 26)

"عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إن الله تعالى تجاوز عن أمتي ما وسوست به صدورها ما لم تعمل به أو تتكلم."

(البحرالرائق:5/132)

ولا بقوله لحرام هذا حلال من غير أن يعتقده فلا يكفر السوقي بقوله :هذا حلال للحرام ترويجا لشرائه ،والأصل أن من اعتقد الحرام حلالا فإن كان حراما لغيره كمال الغير لا يكفر.وإن كان لعينه فإن كان دليله قطعيا كفر وإلا فلا.

(حاشية الطحطاوي، ص 740)

"والصحيح أنه إن استحل ذلك عند فعل المعصية كفر، وإلا لا، وتلزمه التوبة إلا إذا كان على وجه الاستخفاف فيكفر أيضا... واعلم أن المستحل لا يكفر إلا إذا كان المحرم حراما لعينه وثبتت حرمته بدليل قطعي، وإلا فلا."

فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

04/صفر المظفر/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب