03182754103,03182754104
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
وصیت کی شرعی حقیقت
91477وصیت کا بیانمتفرّق مسائل

سوال

وصیت کسے کہتے ہیں؟ وصیت کی کیا شرائط ہیں ؟کیا وصیت کرنا ضروری ہے ؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

وصیت اس اعلان کو کہتے ہیں کہ کوئی شخص اپنی زندگی میں یہ ہدایت کرے کہ اس کی وفات کے بعد اس کے ترکے میں سے کوئی مخصوص کام کیا جائے یا کسی ایسے شخص کے لیے مال مقرر کیا جائے جو شرعاً وارث نہ ہو۔ یہ حکم موصی (وصیت کرنے والے) کی وفات کے بعد نافذ ہوتا ہے۔مثلاً کوئی شخص یہ کہے کہ میرے مرنے کے بعد میری جائیداد میں سے اتنا مال یا اتنی زمین فلاں شخص، فلاں دینی ادارہ، مسجد، مدرسہ، مسافر خانہ یا یتیم خانہ کو دے دی جائے، تو اسے وصیت کہتے ہیں۔

 اسی طرح اگر کسی شخص کے ذمہ قرض، امانت یا دیگر واجب حقوق ہوں تو ان کی ادائیگی کے متعلق مرنے سے پہلے ہدایت دینا بھی وصیت میں شامل ہے۔ شریعت میں وصیت کا مقصد یہ ہے کہ انسان کے انتقال کے بعد اس کے ذمہ واجب حقوق ادا ہوجائیں، مستحق غیر وارث رشتہ داروں کی مدد ہوسکے اور کسی حق دار کا حق ضائع نہ ہو۔ اسی لیے بہتر یہ ہے کہ وصیت دو عادل گواہوں کی موجودگی میں تحریر کی جائے تاکہ بعد میں کسی قسم کا اختلاف پیدا نہ ہو۔

وصیت کی درج ذیل   تین شرائط ہیں :

شریعت نے وصیت کو مطلق نہیں چھوڑا، بلکہ اس کے لیے چند اہم شرائط مقرر فرمائی ہیں، تاکہ نہ کسی وارث کا حق ضائع ہو اور نہ ہی کسی پر ظلم ہو۔

 پہلی شرط یہ ہے کہ وصیت وارث کے حق میں نہیں کی جاسکتی، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہر وارث کا حصہ خود مقرر فرما دیا ہے۔ البتہ اگر تمام ورثاء موصی (وصیت کرنے والے) کے انتقال کے بعد اپنی خوشی سے اجازت دے دیں تو ایسی وصیت نافذ ہوجاتی ہے۔

دوسری شرط یہ ہے کہ وصیت صرف ترکہ کے ایک تہائی(1/3) مال تک نافذ ہوتی ہے۔ اگر کوئی شخص ایک تہائی سے زیادہ مال کی وصیت کرےگا، تو وہ ورثاء کی اجازت کے بغیر نافذ نہیں ہوگی۔

تیسری شرط یہ ہے کہ میت کے ترکہ میں سے سب سے  پہلے قرض اور دیگر واجب الاداء حقوق ادا کیے جائیں، اس کے بعد وصیت نافذ کی جائے، پھر باقی مال ورثاء میں تقسیم کیا جائے۔

مزید یہ کہ شریعت نے وصیت کو دو عادل گواہوں کی موجودگی میں تحریر کرنے کی ترغیب دی ہے، تاکہ بعد میں کسی قسم کا اختلاف یا نزاع پیدا نہ ہو۔

وصیت کا حکم:

وصیت کاحکم ہر شخص کے لیے ایک جیسا نہیں، بلکہ حالات کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے۔ شریعت نے بعض صورتوں میں وصیت کو واجب قرار دیا ہے، بعض میں مستحب، بعض میں مکروہ اور بعض صورتوں میں ناجائز قرار دیا ہے۔

ابتدائے اسلام میں جب تک وراثت کے احکام نازل نہیں ہوئے تھے، ہر صاحبِ مال پر لازم تھا کہ وہ اپنے والدین اور قریبی رشتہ داروں کے لیے وصیت کرے۔

بعد میں جب اللہ تعالیٰ نے سورۂ نساء میں وراثت کے حصے خود مقرر فرما دیے، تو وارثوں کے حق میں وصیت کی فرضیت منسوخ ہوگئی۔ اسی لیے رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا:ترجمہ:"بے شک اللہ تعالیٰ نے ہر حق دار کو اس کا مقررہ حق دے دیا ہے، لہٰذا اب کسی وارث کے لیے وصیت جائز نہیں۔"

ا سی بناءپر عام حالات میں وصیت فرض نہیں، بلکہ مستحب ہے۔ البتہ اگر کسی شخص کے ذمہ کسی بندے کا قرض، امانت،یا اللہ تعالی کا حق جیسے، زکوٰۃ، حج یا کوئی اور واجب حق باقی ہو اور اسے اندیشہ ہو کہ اس کے مرنے کے بعد یہ حقوق ادا نہیں ہوں گے، تو ان کے متعلق وصیت کرنا واجب ہے، تاکہ کسی کا حق ضائع نہ ہو۔

اسی طرح اگر کوئی شخص اپنے مال کے ایک تہائی تک کسی غریب، یتیم، مسکین، غیر وارث رشتہ دار، مسجد، مدرسہ، یتیم خانہ یا کسی دوسرے دینی و رفاہی کام کے لیے وصیت کرتا ہے تو یہ مستحب ہے اور اس کے لیے صدقۂ جاریہ کا باعث بنتا ہے۔

البتہ اگر وارث خود ضرورت مند ہوں اور انسان انہیں محروم کرکے دوسروں کے لیے وصیت کرے تو ایسی وصیت مکروہ ہے۔

اسی طرح وارث کے لیے وصیت کرنا یا ایک تہائی سے زیادہ مال کی وصیت کرنا ورثاء کی  اجازت کے بغیر جائز نہیں ہے۔ نیز کسی وارث کو میراث سے محروم کرنے یا اس کو نقصان پہنچانے کی نیت سے وصیت کرنا بھی سخت گناہ ہے۔

حوالہ جات

(سورۃ البقرۃ: 180)

﴿كُتِبَ عَلَيْكُمْ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ إِن تَرَكَ خَيْرًا الْوَصِيَّةُ لِلْوَالِدَيْنِ وَالْأَقْرَبِينَ بِالْمَعْرُوفِ حَقًّا عَلَى الْمُتَّقِينَ﴾

(سورۃ المائدۃ: 106)

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا شَهَادَةُ بَيْنِكُمْ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ حِينَ الْوَصِيَّةِ اثْنَانِ ذَوَا عَدْلٍ مِّنكُمْ أَوْ آخَرَانِ مِنْ غَيْرِكُمْ إِنْ أَنتُمْ ضَرَبْتُمْ فِي الْأَرْضِ فَأَصَابَتْكُم مُّصِيبَةُ الْمَوْتِ ۚ تَحْبِسُونَهُمَا مِن بَعْدِ الصَّلَاةِ فَيُقْسِمَانِ بِاللَّهِ إِنِ ارْتَبْتُمْ لَا نَشْتَرِي بِهِ ثَمَنًا وَلَوْ كَانَ ذَا قُرْبَىٰ وَلَا نَكْتُمُ شَهَادَةَ اللَّهِ إِنَّا إِذًا لَّمِنَ الْآثِمِينَ﴾

( الصحیح لمسلم : 2 / 407)

قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم: ’’ يقول ابن آدم مالي مالي قال وهل لك يا ابن آدم من مالك إلا ما أكلت فأفنيت أو لبست فأبليت أو تصدقت فأمضيت. ‘‘

( صحیح البخاری ، کتاب الوصایا : 2 /382)

’’ أن رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم قال ما حق امرئ مسلم له شيء يوصي فيه يبيت ليلتين إلا ووصيته مكتوبة عنده ."

( سنن ابن ماجہ ، کتاب الوصایا : 194 ، مطبوعہ  کراچی)

قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم : ’’ من مات على وصية مات على سبيل وسنة ومات على تقى وشهادة ومات مغفورا له .‘‘

( سنن الترمذی :1/ 316 )

عن سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ قال :’’ عادني رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم وأنا مريض فقال أوصيت قلت نعم قال بكم قلت بمالي كله في سبيل اللہ قال فما تركت لولدك قلت هم أغنياء بخير قال أوص بالعشر فما زلت أناقصه حتى قال أوص بالثلث والثلث كثير. ‘‘

(   الجوہرۃ النیرۃ:2/366-67)

’’الوصية مشروعة بالكتاب والسنة ۔۔ الوصية غير واجبة وهي مستحبة أي للأجنبي دون الوارث ولا تجوز الوصية للوارث إلا أن يجيزها الورثة يعني بعد موته وهم أصحاء بالغون لأن الامتناع لحقهم فيجوز بإجازتهم ولا تجوز بما زاد على الثلث إلا أن يجيزه الورثة يعني بعد موته وهم أصحاء بالغون ملخصاً. ‘‘

)رد المحتار: 6/ 651)

(ولا لوارثه وقاتله الخ إلا بإجازة ورثته) لقوله عليه الصلاة والسلام :لا وصية لوارث إلا أن يجيزها الورثة... الخ.

(سنن الترمذی : 39/2)

عن سعد بن أبی وقاصؓ قال: مرضت عام الفتح مرضا أشفیت منہ علی الموت فأتانی رسول اللہ ﷺ یعودنی، فقلت: یا رسول اللہ! إن لی مالا کثیرا،ولیس یرثنی إلا ابنتی فأوصي بمالی کلہ؟ قال: لا، قلت: فثلثی مالی، قال: لا، قلت: فالشطر؟ قال: لا، قلت: فالثلث؟ قال: الثلث والثلث کثیر، إنک إن تذر ورثتک أغنیاء خیر من أن تذرہم عالۃ یتکففون الناس.

(حاشیۃ ابن عابدین :10/336)

الوصیۃ بما علیہ من الفرائض والواجبات کالحج والزکاۃ والکفارات واجبۃ وفی المواہب تجب علی مدیون بما علیہ للہ تعالیٰ أو للعباد .

 فداءا لرحمن بن ضیاءا لرحمن

دارالافتاء  جامعہ الرشید کراچی

50/صفر المظفر/8144ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

فداءالرحمن بن ضیاء الرحمن

مفتیان

محمد حسین خلیل خیل صاحب / سعید احمد حسن صاحب